گِنتی 4
4
بنی قُہات
1یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا: 2”لیویوں کے خاندان میں سے قُہاتی طبقہ کی اُن کے گھرانوں اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق مردُم شماری کرو۔ 3تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر کے سبھی مَردوں کو جو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں ہاتھ بٹانے کے لیٔے آتے ہیں شُمار کرو۔
4”خیمہ اِجتماع میں بنی قُہات کا کام یہ ہوگا کہ وہ پاک ترین اَشیا کی حِفاظت کریں۔ 5جَب لشکر کُوچ کرے تَب اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے اَندر جایٔیں اَور بیچ کے پردے کو اُتاریں اَور اُس سے عہد کے صندُوق کو ڈھانک دیں۔ 6تَب وہ اُس پر دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا غلاف چڑھائیں اَور اُس کے اُوپر بالکُل نیلے رنگ کا کپڑا بچھائیں اَور بَلّیاں اَپنی جگہ پر گاڑ دیں۔
7”پھر نذر کی روٹی کی میز پر نیلا کپڑا بچھا کر اُس پر طباق، ڈونگے، پیالے اَور تپاون کی نذروں کے مرتبان رکھیں اَور نذر کی روٹی بھی اُس پر لگاتار قائِم رہے۔ 8اُن کے اُوپر وہ سُرخ رنگ کا کپڑا بچھائیں جسے دریائی بچھڑوں کی کھالوں سے ڈھانکیں اَور اُس کی بَلّیاں اَپنی جگہ پر گاڑ دیں۔
9”پھر وہ نیلے رنگ کا کپڑا لیں اَور اُس سے چراغدان کو جو رَوشنی کے لیٔے ہے اُس کے چراغوں، اُس کی بتّی کترنے کی قینچیوں اَور کشتیوں اَور اُس کے سَب مرتبانوں سمیت جِن میں زَیتُون کا تیل مہیا کیا جاتا ہے ڈھانک دیں۔ 10تَب وہ اُسے اُس کے تمام سازوسامان کے ساتھ دریائی بچھڑوں کی کھالوں کے غلاف میں لپیٹیں اَور اُسے اُٹھانے والے چوکھٹے پر رکھ دیں۔
11”اَور زرّیں مذبح پر وہ نیلا کپڑا پھیلا دیں اَور اُسے دریائی بچھڑوں کی کھالوں سے ڈھانپ دیں اَور اُس کی بَلّیاں اَپنی اَپنی جگہ پر گاڑ دیں۔
12”تَب وہ اُن تمام برتنوں کو لے کرجو پاک مَقدِس کی خدمت میں کام آتے ہیں نیلے کپڑے میں لپیٹیں دریائی بچھڑوں کی کھالوں کے غلاف سے ڈھانکیں اَور چوکھٹے پر رکھ دیں۔
13”پھر وہ کانسے کے مذبح پر سے سَب راکھ اُٹھاکر اُس کے اُوپر اَرغوانی رنگ کا کپڑا بچھائیں۔ 14پھر وہ اُس کے اُوپر وہ تمام برتن رکھیں جو مذبح پر خدمت کے لیٔے اِستعمال کئے جاتے ہیں جَیسے انگیٹھیاں، سیخیں، بیلچے اَور چھڑکاؤ کے پیالے۔ اُس کے اُوپر وہ دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا غلاف بچھائیں اَور اُس کی بَلّیاں اَپنی جگہوں پر گاڑ دیں۔
15”جَب اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے آرائِش کے مُقدّس سازوسامان کو اَور تمام مُقدّس اَشیا کو ڈھانک چکیں اَور جَب چھاؤنی کُوچ کے لیٔے تیّار ہو تَب بنی قُہات اُٹھانے کے لیٔے آئیں۔ لیکن وہ مُقدّس اَشیا کو نہ چھُوئیں کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مَر جایٔیں۔ بنی قُہات وُہی اَشیا اُٹھائیں جو خیمہ اِجتماع میں ہیں۔
16”اَہرونؔ کاہِنؔ کا بیٹا الیعزرؔ رَوشنی کے تیل، خُوشبودار بخُور، دائمی نذر کی قُربانی اَور مَسح کرنے کے زَیتُون کے تیل کی حِفاظت کا نِگراں ہوگا۔ وہ سارے مَسکن اَور اُس کے اَندر کی آرائِش کے مُقدّس سازوسامان سمیت ہر چیز کا ذمّہ دار ہوگا۔“
17پھر یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا، 18”خیال رہے کہ قُہاتیوں کے قبائلی خاندان لیویوں سے جُدا نہ ہونے پائیں۔ 19تاکہ جَب وہ نہایت مُقدّس اَشیا کے قریب آئیں تو زندہ رہیں اَور مَر نہ جایٔیں۔ تُم اُن کی خاطِر اَیسا کرنا کہ اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے پاک مَقدِس کے اَندر جایٔیں اَور یہ طے کریں کہ اُن میں سے ہر ایک کیا کام کرے اَور کون سا بوجھ اُٹھائے۔ 20لیکن قوہاتی مُقدّس چیزوں کو دیکھنے کی خاطِر دَم بھرکے لیٔے بھی اَندر نہ آنے پائیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مَر جایٔیں۔“
بنی گیرشون
21یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 22”بنی گیرشون کے آبائی خاندانون اَور اُن کے بھی گھرانوں کے مُطابق مردُم شماری کرو۔ 23تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر کے سبھی مَردوں کو جو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں ہاتھ بٹانے کے لیٔے آتے ہیں شُمار کرو۔
