YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 32

32
یردنؔ کے آرپار کے قبیلے
1بنی رُوبِنؔ اَور بنی گادؔ نے جِن کے پاس جانوروں کے بڑے بڑے ریوڑ اَور گلّے تھے جَب یہ دیکھا کہ یعزیرؔ اَور گِلعادؔ کے مُلک مویشیوں کے لیٔے نہایت اَچھّے ہیں 2تو وہ رُوبِنؔ کے قبیلہ اَور مَوشہ اَور الیعزرؔ کاہِنؔ اَور گادؔ کی جماعت کے سربراہوں کے پاس آکر کہنے لگے، 3”عطاروتؔ دیبونؔ یعزیرؔ، نِمرہؔ، حِشبونؔ، الیعالہؔ سیبامؔ، نبوؔ اَور بعُونؔ، 4کا مُلک جِن پر یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو فتح بخشی مویشیوں کے لیٔے نہایت مُناسب ہے اَور تمہارے خادِموں کے پاس مویشی ہیں۔“ 5پھر اُنہُوں نے کہا، ”اگر ہم پر آپ کی نظرِکرم ہے تو یہ مُلک اَپنے خادِموں کو مِیراث کے طور پر عطا فرما اَور ہم پر یردنؔ پار کرنے کی نَوبَت نہ لا۔“
6مَوشہ نے بنی گادؔ اَور بنی رُوبِنؔ سے کہا، ”کیا تمہارے بھایٔی جنگ کرنے جایٔیں اَور تُم یہیں بیٹھے رہو؟ 7تُم بنی اِسرائیل کا اُس مُلک میں جانے کا حوصلہ کیوں پست کر رہے ہو جسے یَاہوِہ نے اُنہیں دیا ہے؟ 8جَب مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو قادِسؔ برنیع سے اُس مُلک کا مُعائنہ کرنے کے لیٔے بھیجا تھا تو اُنہُوں نے بھی اَیسا ہی کہاتھا۔ 9جَب وہ اِشکلؔ کی وادی تک پہُنچے تو اُس مُلک کو دیکھ کر اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کے حوصلے پست کر دئیے کہ وہ اُس مُلک میں داخل نہ ہُوئے جسے یَاہوِہ نے اُنہیں دیا ہے۔ 10اُس دِن یَاہوِہ کا غضب اُن پر بھڑکا اَور اُنہُوں نے یہ قَسم کھائی: 11’چونکہ اُنہُوں نے میری دِل و جان سے پیروی نہیں کی اِس لیٔے اُن میں سے بیس سال یا اُس سے زِیادہ عمر کا کویٔی بھی شخص جو مِصر سے نکل آیا ہے اُس مُلک کو نہیں دیکھ پایٔےگا جسے دینے کی قَسم مَیں نے اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ اَور یعقوب سے کھائی ہے؛ 12سِوا یفُنّہؔ قِنزّی کے بیٹے کالبؔ اَور یہوشُعؔ بِن نُونؔ کے جنہوں نے دِل و جان سے یَاہوِہ کی پیروی کی۔‘ 13یَاہوِہ کا قہر اِسرائیل کے خِلاف بھڑک اُٹھا اَور اُنہُوں نے اُنہیں چالیس سال تک بیابان میں مارے مارے پھرنے پر مجبُور کیا۔ یہاں تک کہ اُس پُشت کے سَب لوگ جنہوں نے یَاہوِہ کی نظر میں گُناہ کیا تھا نابود ہو گئے۔
14”اَور یہاں تُم ہو۔ اَے گُنہگاروں کی اَولاد جو اَپنے آباؤاَجداد کی جگہ پر کھڑے ہوکر یَاہوِہ کے قہر کو اِسرائیل پر اَور بھی زِیادہ شدید کر رہے ہو۔ 15اگر تُم اُس کی پیروی سے مُنہ موڑوگے تو وہ پھر اُن سَب لوگوں کو بیابان میں چھوڑ دے گا اَور تُم ہی اُن کی تباہی کا باعث ہوگے۔“
16تَب وہ مَوشہ کے پاس آکر کہنے لگے، ”ہم یہاں اَپنے مویشیوں کے لیٔے بھیڑوں کے باڑے اَور اَپنی عورتوں اَور بچّوں کے لیٔے شہر بنانا چاہتے ہیں۔ 17لیکن ہم ہتھیار باندھ کر بنی اِسرائیل سے آگے آگے چلنے کے لیٔے تیّار ہیں جَب تک کہ اُن کو اُن کی جگہ تک نہ پہُنچائیں۔ اِس اَثنا میں ہماری عورتیں اَور بچّے اِس مُلک کے باشِندوں سے بچنے کے لیٔے فصیلدار شہروں میں رہیں گے۔ 18ہم اُس وقت تک اَپنے گھروں کو نہ لَوٹیں گے جَب تک کہ ہر اِسرائیلی اَپنی اَپنی مِیراث کا مالک نہیں ہو جاتا۔ 19ہم اُن کے ساتھ یردنؔ کے اُس پار کویٔی مِیراث نہ لیں گے کیونکہ ہمیں ہماری مِیراث یردنؔ کے مشرق میں ہی مِل چُکی ہے۔“
