امثال 27
27
1آنے والے کل پر گھمنڈ نہ کرو،
کیونکہ تُم نہیں جانتے کہ اُس دِن کیا ہوگا۔
2بہتر یہ ہے کہ غَیر تمہاری تعریف کریں، نہ کہ تمہارا اَپنا مُنہ؛
کویٔی بیگانہ کرے، نہ کہ تمہارے اَپنے ہونٹ۔
3پتّھر بھاری ہوتاہے، اَور ریت وزنی،
لیکن احمق کا غُصّہ اُن دونوں سے بھاری ہے۔
4غُصّہ سخت بے رحمی اَور غضب، سیلاب ہے،
لیکن حَسد کے سامنے کون ٹِک سَکتا ہے؟
5چھپی مَحَبّت سے
کھُلی ملامت بہتر ہے۔
6جو زخم عزیز دوست کے ہاتھ سے لگیں، اُن پر بھروسا کیا جا سَکتا ہے،
لیکن دُشمن کے بوسے شُمار میں زِیادہ ہوتے ہیں۔
7جو آدمی سیر ہو چُکاہے، اُسے شہد بھی اَچھّا نہیں لگتا،
لیکن بھُوکے اِنسان کے لیٔے کڑوی شَے بھی میٹھی ہوتی ہے۔
8جو آدمی اَپنا گھر چھوڑ دیتاہے
وہ اُس پرندے کی مانند ہے جو اَپنے گھونسلے سے بھٹک گیا ہو۔
9عطر اَور لوبان دِل کو فرحت بخشتے ہیں،
اِسی طرح دوست کی سچّی مشورت سے جان راحت پاتی ہے۔
10اَپنے دوست اَور اَپنے باپ کے دوست کو ترک نہ کرو،
اَور جَب تُم پر مُصیبت آ پڑے تو اَپنے بھایٔی کے گھر نہ جاؤ۔
قریب رہنے والا ہمسایہ دُور رہنے والے بھایٔی سے بہتر ہے۔
11اَے میرے بیٹے! دانشمند بنو اَور میرے دِل کو شاد کرو؛
تاکہ میں اَپنے ملامت کرنے والے کو جَواب دے سکوں۔
12ہوشیار آدمی خطرہ دیکھ کر پناہ ڈھونڈ لیتا ہے،
لیکن نادان آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اَور نُقصان اُٹھاتے ہیں۔
13جو کسی بیگانہ کا ضامن ہو، اُس کا کپڑا چھین کر رکھ لو؛
اَور اگر اُس نے کسی اجنبی عورت کی ضمانت دی ہو تو اُس کے کپڑے کو گروی رکھ لو۔
14اگر کویٔی آدمی صُبح سویرے اُٹھ کر اَپنے ہمسایہ کے لیٔے بُلند آواز سے دُعائے خیر کرتا ہے،#27:14 دُعائے خیر کرتا ہے، برکت
تو اُسے لعنت گِنا جائے گا۔
15جھگڑالو عورت اَور
جھڑی کے دِن کا مُتواتر ٹپکا یکساں ہوتے ہیں؛
16اُسے روکنا، ہَوا کو روکنے کی طرح ہے
یا تیل کو ہاتھ سے پکڑنے کی کوشش کرنا۔
17جِس طرح لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے،
وَیسے ہی ایک آدمی دُوسرے آدمی کی ذہانت کو تیز کرنے کا باعث بنتا ہے۔
18جو اَنجیر کے درخت کی حِفاظت کرتا ہے، وہ اُس کا پھل کھائے گا،
اَورجو اَپنے آقا کا خیال رکھتا ہے، عزّت پایٔےگا۔
19جِس طرح پانی میں آدمی کا اَور اُس کے چہرہ کا عکس ایک سا دِکھائی دیتاہے،
اُسی طرح آدمی کا عکس آدمی کے دِل سے ظاہر ہوتاہے۔
20جِس طرح موت اَور ہلاکت کا بھر جانا ممکن نہیں،
اُسی طرح اِنسان کی آنکھیں سیر نہیں ہوتیں۔
21چاندی کے لیٔے کُٹھالی اَور سونے کے لیٔے بھٹّی ہوتی ہے،
وَیسے ہی اِنسان اَپنی تعریف سے آزمایا جاتا ہے۔
22چاہے تُم احمق کو اوکھلی میں ڈال کر کُوٹو،
جَیسے اناج کو موسل سے کُوٹتے ہیں،
تو بھی اُس کی حماقت اُس سے دُور نہ ہوگی۔
23اَپنے مویشیوں کی حالت اَچھّی دیکھ کر مطمئن ہو،
اَور اَپنے گلّوں کا اَچھّی طرح سے خیال رکھو؛
24کیونکہ دولت سدا نہیں رہتی،
اَور نہ تاج#27:24 تاج قومیں پُشت در پُشت محفوظ رہتاہے۔
25جَب سُوکھی گھاس جمع کرلی جاتی ہے، تو نئی پیدا ہو جاتی ہے
اَور پہاڑیوں پر سے چارہ کاٹ کر جمع کر لیا جاتا ہے،
26برّے تُمہیں لباس مُہیّا کریں گے،
اَور بکریاں کھیتوں کی قیمت اَدا کریں گی۔
27تمہارے پاس بکریوں کا دُودھ کثرت سے ہوگا جو تمہارے اَور تمہارے خاندان کے پینے کے لیٔے
اَور تمہاری خادِماؤں کے گذارے کے لیٔے کافی ہوگا۔
موجودہ انتخاب:
امثال 27: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.