گِنتی 3

3
بنی لیوی
1جِس وقت یَاہوِہ نے کوہِ سِینؔائی پر مَوشہ سے باتیں کیں اُس وقت اَہرونؔ اَور مَوشہ کے خاندان کا نَسب نامہ یہ تھا۔
2اَہرونؔ کے بیٹوں کے نام نادابؔ جو پہلوٹھا تھا اَبِیہُو الیعزرؔ اَور اِتمارؔ ہیں۔ 3اَہرونؔ کے اُن بیٹوں کے نام جو ممسوح کاہِنؔ تھے اَور کہانت کی خدمت کے لیٔے مُقرّر کئے گیٔے تھے یہی ہیں۔ 4البتّہ نادابؔ اَور اَبِیہُو یَاہوِہ کے حُضُور اُسی وقت مَر گیٔے تھے جَب اُنہُوں نے سِینؔائی کے بیابان میں اُن کے حُضُور ناجائز آگ کے ساتھ نذر گذرانی تھی۔ اُن کے کویٔی اَولاد نہ تھی اِس لیٔے صِرف الیعزرؔ اَور اِتمارؔ ہی اَپنے باپ اَہرونؔ کی زندگی میں کاہِنؔ کی خدمت اَنجام دیتے تھے۔
5پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 6”لیوی کے قبیلہ کو لاکر اَہرونؔ کاہِنؔ کے سامنے حاضِر کر تاکہ وہ اُس کی مدد کریں۔ 7وہ خیمہ اِجتماع میں مُلاقات کے خیمہ کی نگہبانی کریں اَورجو فرائض اَہرونؔ اَور ساری جماعت کی طرف سے اُن پر عاید کام ہیں اُنہیں بجا لائیں۔ 8وہ خیمہ اِجتماع کی تمام اشیائے آرائِش کی حِفاظت کریں اَور شہادت کے خیمہ میں خدمت اَنجام دیتے ہویٔے بنی اِسرائیل کے مَسکن کے فرائض کو پُورا کریں۔ 9تُم لیویوں کو اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کے سُپرد کر دو۔ بنی اِسرائیل میں سے یہی لوگ اُن کی مدد کے لیٔے مُقرّر کئے گیٔے ہیں۔ 10اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے ہی بطور کاہِنؔ کہانت کے لیٔے مُقرّر کئے جایٔیں۔ اگر کویٔی اَور شخص پاک مَقدِس کے قریب آئے تو وہ جان سے ماراجائے۔“
11یَاہوِہ نے مَوشہ سے یہ بھی فرمایا، 12”مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لیویوں کو ہر اِسرائیلی عورت کے پہلوٹھے کے عِوض لے لیا ہے۔ لہٰذا لیوی میرے ہیں۔ 13کیونکہ سَب پہلوٹھے میرے ہیں۔ جَب مَیں نے مُلک مِصر میں سَب پہلوٹھوں کو مارا تھا تَب مَیں نے اِسرائیل کے ہر پہلوٹھے کو خواہ وہ اِنسان کا ہو یا حَیوان کا اَپنے لیٔے مخصُوص کر لیا تھا۔ وہ میرے ہیں۔ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔“
14پھر یَاہوِہ نے سِینؔائی کے بیابان میں مَوشہ سے فرمایا، 15”لیویوں کا اُن کے آبائی خاندانوں اَور برادری کے مُطابق شُمار کر۔ ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے ہر لڑکے کو شُمار کر۔“ 16چنانچہ جَیسا یَاہوِہ نے اَپنے کلام کے ذریعہ حُکم دیا تھا مَوشہ نے اُس کے مُطابق اُن کا شُمار کیا۔
17لیوی کے بیٹوں کے نام یہ تھے:
گیرشون، قُہات اَور مِراریؔ۔
18گیرشون کے گھرانوں کے نام یہ تھے:
لِبنیؔ اَور شِمعیؔ۔
19قُہاتی کی برادری والے یہ ہیں:
عمرامؔ، اِضہاؔر، حِبرونؔ اَور عُزّی ايل
20مِراریؔ کی برادری والے یہ ہیں:
محلیؔ اَور مُوشیؔ۔
لیویوں کی برادری والے اُن کی برادری اَور خاندانوں کے مُطابق یہی تھے۔
21لِبنیؔ اَور شِمعیؔ کی برادری کا گیرشون سے تعلّق تھا۔ یہ گیرشونیوں کی برادری والے تھے۔
22اُن میں ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے لڑکوں کی تعداد جِن کا شُمار کیا گیا تھا 7,500 تھی۔
23گیرشونیوں کی برادری والوں کو مُلاقات کے مَسکن کے پیچھے مغرب کی جانِب ڈیرے ڈالنے تھے۔
24اَور لاایلؔ کا بیٹا اِلیاسفؔ گیرشونیوں کی برادری والوں کا سردار تھا۔
25اَور بنی گیرشون خیمہ اِجتماع میں اِن چیزوں کی دیکھ بھال کے ذمّہ دار تھے، مُلاقات کے خیمہ، اَور اُس کا غلاف، خیمہ اِجتماع کے دروازہ کا پردہ، 26مُلاقات کے مَسکن اَور مذبح کے گِرد کے صحن کے دروازہ کا پردہ اَور رسّیاں اَور اُن کے اِستعمال سے تعلّق رکھنے والے سارے کام بھی اُن کے ذمّہ تھے۔
27عمرامی، اِضہاری، حِبرونی اَور عُزّی ایلیوں کی برادری والے قُہات سے تعلّق رکھتے تھے۔ یہ نَسل قُہاتیوں کے خاندان تھے۔
28اِن میں ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے لڑکوں کی تعداد، جِن کا شُمار کیا گیا تھا 8,600 تھی۔
