YouVersion Logo
تلاش

امثال 25

25
شُلومونؔ کی مزید امثال
1یہ شُلومونؔ کی مزید امثال ہیں جنہیں یہُودیؔہ کے بادشاہ حِزقیاہؔ کے لوگوں نے نقل کیا:
2خُدا کا جلال رازداری میں ہے؛
اَور بادشاہوں کا جلال مُعاملات کی تفتیش کرنے میں ہے۔
3جِس طرح آسمان کی اُونچائی اَور زمین کی گہرائی تک پہُنچنا مُشکل ہے،
اُسی قدر بادشاہوں کے دِلوں کا حال جاننا مُشکل ہے۔
4چاندی سے اُس کا مَیل دُور کر دیا جائے،
تو وہ سُنار کے لیٔے برتن بنانے#25‏:4 برتن بنانے خُوبصورت چیزیں کے کام آتی ہے؛
5اگر بدکار بادشاہ کی حُضُوری سے نکال دئیے جایٔیں،
تو اُس کا تخت راستی کی بُنیاد پر قائِم رہے گا۔
6بادشاہ کے سامنے اَپنی بڑائی نہ کرنا،
اَور نہ مُعزّز لوگوں کے درمیان نشست طلب کرنا؛
7بہتر یہ ہوگا، ”وہ تُم سے کہے، اِدھر اُوپر آ جاؤ،“
بہ نِسبت اُس کہ سَب کی نظروں کے سامنے۔
تُمہیں نیچی جگہ پر جانے کے لیٔے کہا جائے۔
8اُسے عدالت میں بَیان کرنے میں جلدبازی سے کام مت لینا،
آخِرکار، اگر تمہارا ہمسایہ تُمہیں جھُوٹا ثابت کر دے،
تَب تُم کیا کروگے؟
9اگر تُم اَپنے ہمسایہ کے ساتھ اَپنے دعویٰ کے سلسلہ میں جھگڑا کرتے ہو،
تو کسی اَور کا راز فاش نہ کرنا،
10کہیں اَیسا نہ ہو کہ جو اُسے سُنے، تُمہیں بدنام کر دے
اَور تمہاری رُسوائی کبھی دُور نہ ہو۔
11جو بات مُناسب وقت پر کہی جائے
وہ چاندی کی رکابی میں سونے کے سیب کی مانند ہوتی ہے۔
12سُننے والے کان کے لیٔے دانشمند کی ملامت
سُنہری بالی یا خالص سونے کے گہنے کے مانند ہے۔
13قابلِ اِعتماد قاصِد، اَپنے بھیجنے والوں کے لیٔے
گرم موسم کی برف کی ٹھنڈک کی مانند ہوتاہے؛
وہ اَپنے مالکوں کی جان کو تازہ دَم کر دیتاہے۔
14جو عطیے کسی کو بھی نہ دئیے جایٔیں، اُن کی خوبیاں بَیان کرنے والا آدمی
بے بارش بادلوں اَور خشک ہَوا کی مانند ہوتاہے۔
15صبر و تحمُّل سے حاکم کو راضی کیا جا سَکتا ہے،
اَور نرم زبان ہڈّی کو بھی توڑ سکتی ہے۔
16اگر تُم نے شہد پایا، تو اُسے حَد سے زِیادہ مت کھانا،
اگر زِیادہ کھا لوگے تو اُسے تُم اُگل دوگے۔
17ہمسایہ کے گھر میں
زِیادہ آنا جانا ٹھیک نہیں، اَیسا کرنے سے وہ تُم سے نفرت کرنے لگے گا۔
18جو آدمی اَپنے ہمسایہ کے خِلاف جھُوٹی گواہی دیتاہے،
وہ ہتھوڑے یا تلوار، یا تیز تیر کی مانند ہے۔
19مُصیبت کے وقت کسی بےوفا پر اِعتماد کرنا،
ٹُوٹے ہُوئے دانت، یا لنگڑے پاؤں کی طرح ہے۔
20کسی غمگین کے سامنے نغمہ گانے والا،
جاڑے میں کسی کے کپڑے اُتار لینے والے
یا زخم پر سِرکہ ڈالنے والے کی مانند ہے۔
21اگر تمہارا دُشمن بھُوکا ہو، تو اُسے کھانا کھِلاؤ؛
اگر وہ پیاسا ہو، تو اُسے پانی پِلاؤ۔
22کیونکہ اَیسا کرنے سے تُم اُس کے سَر پر دہکتے اَنگاروں کا ڈھیر لگاؤگے،
اَور یَاہوِہ تُمہیں اجر دیں گے۔
23جِس طرح شمالی ہَوا بارش لاتی ہے،
وَیسے ہی دروغ گو زبان تُرش روئی لاتی ہے۔
24جھگڑالو بیوی کے ساتھ گھر میں رہنے سے،
چھت پر کسی کونے میں رہنا بہتر ہے۔
25دُور کے مُلک سے آئی ہُوئی خُوشخبری اَیسی ہوتی ہے،
جَیسے تھکی ماندی جان کے لیٔے ٹھنڈا پانی۔
26جو صادق بدکار کے آگے گھُٹنے ٹیک دیتاہے
وہ اَیسا چشمہ ہے جو گدلا اَور اَیسا سوتا ہے جو ناپاک ہو گیا ہے۔
27زِیادہ شہد کھانا اَچھّا نہیں ہوتا،
نہ ہی خُود اَپنی بُزرگی کے راگ گاتے رہنے سے عزّت بڑھتی ہے۔
28جِس آدمی کو اَپنے نَفس پر قابُو نہیں
وہ اُس شہر کی مانند ہے جِس کی فصیلیں گِر چُکی ہوں۔

موجودہ انتخاب:

امثال 25: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in