امثال 24
24
بیسواں قول
1بدکاروں پر رشک نہ کرنا،
اَور نہ اُن کی صحبت کی خواہش رکھنا؛
2کیونکہ اُن کے دِل تشدّد کے منصُوبے بناتے ہیں،
اَور اُن کے ہونٹوں پر شرارت کا ذِکر رہتاہے۔
اِکیّسواں قول
3حِکمت سے گھر تعمیر کیا جاتا ہے،
اَور فہم سے اُسے قائِم کیا جاتا ہے؛
4اَور علم کے وسیلہ سے اُس کے کمرے
نادر اَور نفیس مال سے بھر دئیے جاتے ہیں۔
بائیسواں قول
5دانشمند اِنسان نہایت زورآور ہوتاہے،
اَور صاحبِ علم کا زور بڑھتا رہتاہے؛
6جنگ کرنے کے لیٔے رہنمائی کی ضروُرت ہوتی ہے،
اَور مُشیروں کی کثرت فتحیابی کا باعث بنتی ہے۔
تئیسواں قول
7حِکمت احمق کے لیٔے بہت بُلند ہے؛
وہ پھاٹک پر مجمع میں مُنہ نہیں کھول سَکتا۔
چوبیسواں قول
8جو کوئی بُرے منصُوبے باندھتا ہے
وہ فتنہ اَنگیز کہلائے گا۔
9حماقت کے منصُوبے گُناہ ہوتے ہیں،
اَور لوگ ٹھٹّھےباز سے نفرت کرتے ہیں۔
پچّیسواں قول
10اگر تُم مُصیبت کے ایّام میں ڈگمگانے لگتے ہو،
تو تمہاری قُوّت کتنی کم ہے!
11جو قتل کے لیٔے لے جائے جا رہے ہیں اُنہیں چھُڑاؤ؛
اَورجو ذبح کئے جانے کے لیٔے گھسیٹے جا رہے ہیں اُنہیں بچاؤ۔
12اگر تُم یُوں کہو، ”ہمیں اُس کا بالکُل علم نہ تھا۔“
تو کیا خُدا جو تمہارے دِلوں کو جانچنے والے یہ نہیں سمجھتے؟
اَور کیا تمہاری جان کے نگہبان یہ نہیں جانتے؟
کیا وہ ہر آدمی کو اُس کے اعمال کے مُطابق بدلہ نہ دیں گے؟
چھبّیسواں قول
13اَے میرے بیٹے! شہد کھاؤ کیونکہ وہ اَچھّا ہوتاہے؛
اَور شہد کا چھتّا بھی جو تالُو کو میٹھا لگتا ہے۔
14یہ بھی جان لو کہ حِکمت تمہاری جان کے لیٔے میٹھی ہوگی:
اگر تُم اُسے حاصل کروگے، تو تمہارا اَنجام بھلا ہوگا،
اَور تمہاری اُمّید نہ ٹُوٹے گی۔
ستایئسواں قول
15اَے بدکار! تُو راستباز کے گھر کی گھات میں نہ بیٹھنا،
اَور اُن کی قِیام گاہ کو مت ڈھانا؛
16کیونکہ راستباز سات بار گِرے تو بھی اُٹھ کھڑا ہوتاہے،
لیکن بدکار آفت میں مُبتلا ہوکر پڑے ہی رہتے ہیں۔
اٹّھائیسواں قول
17جَب تمہارا دُشمن گِر جائے تو خُوشی نہ منانا؛
اَور جَب وہ ٹھوکر کھائے تو تمہارا دِل شادمان نہ ہو،
18ممکن ہے کہ یَاہوِہ تمہارے رویّہ کو نا پسند فرمایٔے
اَور اَپنا غضب اَپنے دُشمنوں پر سے ہٹا لے۔
انتیسواں قول
19بدکرداروں کے باعث پریشان نہ ہو
اَور بدکاروں پر رشک نہ کرو،
20کیونکہ بدکردار کے لیٔے کویٔی اُمّید باقی نہیں،
اَور بدکاروں کا چراغ بُجھا دیا جائے گا۔
تیسواں قول
21اَے میرے بیٹے! یَاہوِہ کا اَور بادشاہ کا خوف مانو،
اَور باغی اہلکاروں کی صحبت میں نہ رہنا،
22کیونکہ اُن دونوں کی طرف سے ناگہاں مُصیبت نازل ہوتی ہے،
اَور اُس مُصیبت کا اَندازہ کون لگا سَکتا ہے؟
دانشمندوں کے مزید اقوال
23یہ بھی دانشمندوں کے اقوال ہیں:
اِنصاف کرتے وقت جانِبداری سے کام لینا اَچھّا نہیں:
24جو خطاکار سے کہے، ”تُم بے قُصُور ہو،“
لوگ اُس پر لعنت کریں گے اَور قومیں اُس سے نفرت کریں گی۔
25لیکن جو لوگ خطاکاروں کو سزا دیتے ہیں اُن کے حق میں بھلا ہوگا،
اَور اُن پر بڑی برکت نازل ہوگی۔
26سچّا جَواب
لبوں پر بوسہ دینے کی مانند ہے۔
27پہلے اَپنا باہر کا کام پُورا کر لو
اَور کھیتوں کا کام بھی ختم کر لو،
اَور اُس کے بعد اَپنے لیٔے گھر تعمیر کرنا۔
28اَپنے ہمسایہ کے خِلاف بلاوجہ گواہی نہ دینا،
اَور نہ اَپنے ہونٹ دغابازی کے لیٔے اِستعمال کرنا۔
29یہ نہ کہہ، ”میں اُس کے ساتھ وَیسا ہی کروں گا جَیسا اُس نے میرے ساتھ کیا؛
میں اُس آدمی کو اُس کے کئے کا بدلہ دُوں گا۔“
30ایک کاہل آدمی کے کھیت کے پاس سے،
اَور ایک بے عقل کے تاکستان کے پاس سے میرا گزر ہُوا؛
31وہاں ہر جگہ کانٹے اُگے ہُوئے تھے،
اَور زمین بِچھُّو بُوٹی سے ڈھکی پڑی تھی،
اَور اُس کی پتھّروں کی دیوار گِر چُکی تھی۔
32مَیں نے جو کچھ دیکھا اُس پر نہایت سنجِیدگی سے غور کیا،
اَورجو کچھ دیکھا اُس سے یہ عِبرت حاصل کی؛
33تھوڑی سِی نیند، ذرا سِی جھپکی،
تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے پڑے رہنا۔
34تَب تُم پر راہزن کی مانند مفلسی
اَور مُسلّح آدمی کی مانند تنگ دستی آ پڑےگی۔
موجودہ انتخاب:
امثال 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.