گِنتی 5

5
چھاؤنی کی پاکیزگی
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل کو حُکم دو کہ وہ ہر اُس شخص کو جسے جِلد کی کویٔی متعدّی بیماری ہو یا جریان کا مرض ہو یا جو کسی مُردہ کو چھُونے کے باعث ناپاک ہو چُکاہو، چھاؤنی سے خارج کر دیں۔ 3خواہ وہ مَرد ہو یا عورت، اُنہیں چھاؤنی سے خارج کر دو تاکہ وہ اَپنی چھاؤنی کو ناپاک نہ کر دیں جہاں میں خُود اُن کے درمیان رہتا ہُوں۔“ 4بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں چھاؤنی سے خارج کر دیا۔ اُنہُوں نے ٹھیک وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
خطا کا کفّارہ
5یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 6”بنی اِسرائیل سے کہو: ’اگر کویٔی مَرد یا عورت کسی شخص کے ساتھ کسی قِسم کی بدکاری کرے اَور اِس طرح سے یَاہوِہ سے دغا کرے تو وہ شخص مُجرم ٹھہرے گا، 7اَور اُس نے جو گُناہ کیا ہو وہ اُس کا اقرار کرے اَور کفّارہ کے طور پر اَپنی خطا کے پُورے مُعاوضہ میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر اُس شخص کو دے جِس کا اُس نے قُصُور کیا ہے۔ 8لیکن اگر اُس شخص کا کویٔی قریبی رشتہ دار نہ ہو جسے اُس خطا کا مُعاوضہ دیا جائے تو وہ مُعاوضہ یَاہوِہ کا ہوگا، لہٰذا اُسے اَور کفّارہ کے مینڈھے کو کاہِنؔ کے سُپرد کیا جائے۔ 9بنی اِسرائیل جِتنی بھی مُقدّس نذریں کاہِنؔ کے پاس لائیں وہ سَب کاہِنؔ کی ہُوں گی۔ 10ہر شخص کے مُقدّس نذرانے اُس کے اَپنے ہوں گے لیکن جو چیز وہ کاہِنؔ کو دے گا وہ کاہِنؔ کی ہوگی۔‘ “
بےوفا بیوی کی آزمائش
11پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 12”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہو: ’اگر کسی آدمی کی بیوی گُمراہ ہوکر اُس سے دغا کرے اَور 13کسی غَیر مَرد کے ساتھ ہم بِستر ہو، اَور یہ بات اُس کے خَاوند سے پوشیدہ رہے اَور اُس کی ناپاکی ظاہر بھی نہ ہونے پایٔے (کیونکہ اُس کے خِلاف کویٔی گواہ نہیں اَور نہ ہی وہ عَین فعل کے وقت پکڑی گئی ہے)، 14اَور اُس کے خَاوند کے دِل میں بدگُمانی پیدا ہو جائے کہ اُس کی بیوی ناپاک ہو چُکی ہے یا وہ بدظن ہوکر اَپنی بیوی کی پاک دامنی پر شک کرنے لگے حالانکہ وہ ناپاک نہ ہُوئی ہو 15تو وہ اَپنی بیوی کو کاہِنؔ کے سامنے حاضِر کرے، اَور اَپنے ساتھ ایفہ کا دسواں حِصّہ#5‏:15 دسواں حِصّہ تقریباً ایک کِلو چھ سَو گرام جَو کا آٹا اُس کی طرف سے نذرانے کے طور پر لے جائے۔ لیکن اُس پر تیل نہ ڈالے، نہ ہی لوبان رکھے کیونکہ یہ اناج کی قُربانی غیرت کی ہے یعنی یادگاری نذر کی قُربانی ہے جو بدی کو یاد دِلانے کے لیٔے ہے۔
