امثال 22
22
1نیک نامی بڑی دولت اَور خزانوں سے بھی افضل ہے؛
اَور اِحسَان سونے چاندی سے بہتر ہے۔
2اَمیر اَور غریب دونوں ایک سے ہیں؛
کیونکہ یَاہوِہ ہی اُن سَب کے خالق ہیں۔
3ہوشیار آدمی خطرہ دیکھ کر پناہ ڈھونڈ لیتا ہے،
لیکن نادان آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اَور نُقصان اُٹھاتے ہیں۔
4فروتنی اَور یَاہوِہ کے خوف سے؛
دولت، عزّت اَور زندگی حاصل ہوتی ہے۔
5بدکار کی راہ میں کانٹے اَور پھندے ہوتے ہیں،
لیکن جو اَپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے وہ اُن سے دُور رہتاہے۔
6بچّہ کو اُسی راہ کے مُوافق تربّیت کرو جِس پر اُسے جاناہے،
اَور جَب وہ بُوڑھا ہو جائے گا تَب بھی اُس سے نہ ہٹے گا۔
7اَمیر، غریب پر حُکومت کرتا ہے،
اَور اُدھار لینے والا، اُدھار دینے والے کا خادِم بَن جاتا ہے۔
8جو آدمی بدی بوتا ہے وہ مُصیبت کاٹے گا،
اَور اُس کے قہر کی لاٹھی ٹوٹ جائے گی۔
9فیّاض آدمی خُود بھی برکت پایٔےگا،
کیونکہ وہ اَپنے کھانے میں سے غریبوں کو دیتاہے۔
10ٹھٹھّےباز کو نکال دو تو فساد جاتا رہتاہے؛
اَور لڑائی جھگڑے ختم ہو جاتے ہیں۔
11جو پاک دِل ہوتاہے اَور جِس کی باتیں لُطف اَنگیز ہوتی ہیں،
بادشاہ اُسے اَپنا مُصاحب عزیز بنا لیتا ہے۔
12یَاہوِہ کی آنکھیں علم کی حِفاظت کرتی ہیں،
لیکن وہ دغابازوں کی باتوں کو اُلٹ دیتے ہیں۔
13کاہل کہتاہے: ”شیر باہر کھڑا ہے!
یا میں کوچوں میں قتل کر دیا جاؤں گا!“
14زانیہ کا مُنہ گہرا گڑھا ہے؛
جِس پر یَاہوِہ کا غضب ہوتاہے، وُہی اُس میں گِرے گا۔
15حماقت بچّہ کے دِل سے وابستہ رہتی ہے،
لیکن تربّیت کی چھڑی اُسے اُس سے دُور کر دے گی۔
16جو آدمی اَپنی دولت بڑھانے کے لیٔے کنگالوں پر ظُلم ڈھاتا ہے،
اَورجو دولتمندوں کو تحفے پیش کرتا ہے؛ دونوں غربت کا شِکار ہو جاتے ہیں۔
تیس دانشمندانہ اقوال
پہلا قول
17کان لگا کر دانشمندوں کے اقوال سُنو؛
اَور میری تعلیم پر دِل لگاؤ۔
18اگر تُم اُنہیں اَپنے دِل میں رکھو،
اَور وہ سَب تمہارے لبوں پر رہیں، تو یہ نہایت ہی خُوشی کی بات ہوگی۔
19مَیں نے آج کے دِن تُمہیں ہاں تُم ہی کو یہ دانشمندی کی باتیں سِکھائی ہیں،
تاکہ تمہارا توکّل یَاہوِہ پر ہو۔
20کیا مَیں نے تمہارے لیٔے تیس مقولے نہیں لکھے،
وہ مشورت اَور علم کے اقوال،
21جو تُمہیں سچّی اَور قابلِ اِعتماد باتیں سِکھاتے ہیں،
تاکہ جِس نے تُمہیں بھیجا ہے، تُم اُسے مَعقُول جَواب دے سکو؟
دُوسرا قول
22مسکینوں کو اُن کے مسکین ہونے کے باعث مت لُوٹو
اَور نہ عدالت میں کسی مُحتاج کو دبانے کی کوشش کرو۔
23کیونکہ یَاہوِہ اُن کا مُعاملہ اَپنے ہاتھ میں لیں گے
اَورجو اُنہیں لُوٹتے ہیں، اُنہیں وہ لُوٹیں گے۔
تیسرا قول
24غُصّہ ور آدمی سے دوستی نہ کرو،
اَور غضبناک آدمی سے رابطہ نہ رکھو۔
25کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم اُس کے ضوابط سیکھو
اَور اَپنے آپ کو پھندے میں پھنسا لو۔
چوتھا قول
26تُم اَیسے آدمی نہ بنو جو کسی کے قرض اَدا کرنے کا ذمّہ لیتے ہیں،
یا قرضداروں کی ضمانت دیتے ہیں؛
27کیونکہ اگر تمہارے پاس اَدا کرنے کو کچھ نہ ہو،
تو تمہارے نیچے سے تمہارا بِستر بھی کھینچ لیا جائے گا۔
پانچواں قول
28تُم اُس قدیم حَد کا پتّھر نہ ہٹانا
جسے تمہارے آباؤاَجداد نے قائِم کیا تھا۔
چھٹا قول
29کیا تُم نے کویٔی اَیسا آدمی دیکھاہے جو اَپنے فن میں ماہر ہے؟
وہ بادشاہوں کے حُضُور میں کسی کام پر سرفراز ہوگا؛
نہ کہ ادنیٰ اہلکاروں کے سامنے۔
موجودہ انتخاب:
امثال 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.