YouVersion Logo
تلاش

امثال 11

11
1دغا کے ترازو سے یَاہوِہ کو نفرت ہے،
لیکن صحیح وزن والے باٹ اُس کی خُوشی کا باعث ہیں۔
2غُرور اَپنے ساتھ رُسوائی بھی لے آتا ہے،
لیکن خاکساری اَپنے ساتھ حِکمت لاتی ہے۔
3راستبازوں کی راستی اُن کی رہنمائی کرتی ہے،
لیکن دغاباز اَپنی ریاکاری کے باعث تباہ ہو جاتے ہیں۔
4خُدا کے قہر کے دِن دولت کام نہیں آتی،
لیکن راستی موت سے رِہائی بخشتی ہے۔
5بے عیب کی راستبازی اُن کی راہ کو ہموار کرتی ہے،
لیکن بدکار خُود اَپنی ہی شرارت کی وجہ سے گِر جاتے ہیں۔
6راستبازوں کی راستبازی اُن کی نَجات کا باعث ہوتی ہے،
لیکن دغاباز اَپنی بُری خواہشات کا شِکار ہو جاتے ہیں۔
7جَب بدکار اِنسان مرتا ہے تو اُس کی اُمّید بھی فنا ہو جاتی ہے؛
اُس کی کویٔی توقع بھی پُوری نہیں ہوتی۔
8صادق مُصیبت سے رِہائی پاتاہے،
اَور بدکار اُس میں پھنس کر رہ جاتا ہے۔
9بے دین اَپنے مُنہ سے اَپنے ہمسایہ کو تباہ کرتا ہے،
لیکن صادق علم کے ذریعہ بچ جاتا ہے۔
10جَب صادق سرفراز ہوتاہے تو شہر کے لوگ خُوش ہوتے ہیں؛
اَور جَب بدکار ہلاک ہوتے ہیں تو لوگ خُوشی کے نعرے لگاتے ہیں۔
11راستبازوں کی برکت سے شہر سرفراز ہوتاہے،
لیکن بدکاروں کے مُنہ کی باتوں سے وہ تباہ ہو جاتا ہے۔
12کم عقل آدمی اَپنے ہمسایہ کی تحقیر کرتا ہے،
لیکن صاحبِ فہم اَپنی زبان پر قابُو رکھتا ہے۔
13گپ بازی کرنے سے راز افشا ہو جاتا ہے،
لیکن ایک قابلِ اِعتماد آدمی رازداری سے کام لیتا ہے۔
14ہدایت کے بغیر قوم گِر جاتی ہے،
لیکن متعدّد مُشیر فتح کو یقینی بنا دیتے ہیں۔
15جو کسی بیگانے کی ضمانت دیتاہے، یقیناً نُقصان اُٹھاتا ہے،
لیکن جو ضمانت دینے سے اِنکار کرتا ہے وہ سلامت رہتاہے۔
16رحم دِل عورت عزّت پاتی ہے،
لیکن سنگدل لوگوں کو محض دولت ملتی ہے۔
17رحم دِل اِنسان اَپنی جان کے ساتھ نیکی کرتا ہے،
لیکن بےرحم اَپنے جِسم کو دُکھ دیتاہے۔
18بدکار دھوکے سے روزی کماتا ہے،
لیکن راستی بونے والا سچ مُچ اجر پاتاہے۔
19راستی پر چلنے والا زندگی پاتاہے،
لیکن بدی کا پیرو اَپنی موت سے ہمکنار ہوتاہے۔
20کَج دِلوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے
لیکن کامل روِش والوں سے وہ خُوش رہتاہے۔
21یقین رکھو کہ بدکار بے سزا نہیں چُھوٹے گا،
لیکن جو صادق ہیں وہ آزاد ہو جایٔیں گے۔
22حسین عورت جو بے تمیز ہے
وہ سُؤرنی کی ناک میں سونے کی نتھ کی مانند ہوتی ہے۔
23نیکی سے صادقوں کی خواہش پُوری ہو جاتی ہے،
لیکن بدکاروں کی اُمّید کا پھل غضبِ خُداوندی ہوتاہے۔
24کویٔی فیّاضی سے دیتاہے اَور پھر بھی بہت زِیادہ پاتاہے؛
اَور دُوسرا بہت محتاط ہوکر بھی مُفلس ہو جاتا ہے۔
25فیّاض آدمی سرفراز ہوگا؛
جو دُوسروں کو تازگی بخشتا ہے خُود بھی تازگی پایٔےگا۔
26جو اَپنا اناج جمع کرکے بیچتا نہیں لوگ اُس پر لعنت بھیجتے ہیں،
لیکن جو اُسے بیچتا ہے وہ برکت کا تاج پہنے گا۔
27جو بھلائی ڈھونڈتا ہے اُسے خُوشی حاصل ہوتی ہے،
لیکن جو بدی ڈھونڈتا ہے، اُسے بدی ہی ملتی ہے۔
28جو اَپنے مال و زَر پر بھروسا کرتا ہے وہ گِر پڑےگا،
لیکن صادق ہرے پتّوں کی مانند سرسبز رہیں گے۔
29جو اَپنے خاندان کو دُکھ پہُنچاتا ہے وہ ہَوا کا وارِث ہوگا،
اَور احمق دانا آدمی کا غُلام بنے گا۔
30صادق کا پھل زندگی کا درخت ہے،
اَور دانا ہے وہ جو دِلوں کو جیتتا ہے۔
31اگر راستباز کو زمین پر بدلہ دیا جائے گا،
تو بے دین اَور گُنہگار کا حَشر کیا ہوگا!

موجودہ انتخاب:

امثال 11: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in