16” ’تَب کاہِنؔ اُسے نزدیک لایٔے اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور کھڑا کرے۔ 17اَور کاہِنؔ مٹّی کے برتن میں مُقدّس پانی لے اَور مَسکن کے فرش پر کی کچھ گَرد لے کر اُس پانی میں ڈال دے۔ 18جَب کاہِنؔ اُس عورت کو یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑا کر چُکے تو وہ اُس کے بال کھول دے، اَور اُس کے ہاتھوں میں یادگار کی قُربانی تھما دے جو غیرت کی اناج کی قُربانی ہے اَور خُود اَپنے ہاتھ میں اُس لعنت لانے والے کڑوے پانی کے برتن کو تھامے رہے۔ 19تَب کاہِنؔ عورت کو قَسم کھِلا کر اُس سے کہے، ”اگر کویٔی اَور آدمی تمہارے ساتھ ہم بِستر نہیں ہُواہے اَور تُو اَپنے خَاوند کی ہوتے ہویٔے گُمراہ ہوکر ناپاک نہیں ہُوئی تو یہ کڑوا پانی جو لعنت لاتا ہے تُمہیں ضرر نہ پہُنچائے 20لیکن اگر تُو اَپنے خَاوند کی ہوتے ہویٔے گُمراہ ہو چُکی ہے اَور اگر تُونے اَپنے خَاوند کے علاوہ کسی اَور شخص کے ساتھ ہم بِستر ہوکر اَپنے آپ کو ناپاک کر دیا ہے۔“ 21یہاں کاہِنؔ اُس عورت کو اُس لعنت کی قَسم دِلائے تو، ”یَاہوِہ تمہاری ران کو سُکھا کر اَور تمہارے پیٹ کو پھُلا کر تمہاری قوم کے لوگوں سے تُجھ پر لعنت اَور ملامت کرائے۔ 22یہ پانی جو لعنت لاتا ہے تمہارے جِسم میں داخل ہو تاکہ تمہارا پیٹ پھُولے اَور تمہاری ران سڑائے۔“
” ’تَب وہ عورت کہے، ”آمین! آمین۔“
23” ’تَب کاہِنؔ اُن لعنتوں کو ایک طُومار میں لِکھ کر اُنہیں اُس کڑوے پانی میں دھو ڈالے 24اَور وہ کڑوا پانی جو لعنت لاتا ہے اُس عورت کو پلائے اَور یہ پانی اُس میں داخل ہوگا اَور شدید کڑواہٹ پیدا کرےگا۔ 25پھر کاہِنؔ اُس کے ہاتھ میں سے غیرت کی اناج کی قُربانی کو لے کر اُسے یَاہوِہ کے حُضُور ہلائے اَور اُسے مذبح کے پاس لایٔے۔ 26پھر کاہِنؔ اناج کی قُربانی میں سے یادگار کی قُربانی کے طور پر مُٹّھی بھر حِصّہ لے کر اُسے مذبح پر جَلائے۔ پھر وہ اُس عورت کو وہ پانی پلائے۔ 27اگر وہ ناپاک ہو چُکی ہو اَور اَپنے خَاوند سے دغا کر چُکی ہو تو جَب اُسے وہ پانی جو لعنت لاتا ہے پِلایا جائے گا وہ اُس کے پیٹ میں جا کر نہایت شدید کڑواہٹ پیدا کرےگا۔ اُس کا پیٹ پھُول جائے گا اَور اُس کی ران سڑ جائے گی اَور وہ اَپنی قوم میں لعنتی ٹھہرے گی۔ 28البتّہ اگر اُس عورت نے اَپنے آپ کو ناپاک نہ کیا ہو بَلکہ پاک رہی ہو تو وہ بےگُناہ ٹھہرے گی اَور اُس سے اَولاد ہو سکے گی۔
29” ’غیرت کے بارے میں، یہی آئین ہے خواہ کویٔی عورت اَپنے خَاوند کی ہوتے ہویٔے گُمراہ ہوکر اَپنے آپ کو ناپاک کر لے، 30یا کسی آدمی کو اَپنی بیوی پر شک کرنے کی وجہ سے غیرت آئے تو کاہِنؔ اُسے یَاہوِہ کے حُضُور کھڑا کرے اَور اُس آئین پر پُوری طرح عَمل کیا جائے۔ 31خَاوند تو کسی بھی بدی سے بَری ٹھہرے گا البتّہ اُس عورت کو اَپنے گُناہ کا نتیجہ بھگتنا ہوگا۔‘ “

موجودہ انتخاب:

گِنتی 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in