20تَب مَوشہ نے اُن سے کہا، ”اگر تُم یُوں کرو کہ لڑنے کے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور مُسلّح ہو جاؤ، 21اَور اگر تُم سَب مُسلّح ہوکر یَاہوِہ کے حُضُور یردنؔ پار جاؤ اَور جَب تک وہ اَپنے دُشمنوں کو اَپنے سامنے سے ہٹا نہ دے، 22اَور وہ مُلک یَاہوِہ کے حُضُور میں قبضہ میں نہ آ جائے تَب تک تُم واپس نہ آنا۔ تَب تُم یَاہوِہ اَور اِسرائیل کے نزدیک اَپنے فرض سے سبکدوش ہو جاؤگے اَور یہ مُلک یَاہوِہ کے حُضُور تمہاری مِلکیّت ہو جائے گا۔
23”لیکن اگر تُم اَیسا نہ کروگے تو یَاہوِہ کے گُنہگار ٹھہروگے اَور یقین جانو کہ تمہارا گُناہ تُمہیں پکڑ لے گا۔ 24لہٰذا اَپنی عورتوں اَور بچّوں کے لیٔے شہر تعمیر کرو اَور اَپنے گلّوں کے لیٔے بھیڑوں کے باڑے بناؤ لیکن تُم نے جو وعدہ کیا ہے اُسے پُورا کرو۔“
25تَب بنی گادؔ اَور بنی رُوبِنؔ نے مَوشہ سے کہا، ”تمہارے خادِم اَپنے آقا کے حُکم کے مُطابق ہی کریں گے۔ 26ہمارے بال بچّے، ہماری بھیڑ بکریوں کے گلّے اَور ہمارے مویشیوں کے ریوڑ یہاں گِلعادؔ کے شہروں میں رہیں گے 27لیکن تمہارے خادِموں میں سے ہر آدمی جَیسا کہ ہمارا آقا فرماتا ہے لڑائی کے لیٔے مُسلّح ہوکر یَاہوِہ کے حُضُور لڑنے کو یردنؔ پار جائے گا۔“
28تَب مَوشہ نے اُن کے بارے میں الیعزرؔ کاہِنؔ کو یہوشُعؔ بِن نُونؔ کو اَور اِسرائیلی قبیلوں کے خاندانوں کے سربراہوں کو ہدایات دیں۔ 29مَوشہ نے اُن سے کہا، ”اگر بنی گادؔ اَور بنی رُوبِنؔ کا ہر آدمی لڑائی کے لیٔے مُسلّح ہوکر یَاہوِہ کے حُضُور میں تمہارے ساتھ یردنؔ پار کر لے اَور جَب اُس مُلک پر تمہارا قبضہ ہو جائے تَب تُم گِلعادؔ کا مُلک اُنہیں مِیراث میں دینا۔ 30لیکن اگر وہ مُسلّح ہوکر تمہارے ساتھ پار نہ جایٔیں تو وہ مُلکِ کنعانؔ میں تمہارے ساتھ اَپنی مِیراث قبُول کر لیں۔“
31تَب بنی گادؔ اَور بنی رُوبِنؔ نے جَواب دیا، ”تمہارے خادِم وَیسا ہی کریں گے جَیسا یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے۔ 32ہم مُسلّح ہوکر یَاہوِہ کے حُضُور میں اُس پار مُلکِ کنعانؔ میں جایٔیں گے لیکن جو جائداد ہمیں مِیراث میں ملے وہ یردنؔ کے اِس پار ہی ہو۔“
33تَب مَوشہ نے بنی گادؔ، بنی رُوبِنؔ اَور یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کے نِصف قبیلہ کو امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کی اَور باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کی مملکت یعنی اُن کا سارا مُلک دے دیا جِس میں اُن کے تمام شہر اَور اُن کے اِردگرد کے علاقے شامل تھے۔
34بنی گادؔ نے دیبونؔ، عطاروتؔ، عروعؔر، 35عطروتؔ شوفانؔ، یعزیرؔ، یُگبِہؔا، 36بیت نِمرہؔ اَور بیت حارانؔ جَیسے فصیلدار شہر تعمیر کئے اَور اَپنے گلّوں کے لیٔے بھیڑوں کے باڑے بنائے۔ 37اَور بنی رُوبِنؔ نے حِشبونؔ، الیعالہؔ اَور قِریتائم کو اَز سَر نَو تعمیر کیا، 38اَور نبوؔ اَور بَعل مِعُون (یہ نام تبدیل کئے گیٔے) اَور سِبماہؔ بھی تعمیر کئے۔ اُنہُوں نے اَپنے تعمیر کَردہ نئے شہروں کے دُوسرے نام رکھے۔
39منشّہ کے بیٹے مکیرؔ کی نَسل کے لوگوں نے گِلعادؔ جا کر اُس پر قبضہ کر لیا اَور وہاں جو امُوری تھے اُنہیں نکال دیا۔ 40چنانچہ مَوشہ نے گِلعادؔ کا علاقہ مکیرؔ بِن منشّہ کو دے دیا اَور اُس کی نَسل کے لوگ وہاں بس گیٔے۔ 41اَور منشّہ کے بیٹے یائیرؔ نے اِردگرد کی بستیوں پر قبضہ کر لیا اَور اُن کا نام حوّوت یائیرؔ#32‏:41 حوّوت یائیرؔ یائیرؔ کی بستیاں رکھا۔ 42اَور نوبحؔ نے قناتؔ اَور اُس کے گرد و نواح کی بستیوں کو اَپنے قبضہ میں لے لیا اَور اُس علاقہ کا نام اَپنے ہی نام پر نوبحؔ رکھا۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 32: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in