YouVersion Logo
تلاش

امثال 28

28
1بدکار بھاگتا چلا جاتا ہے، خواہ اُس کے تعاقب میں کویٔی بھی نہ ہو،
لیکن صادق، شیرببر کی مانند دِلیر ہوتے ہیں۔
2مُلک میں بغاوت کے باعث حاکموں کی تعداد بڑھ جاتی ہے،
لیکن صاحبِ علم اِنسان ہی اَمن برقرار رکھتا ہے۔
3مُحتاجوں پر ظُلم ڈھانے والا حاکم
اُس موسلادھار مینہ کی مانند ہے جو فصل کو باقی نہیں چھوڑتا۔
4ہدایات کو ترک کر دینے والے بدکاروں کی تعریف کرتے ہیں،
لیکن شَریعت پر عَمل کرنے والے، اُن کی مزاحمت کرتے ہیں۔
5بدکردار اِنصاف کو نہیں سمجھتے،
لیکن جو یَاہوِہ کے طالب ہوتے ہیں، وہ اُسے بخُوبی سمجھتے ہیں۔
6کجرو دولتمند سے
راست رَو مُفلس بہتر ہے۔
7ہدایات پر عَمل کرنے والا بیٹا صاحبِ فہم کہلاتا ہے،
لیکن کھاؤ لوگوں کا ساتھی اَپنے باپ کو رُسوا کرتا ہے۔
8جو ناجائز سُود وصول کرکے اَپنی دولت بڑھاتاہے
وہ اُس کے لیٔے جمع کرتا ہے جو مُحتاجوں پر رحم کرےگا۔
9جو کویٔی ہدایات پر کان نہیں لگاتا،
اُس کی دعائیں بھی مکرُوہ ہوتی ہیں۔
10جو کسی راستباز کو بُری راہ پر لگاتاہے
وہ آپ ہی اَپنے پھندے میں پھنس جائے گا۔
لیکن کامل لوگ نِعمتوں کے وارِث ہوں گے۔
11دولتمند اَپنی نگاہ میں دانِشور ہے،
لیکن صاحبِ فہم مسکین، اُسے مَعلُوم کر لیتا ہے۔
12جَب صادق اِنسان فتحیاب ہوتے ہیں، تو بڑی خُوشی منائی جاتی ہے؛
لیکن جَب بدکار برسرِاقتدار آتے ہیں تو خِلقت روپوش ہو جاتی ہے۔
13جو اَپنے گُناہ چھُپاتا ہے، کامیاب نہیں ہوتا،
لیکن جو اقرار کرکے اُن کو ترک کرتا ہے، اُس پر رحم کیا جائے گا۔
14مُبارک ہے وہ آدمی جو سدا خُدا کا خوف رکھتا ہے،
لیکن جو اَپنا دِل سخت کر لیتا ہے، مُصیبت میں پڑ جاتا ہے۔
15بے یارومددگار لوگوں پر حُکومت کرنے والا اگر ظالِم ہو
تو وہ گرجنے والے شیرببر اَور حملہ کرنے والے ریچھ کی مانند ہے۔
16اگر حاکم فہم نہ رکھتا ہو تو وہ بڑا ظُلم کرتا ہے،
لیکن جسے ناجائز منافع سے نفرت ہوتی ہے، اُس کی عمر دراز ہوتی ہے۔
17قتل کے گُناہ کا مُرتکب آدمی
اَپنی موت تک بھاگتا پھرے گا
اُسے کوئی نہ روکے۔
18بے عیب رِہائی پایٔےگا،
لیکن کجرو ناگہاں گِر پڑےگا۔
19جو اَپنی زمین میں کاشتکاری کرتا ہے، کثرت سے خُوراک پایٔےگا،
لیکن جو خیالی پُلاؤ پکاتا رہتاہے، مفلسی سے دوچار ہوگا۔
20قابلِ اِعتبار آدمی، بے شُمار برکتیں پایٔےگا،
لیکن جو دولتمند ہونے کے لیٔے جلدبازی کرتا ہے، ضروُر بے سزا نہ چُھوٹے گا۔
21طرفداری کرنا اَچھّا نہیں۔
پھر بھی اِنسان روٹی کے ٹکڑے کی خاطِر یہ ظُلم کرتا ہے۔
22کنجوس آدمی دولتمند بننے کا مُشتاق ہوتاہے
لیکن یہ نہیں جانتا کہ مفلسی اُس کی منتظر ہے۔
23جو کسی آدمی کو تنبیہ کرتا ہے، آخِرکار وہ،
زبانی خُوشامد کرنے والے آدمی سے زِیادہ مقبُول ہو جاتا ہے۔
24جو اَپنے باپ یا اَپنی ماں کو لُوٹتا ہے
اَور کہتاہے، ”اِس میں کچھ گُناہ نہیں ہے،“
وہ غارت گِر کا ساتھی ہے۔
25لالچی اِنسان جھگڑا پیدا کرتا ہے،
لیکن جو یَاہوِہ پر توکّل رکھتا ہے وہ خُوشحال ہوگا۔
26جو اَپنے آپ پر بھروسا رکھتا ہے، وہ احمق ہے،
لیکن جو عقلمندی سے چلتا ہے، محفوظ رہے گا۔
27جو مُحتاجوں کی مدد کرتا ہے، اُسے کچھ کمی نہ ہوگی،
لیکن جو اُن کی طرف سے اَپنی آنکھیں بند کر لیتا ہے، بڑا ملعُون ہوتاہے۔
28جَب بدکار برسرِاقتدار آتے ہیں، تو لوگ روپوش ہونے لگتے ہیں؛
لیکن جَب بدکار فنا ہو جاتے ہیں، تو صادق ترقّی کرتے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

امثال 28: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in