قُہاتی پاک مَقدِس کے مذبح کی دیکھ بھال کے ذمّہ دار تھے۔
29قُہاتی کی برادری والوں کو مُلاقات کے مَسکن کے جُنوب کی جانِب خیمہ زن ہونا تھا
30اَور عُزّی ايل کا بیٹا اِلیضفنؔ قُہاتی خاندان کی برادری اَور خاندان کا سردار تھا۔
31صندُوق، میز، چراغدان، مذبحوں، عبادت میں کام آنے والے پاک مَقدِس کے ظروف، پردہ اَور اُن کے لیٔے اِستعمال میں آنے والی ہر چیز کی دیکھ بھال اُن کے ذمّہ تھی۔
32اَور اَہرونؔ کاہِنؔ کا بیٹا الیعزرؔ لیویوں کا سردار اعلیٰ تھا۔ وہ اُن لوگوں کے اُوپر مُقرّر کیا گیا تھا جو پاک مَقدِس کی حِفاظت کے ذمّہ دار تھے۔
33محلیؔ اَور مُوشیؔ کی برادری والوں کا تعلّق مِراریؔ سے تھا۔ یہ مِراریؔ نَسل سے تھے۔
34اُن میں ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے لڑکوں کی تعداد جِن کا شُمار کیا گیا تھا 6,200 تھی۔
35اَور اَبی حائیل کا بیٹا ضُوری ایل، مِراریؔ کی برادری کے خاندان کا سردار تھا۔
اُنہیں مُلاقات کے مَسکن کے شمال کی جانِب خیمہ زن ہونا تھا۔
36بنی مِراریؔ کو مُلاقات کے مَسکن کی چوکھٹوں، اُس کے بینڈوں، سُتونوں اَور خانوں، اُس کے تمام سازوسامان اَور اُن کے اِستعمال سے تعلّق رکھنے والی ہر چیز کی ذمّہ داری سونپی گئی 37اَور اِردگرد کے صحن کے سُتونوں اَور اُن کے خانوں، خیموں کی میخوں اَور رسّیوں کی دیکھ بھال کرنا بھی اُن کے ذمّہ تھا۔
38مَوشہ اَور اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو مُلاقات کے خیمہ کے مشرق کی جانِب جہاں سے آفتاب طُلوع ہوتاہے یعنی خیمہ اِجتماع کے سامنے خیمہ زن ہونا تھا۔
وہ بنی اِسرائیل کی خاطِر پاک مَقدِس کی حِفاظت کے ذمّہ دار تھے۔
اگر کویٔی اَور شخص پاک مَقدِس کے قریب جاتا تو وہ جان سے مار دیا جاتا تھا۔
39مَوشہ اَور اَہرونؔ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے لڑکوں سمیت جتنے لیویوں کو اُن کے اَپنے اَپنے گھرانوں کے مُطابق شُمار کیا اُن کی تعداد 22,000 تھی۔
40یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل کے ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے تمام پہلوٹھے لڑکوں کا شُمار کر اَور اُن کے نام کی فہرست مُرتّب کر۔ 41اَور بنی اِسرائیل کے سَب پہلوٹھوں کے عِوض لیویوں کو، اَور بنی اِسرائیل کے مویشیوں کے سَب پہلوٹھوں کے عِوض لیویوں کے مویشیوں کو میرے لیٔے لے۔ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔“
42چنانچہ مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق بنی اِسرائیل کے سَب پہلوٹھوں کا شُمار کیا۔ 43اَور ایک ماہ یا اُس سے زِیادہ عمر کے نرینہ پہلوٹھوں کی تعداد اُن کے ناموں کی فہرست کے مُطابق 22,273 تھی۔
44یَاہوِہ نے مَوشہ سے یہ بھی فرمایا، 45”بنی اِسرائیل کے سَب پہلوٹھوں کے عِوض لیویوں کو اَور اُن کے مویشیوں کے عِوض لیویوں کے مویشیوں کو لیں اَور لیوی میرے ہُوں۔ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔ 46اَور بنی اِسرائیل کے 273 پہلوٹھوں کے فدیہ کے لیٔے جو لیویوں کی تعداد سے زِیادہ ہیں 47پاک مَقدِس کے ثاقل کے حِساب سے جو وزن میں بیس گیراہ کے برابر ہوتاہے فی کس پانچ ثاقل#3‏:47 پانچ ثاقل قریب اٹھّاون گرام لیں۔ 48اَور وہ رُوپیہ اُن زِیادہ اِسرائیلیوں کے فدیہ کے لیٔے اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو دیں۔“
49چنانچہ مَوشہ نے اُن سے جو تعداد میں لیویوں کے چھُڑائے ہوؤں سے زِیادہ تھے فدیہ کا رُوپیہ لیا۔ 50اَور بنی اِسرائیل کے پہلوٹھوں سے اُس نے پاک مَقدِس کے ثاقل کے حِساب سے 1,365 ثاقل#3‏:50 1,365 ثاقل قریب سولہ گرام چاندی وصول کی۔ 51اَور مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق فدیہ کی رقم اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو دیا۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in