24”کام کرنے اَور بوجھ اُٹھانے میں گیرشونیوں کے خاندان یہ خدمت بجا لائیں: 25وہ مَسکن کے پردے، خیمہ اِجتماع، اُس کے غلاف، دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا اُوپری غلاف، خیمہ اِجتماع کے دروازہ کے پردے، 26مَسکن اَور مذبح کے اِردگرد صحن کے پردے، دروازہ کا پردہ اَور رسّیاں اَور وہ سَب آلات جو اُس کے کام میں اِستعمال ہوتے ہیں، اُٹھایا کریں۔ اَور اُن چیزوں کے ساتھ جو کچھ کیا جاتا ہے وہ سَب گیرشون ہی کیا کریں۔ 27گیرشونیوں کی ساری خدمت خواہ وہ بوجھ اُٹھانا یا دیگر کام کرنا ہو اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کی ہدایات کے مُطابق اَنجام پایٔے۔ جو کچھ اُنہیں اُٹھانا ہے اُس کی ذمّہ داری تُم اُن کے سُپرد کر دو۔ 28خیمہ اِجتماع میں گیرشونیوں کے گھرانوں کی یہی خدمت رہے گی اَور اُن کی خدمات اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے اِتمارؔ کی ہدایات کے مُطابق ہوگی۔
بنی مِراریؔ
29”بنی مِراریؔ کو بھی اُن کے گھرانوں اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق شُمار کر 30تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر تک کے سبھی مَردوں کو جو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں ہاتھ بٹانے کے لیٔے آتے ہیں شُمار کر۔ 31اَور خیمہ اِجتماع میں وہ یہ خدمت اَنجام دیں: مَسکن کے تختے، اُس کے بینڈے، سُتون اَور خانے 32اَور چاروں طرف کے صحن کے سُتون اَور اُن کے خانے، خیموں کی میخیں، رسّیاں، اُن کے تمام آلات اَور اُن کے اِستعمال میں آنے والی ہر چیز کو وہ اُٹھایا کریں۔ ہر شخص کو خاص خاص چیزیں اُٹھانے کی ذمّہ داری سونپی جائے۔ 33بنی مِراریؔ کے خاندانوں کو خیمہ اِجتماع میں اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے اِتمارؔ کی زیرِ ہدایات جو خدمت اَنجام دینا ہے وہ یہی ہے۔“
لیویوں کے گھرانوں کی گِنتی
34چنانچہ مَوشہ اَور اَہرونؔ اَور جماعت کے سرداروں نے قُہاتیوں کو اُن کے گھرانوں اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق شُمار کیا۔
35تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر کے سبھی مَردوں کو جو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں ہاتھ بٹانے کے لیٔے آئےتھے 36جنہیں اُن کے گھرانوں کے مُطابق شُمار کیا گیا اُن کی تعداد 2,750 تھی۔ 37قُہاتی برادریوں کے جتنے لوگ خیمہ اِجتماع میں خدمت کرتے تھے اُن سَب کی تعداد یہی تھی جنہیں مَوشہ اَور اَہرونؔ نے یَاہوِہ کے مَوشہ کو دیئے ہویٔے حُکم کے مُطابق شُمار کیا۔
38بنی گیرشون کو اُن کے گھرانوں اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق شُمار کیا گیا۔
39تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر تک کے سَب مَردوں کو جو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں ہاتھ بٹانے کے لیٔے آئےتھے، 40اُنہیں اُن کے گھرانوں اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق گِنا گیا اَور اُن کی تعداد 2,630 تھی۔ 41بنی گیرشون کے برادریوں کے جتنے لوگ خیمہ اِجتماع میں خدمت کرتے تھے اُن سَب کی تعداد اِتنی ہی تھی اَور یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق مَوشہ اَور اَہرونؔ نے اُنہیں شُمار کیا تھا۔
42بنی مِراریؔ کو اُن کے گھرانوں اَور خاندانوں کے مُطابق شُمار کیا گیا۔
43تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر تک کے سبھی مَردوں کو جو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں ہاتھ بٹانے کے لیٔے آئےتھے، 44اُنہیں اُن کے گھرانوں کے مُطابق شُمار کیا گیا اَور اُن کی تعداد 3,200 تھی۔ 45بنی مِراریؔ کے گھرانوں کے لوگوں کی کُل تعداد یہی تھی جنہیں مَوشہ اَور اَہرونؔ نے یَاہوِہ کے مَوشہ کی مَعرفت دئیے ہویٔے حُکم کے مُطابق شُمار کیا تھا۔
46چنانچہ مَوشہ، اَہرونؔ اَور بنی اِسرائیل کے سرداروں نے سَب لیویوں کو اُن کے گھرانوں اَور خاندانوں کے مُطابق شُمار کیا۔ 47اَور تیس سے لے کر پچاس سال کی عمر کے سبھی مَردوں کی تعداد جو خدمت کرنے اَور خیمہ اِجتماع کو اُٹھانے کا کام کرنے آئےتھے، 48اُن کی تعداد 8,580 تھی۔ 49یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق جو اُس نے مَوشہ کو دیا تھا ہر ایک کو اُس کا کام سونپا گیا اَور اُنہیں بتایا گیا کہ کون کیا کیا بوجھ اُٹھائے گا۔
چنانچہ اُسی حُکم کے مُطابق جو یَاہوِہ نے مَوشہ کو دیا تھا اُن کا شُمار کیا گیا۔
موجودہ انتخاب:
گِنتی 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.