YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 31

31
مِدیانیوں سے اِنتقام
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 2”مِدیانیوں سے بنی اِسرائیل کا اِنتقام لے۔ اُس کے بعد تُو اَپنے لوگوں میں جا ملے گا۔“
3چنانچہ مَوشہ نے لوگوں سے کہا، ”اَپنے میں سے چند آدمیوں کو مِدیانیوں کے خِلاف جنگ کرنے اَور اُن سے یَاہوِہ کا اِنتقام لینے کے لیٔے مُسلّح کر لو۔ 4اِسرائیل کے ہر قبیلہ میں سے ایک ایک ہزار آدمی جنگ کے لیٔے بھیجنا۔“ 5چنانچہ اِسرائیل کی برادریوں میں سے فی قبیلہ ایک ہزار کے حِساب سے بَارہ ہزار آدمیوں نے جنگ کے لیٔے ہتھیار باندھ لیٔے۔ 6یُوں مَوشہ نے ہر قبیلہ میں سے ایک ہزار آدمیوں کو جنگ کے لیٔے الیعزرؔ کاہِنؔ کے بیٹے فِنحاسؔ کے ساتھ بھیجا جِس نے پاک مَقدِس کے ظروف اَور جنگ کا نعرہ بُلند کرنے کے لیٔے نرسنگے اَپنے ساتھ لیٔے۔
7اُنہُوں نے یَاہوِہ کے ذریعہ مَوشہ کو دئیے ہویٔے حُکم کے مُطابق وہ مِدیانیوں سے لڑے اَور ہر آدمی کو مار ڈالا 8جِن لوگوں کو اُنہُوں نے موت کے گھاٹ اُتارا اُن میں عیویؔ، رِقمؔ، ضُورؔ، حُورؔ، رِبعؔ اَور یہ پانچ مِدیانی بادشاہ بھی تھے۔ اُنہُوں نے بِلعاؔم بِن بعورؔ کو بھی تلوار سے قتل کیا۔ 9اِسرائیلیوں نے مِدیانی عورتوں اَور بچّوں کو اسیر کیا اَور مِدیانیوں کے مویشیوں کے تمام ریوڑ بھیڑ اَور بکریوں کے تمام گلّے اَور سارا مال و اَسباب لُوٹ لیا۔ 10اُنہُوں نے اُن تمام شہروں کو جہاں مِدیانی آباد تھے اَور اُن کی سَب چھاؤنی کو نذرِ آتِش کر دیا۔ 11تَب اُنہُوں نے لوگوں اَور جانوروں سمیت تمام مالِ غنیمت کو جمع کیا 12اَور تمام اسیروں اَور مالِ غنیمت کو مَوشہ، الیعزرؔ کاہِنؔ اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے پاس اَپنی چھاؤنی میں لے آئے جو یریحوؔ کے مقابل یردنؔ کے کنارے مُوآب کے میدانوں میں تھی۔
13مَوشہ اَور الیعزرؔ کاہِنؔ اَور جماعت کے سَب سردار اُن کے اِستِقبال کے لیٔے چھاؤنی کے باہر گیٔے۔ 14مَوشہ جنگ سے لَوٹے ہویٔے اُن افسران پر جھلّایا جو ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کی قیادت کر رہے تھے۔
15مَوشہ نے اُن سے پُوچھا، ”کیا تُم نے سَب عورتوں کو زندہ رہنے دیا؟“ 16پعورؔ میں جو کچھ ہُوا اُس وقت یہی عورتیں بِلعاؔم کی صلاح سے اِسرائیلیوں کو یَاہوِہ سے برگشتہ کرنے کا ذریعہ بنی تھیں اَور یَاہوِہ کے لوگوں میں وَبا پھیلی تھی۔ 17لہٰذا سَب لڑکوں کو مار ڈالو اَور ہر اُس عورت کو بھی مار ڈالو جو کسی مَرد کے ساتھ ہم بِستر ہو چُکی ہو۔ 18لیکن ہر اُس لڑکی کو اَپنے لیٔے بچائے رکھو جو کبھی کسی مَرد کے ساتھ ہم بِستر نہ ہُوئی ہو۔
19”تُم سَب جنہوں نے کسی کو قتل کیا ہو یا کسی مقتول کو چھُوا ہو سات دِن تک چھاؤنی کے باہر رہے۔ تیسرے اَور ساتویں دِن تُم اَپنے آپ کو اَور اَپنے اسیروں کو پاک کر لو۔ 20تُم ہر کپڑے کو اَور چمڑے، بکری کے بالوں اَور لکڑی سے بنی ہُوئی ہر شَے کو پاک کر لو۔“
21تَب الیعزرؔ کاہِنؔ نے اُن سپاہیوں سے جو جنگ کرنے گیٔے تھے کہا، ”یَاہوِہ کی مَوشہ کو دی ہُوئی آئین کا یہ تَقاضا ہے کہ 22سونا، چاندی، کانسا، لوہا، رانگا اَور سیسہ 23اَور دُوسری کویٔی شَے جو آگ کی تاب لا سکے اُسے آگ میں ڈالا جائے، تَب وہ صَاف ہوگی۔ لیکن اُسے طہارت کے پانی سے بھی پاک کیا جائے۔ اَورجو کچھ آگ کو برداشت نہ کر سکے اُسے اُس پانی میں ڈالا جائے۔ 24ساتویں دِن تُم اَپنے کپڑے دھونا۔ اَور پاک و صَاف ہوکر چھاؤنی میں آجانا۔“
مالِ غنیمت کا تقسیم کرنا
25یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 26”تُو اَور الیعزرؔ کاہِنؔ اَور جماعت کے خاندانوں کے سردار مِل کر اُن لوگوں اَور جانوروں کو شُمار کرو جو اسیر کئے گیٔے تھے۔ 27اَور مالِ غنیمت کو جنگ میں شریک ہونے والے سپاہیوں اَور بقیّہ جماعت کے درمیان تقسیم کرنا۔ 28اُن سپاہیوں کے حِصّہ میں جو جنگ میں لڑے تھے یَاہوِہ کے لیٔے خراج کے طور پر ہر پانچ سَو لوگوں، مویشیوں، گدھوں، بھیڑوں میں سے ایک کے حِساب سے ایک حِصّہ لے لیں۔ 29اُن کے نِصف حِصّہ میں سے تُم یہ خراج لے کر اُسے الیعزرؔ کاہِنؔ کو یَاہوِہ کے نذرانہ کے طور پر دے دینا۔ 30اَور بنی اِسرائیل کے نِصف حِصّہ میں سے ہر پچاس کے پیچھے ایک ایک لینا خواہ وہ اِنسان ہُوں یا مویشی، گدھے، بھیڑیں، یا کویٔی اَور جانور۔ اُنہیں لیویوں کو دینا جو یَاہوِہ کے خیمہ اِجتماع کی حِفاظت کے ذمّہ دار ہیں۔“ 31مَوشہ اَور الیعزرؔ کاہِنؔ نے وُہی کیا۔ جو یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
32لُوٹ کا مال جو سپاہیوں کے ہاتھ لگا تھا اُس کے علاوہ بچا ہُوا مالِ غنیمت یہ تھا: 6,75,000 بکریاں، 3372,000 مویشی، 3461,000 گدھے، 3532,000 اَیسی عورتیں جو کسی مَرد کے ساتھ ہم بِستر نہ ہُوئی تھیں۔
36جنگ میں لڑنے والوں کا نِصف حِصّہ یہ تھا:
3,37,500 بھیڑیں 37جِن میں سے 675 بھیڑیں یَاہوِہ کے لیٔے تھیں
3836,000 مویشی جِن میں یَاہوِہ کے لیٔے 72 تھے؛
39گدھے 30,500 جِن میں یَاہوِہ کے لئے 61 تھے؛
4016,000 مَرد جِن میں 32 یَاہوِہ کے لئے تھے،
41جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُسی کے مُطابق اُس نے وہ رسد الیعزرؔ کاہِنؔ کو یَاہوِہ کے حِصّہ کے طور پر دیا۔
42بنی اِسرائیل کا نِصف حِصّہ جسے مَوشہ نے جنگی مَردوں کے حِصّہ سے الگ کر لیا تھا: 43یعنی جماعت کا نِصف حِصّہ یہ 3,37,500 بھیڑیں، 4436,000 مویشی، 4530,500 گدھے، 4616,000 مَرد۔ 47اَور بنی اِسرائیل کے نِصف حِصّہ میں سے مَوشہ نے خُدا کے حُکم کے مُطابق ہر پچاس مَردوں اَور جانوروں کے پیچھے ایک ایک چُن کر لیویوں کو دیا جو یَاہوِہ کے مَسکن کی حِفاظت کے ذمّہ دار تھے۔
48تَب وہ افسران جو ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کی قیادت کر رہے تھے مَوشہ کے پاس آئے۔ 49اَور مَوشہ سے کہنے لگے، ”تمہارے خادِموں نے اُن سپاہیوں کا جو ہمارے ماتحت تھے شُمار کیا اَور اُن میں سے ایک بھی کم نہ ہُوا۔ 50چنانچہ بازوبند، کنگن، انگُوٹھیاں، کان کی بالیاں اَور گلوبند جَیسی سونے کی چیزوں میں سے جو کچھ ہمارے ہاتھ لگا اُسے ہم یَاہوِہ کے حُضُور میں ہدیہ کے طور پر لایٔے ہیں تاکہ ہمارے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور کفّارہ دیا جائے۔“
51تَب مَوشہ اَور الیعزرؔ کاہِنؔ نے اُن سے وہ سونا لے لیا جو گڑھے ہویٔے گہنوں کی شکل میں تھا۔ 52ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کے سپہ سالاروں سے لیٔے ہویٔے سونے کا وزن جسے مَوشہ اَور الیعزرؔ نے یَاہوِہ کے حُضُور میں نذرانے کے طور پر پیش کیا تھا جو 16,750 ثاقل#31‏:52 16,750 ثاقل تقریباً ایک سَو نوّے کِلوگرام تھا۔ 53ہر جنگی سپاہی نے اَپنے لیٔے کچھ نہ کچھ لے لیا تھا۔ 54مَوشہ اَور الیعزرؔ کاہِنؔ نے ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کے سپہ سالاروں سے سونا لے لیا اَور وہ اُسے یَاہوِہ کے حُضُور میں بنی اِسرائیل کی یادگار کے طور پر خیمہ اِجتماع میں لے آئے۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 31: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in