امثال 12
12
1جو تربّیت کو عزیز رکھتا ہے وہ علم کو عزیز رکھتا ہے،
لیکن جو تنبیہ سے نفرت رکھتا ہے وہ وحشی جانور کی طرح احمق ہے۔
2نیک آدمی پر یَاہوِہ کی نظرِکرم ہوتی ہے،
لیکن یَاہوِہ بُری نیّت والے آدمی کو مُجرم ٹھہراتا ہے۔
3آدمی بدکاری سے قائِم نہیں رہ سَکتا،
لیکن صادق کی جڑ کو جنبش نہ ہوگی۔
4نیک سیرت عورت اَپنے خَاوند کے لئے تاج ہوتی ہے،
لیکن رُسوا بیوی اُس کی ہڈّیوں میں سڑن کی مانند ہے۔
5صادقوں کے منصُوبے راست ہوتے ہیں،
لیکن بدکاروں کی صلاح پُر فریب ہوتی ہے۔
6بدکاروں کی باتیں خُون بہانے پر اُکساتی ہیں،
لیکن صادقوں کی باتیں اُنہیں رِہائی دیں گی۔
7بدکار لوگ گرا دئیے جاتے ہیں اَور نِیست ہو جاتے ہیں،
لیکن راستبازوں کا گھر قائِم رہتاہے۔
8اِنسان کی تعریف اُس کی ہوشیاری کے مُطابق کی جاتی ہے،
لیکن بے عقل حقارت کا شِکار ہوتاہے۔
9جو فروتن ہے لیکن ایک نوکر کا مالک ہے
وہ اُس شیخی باز سے جو روٹی کا مُحتاج ہو بہتر ہے۔
10راستباز اَپنے جانور کی ضرورتوں کا خیال رکھتا ہے،
لیکن بدکار کی رحمدلی بھی ظُلم سے کم نہیں۔
11جو اَپنی زمین میں کاشتکاری کرتا ہے، وہ کثرت سے خُوراک پایٔےگا،
لیکن جو خیالی پُلاؤ پکاتا رہتاہے مُحتاج رہے گا۔
12بدکاروں کی نظر بدکرداروں کی لُوٹ پر ہے،
لیکن صادقوں کی جڑ پھلدار رہتی ہے۔
13بدکار اَپنے لبوں کی گُناہ آلُودگی کے باعث پھندے میں پھنستا ہے،
لیکن صادق مُصیبت سے بچ نکلتا ہے۔
14آدمی اَپنے ہونٹوں کے پھل کی نِعمت سے سیر ہوتاہے
اَور اُس کے ہاتھوں کے کام کا اجر اُسے ضروُر ملتا ہے۔
15احمق کو اَپنی روِش دُرست نظر آتی ہے،
لیکن دانشمند نصیحت کو سُنتا ہے۔
16احمق کا غُصّہ فوراً ظاہر ہو جاتا ہے،
لیکن ہوشیار آدمی بدنامی کو نظرانداز کرتا ہے۔
17صادق گواہ سچّی گواہی دیتاہے،
لیکن جھُوٹا گواہ جھُوٹ بولتا ہے۔
18بےہوُدہ باتیں تلوار کی مانند چھیدتی ہیں،
لیکن دانشمند کی زبان شفا بخشتی ہے۔
19سچّے ہونٹ ہمیشہ تک قائِم رہیں گے،
لیکن جھُوٹی زبان کچھ دیر تک ہی ٹکتی ہے۔
20بدی کے منصُوبے باندھنے والوں کے دِل میں دغا ہوتی ہے،
لیکن جو صُلح کا مشورہ دیتے ہیں خُوش ہوتے ہیں۔
21راستباز کو کویٔی ضرر نہیں پہُنچتا،
لیکن بدکار مُصیبت میں ڈُوب جاتے ہیں۔
22جھُوٹے لبوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے،
لیکن راست گو سے وہ خُوش ہوتاہے۔
23ہوشیار آدمی اَپنا علم خُود تک محدُود رکھتا ہے،
لیکن احمقوں کا دِل حماقت کی مُنادی کرتا ہے۔
24محنتی ہاتھوں والے حُکمرانی کریں گے،
لیکن کاہل آدمی غُلام بَن کر رہ جایٔیں گے۔
25دِل مُضطرب ہو تو اِنسان بھی اُداس ہو جاتا ہے،
لیکن ایک مَحَبّت بھرا لفظ اُسے خُوش کر دیتاہے۔
26راستباز اِنسان اَپنے ہمسایہ کی رہنمائی کرتا ہے،
لیکن بدکاروں کی روِش اُنہیں گُمراہ کردیتی ہے۔
27کاہل آدمی اَپنے شِکار کو بھُونتا بھی نہیں،
لیکن محنتی آدمی بیش قیمتی دولت پاتاہے۔
28راستی کی راہ زندگی کی طرف جاتی ہے؛
اُس راہ میں موت نہیں ہوتی۔
موجودہ انتخاب:
امثال 12: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.