گِنتی 6

6
نذیروں کے متعلّق ہدایات
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہو: ’اگر کویٔی مَرد یا عورت نذیر کی مَنّت یعنی اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے لیٔے الگ رکھنے کی خاص مَنّت مانے، 3تو وہ مَے اَور شراب سے دُور رہے اَور مَے یا شراب سے بنایا ہُوا سِرکہ نہ پیے۔ وہ انگور کا رس بھی نہ پیے اَور نہ تازہ انگور یا کشمش کھائے۔ 4جَب تک کہ وہ نذیر رہے تَب تک جو کچھ انگور کی بیل سے پیدا ہوتاہے، اُس میں سے کچھ بھی نہ کھائے، بیج اَور چھِلکے بھی نہیں۔
5” ’اُس کی نذارت کی مَنّت کی ساری میعاد کے دَوران اُس کے سَر پر اُسترا نہ پھیرا جائے اَور اُس کی یَاہوِہ کے لیٔے الگ رہنے کی مُدّت پُوری ہونے تک وہ پاک رہے اَور اَپنے سَر کے بالوں کو بڑھنے دے۔
6” ’اَور یَاہوِہ اَپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک وہ کسی لاش کے قریب نہ جائے۔ 7خواہ اُس کا اَپنا باپ یا ماں یا بھایٔی یا بہن بھی مَر جائے تو بھی وہ اُن کو چھُو کر اَپنے آپ کو نجِس نہ کر لے کیونکہ اَپنے یَاہوِہ کے لیٔے الگ رہنے کی علامت اُس کے سَر پر ہے۔ 8وہ اَپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک یَاہوِہ کے لیٔے پاک ہے۔
9” ’اگر کویٔی اَچانک اُس کی مَوجُودگی میں مَر جائے جِس سے کہ اُس کے نذر کئے ہویٔے بال ناپاک ہو جایٔیں تو وہ اَپنے پاک ہونے کے دِن یعنی ساتویں دِن اَپنا سَر مُنڈائے۔ 10اَور آٹھویں دِن وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِنؔ کے پاس لایٔے۔ 11اَور کاہِنؔ ایک کو گُناہ کی قُربانی اَور دُوسرے کو سوختنی نذر کے طور پر گذرانے اَور اُس کی خاطِر کفّارہ دے کیونکہ وہ لاش کے پاس مَوجُود رہ کر ناپاک ہو گیا اَور اُسی دِن وہ اُس کے سَر کو پاک کرے۔ 12وہ اَپنے الگ رہنے کی مُدّت تک اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے لیٔے نذر کرے اَور ایک سال بھر کا نر برّہ خطا کی قُربانی کے لیٔے لایٔے۔ لیکن گزرے ہویٔے دِن گنے نہیں جایٔیں گے کیونکہ وہ اَپنی نذارت کے ایّام میں ناپاک ہو گیا تھا۔
13” ’پھر جَب اُس کی نذرات کی میعاد پُوری ہو جائے تو نذیر کے لیٔے آئین یہ ہے: اُسے خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کیا جائے۔ 14وہاں وہ یَاہوِہ کے لیٔے یہ قُربانیاں پیش کرے: سوختنی نذر کے لیٔے ایک بے عیب یک سالہ نر برّہ گُناہ کی قُربانی کے لیٔے ایک بے عیب یک سالہ مادہ برّہ اَور سلامتی کی نذر کے لیٔے ایک بے عیب مینڈھا۔ 15اَور ساتھ ہی ساتھ اناج کی نذریں اَور تپاون کی نذروں اَور بے خمیری روٹیوں کی ایک ٹوکری بھی لایٔے جِس میں زَیتُون کا تیل ملے ہویٔے مَیدے کے کُلچے اَور تیل سے چُپڑی ہُوئی بے خمیری ٹکیاں ہُوں۔
16” ’کاہِنؔ اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے اَور اُنہیں گُناہ کی قُربانی اَور سوختنی نذر کے طور پر پیش کرے۔ 17کاہِنؔ بے خمیری روٹیوں کی ٹوکری کے ساتھ اُس مینڈھے کو یَاہوِہ کے حُضُور سلامتی کی نذر کی قُربانی کے طور پر گذرانے اَور اُن کی اناج کی قُربانی اَور اُن کے تپاون بھی لایٔے۔
18” ’تَب خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر نذیر اَپنے نذارت کے بال مُنڈوائے۔ پھر وہ اُن بالوں کو لے کر سلامتی کی نذر کی قُربانی کے نیچے والی آگ میں ڈال دے۔
19” ’جَب نذیر اَپنی نذارت کے بال مُنڈوا چُکے تَب کاہِنؔ مینڈھے کا اُبالا ہُوا شانہ اَور اُس ٹوکری میں کا ایک کُلچہ اَور ایک ٹکیا جو دونوں بے خمیر کے بنائے گیٔے ہُوں اُس کے ہاتھوں میں دے۔ 20اَور کاہِنؔ اُنہیں ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور ہلائے۔ وہ مُقدّس ہیں اَور ہلائے ہویٔے سینہ اَور پیش کی ہُوئی ران سمیت کاہِنؔ کے ہیں۔ اُس کے بعد نذیر مَے پی سَکتا ہے۔‘
21” ’نذیر اَپنی نذارت کے مُطابق یَاہوِہ کے لیٔے جِس چڑھاوے کی مَنّت مانے علاوہ اُس کے جِس کا اُسے مقدور ہو اُن سَب کے متعلّق یہی آئین ہے۔ اُس نے جو مَنّت مانی ہو اُسے نذارت کی آئین کے مُطابق پُورا کیا جائے۔‘ “
کاہِنؔ کی برکت
22یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 23”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں سے کہو، ’تُم بنی اِسرائیل کو اِس طرح برکت دو۔ تُم اُن سے کہو:
24” ’یَاہوِہ تُمہیں برکت دیں
اَور تُمہیں محفوظ رکھے؛
25یَاہوِہ اَپنا چہرہ تُجھ پر جلوہ گِر فرمائیں
اَور تُجھ پر مہربان ہُوں؛
26یَاہوِہ اَپنا چہرہ اُٹھائیں اَور تمہاری طرف متوجّہ ہُوں
اَور تُمہیں سلامتی بخشیں۔‘ “
27”اِس طرح وہ میرے نام کو بنی اِسرائیل پر رکھیں اَور مَیں اُنہیں برکت بخشوں گا۔“

موجودہ انتخاب:

گِنتی 6: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in