گِنتی 30
30
قَسموں سے متعلّق آئین
1مَوشہ نے اِسرائیل کے قبیلوں کے سربراہوں سے کہا: ”یَاہوِہ نے یہ حُکم دیا ہے: 2جَب کویٔی آدمی یَاہوِہ کی مَنّت مانے یا قَسم کھا کر کویٔی عہدوپیمان کر بیٹھے تو وہ اَپنا عہد نہ توڑے بَلکہ جو کچھ اُس نے کہا ہے اُسے پُورا کرے۔
3”جَب کویٔی عورت اَپنے باپ کے گھر میں رہتے ہویٔے یَاہوِہ سے مَنّت مانے یا کویٔی عہدوپیمان کر بیٹھے 4اَور اُس کا باپ اُس کی مَنّت یا عہد کے بارے میں سُن کر اُس سے کچھ نہ کہے تو اُس کی سَب مَنّتیں اَور عہدوپیمان جو اُس نے اَپنے اُوپر فرض کر لیا ہے برقرار رہیں گے۔ 5لیکن اگر اُس کا باپ جَب یہ سُن لے اَور اُسے منع کر دے تو اُس کی کویٔی مَنّت یا کویٔی عہدوپیمان جسے اُس نے اَپنے اُوپر فرض کر لیا ہو برقرار نہیں رہے گا۔ یَاہوِہ اُسے مُعاف کر دیں گے کیونکہ اُس کے باپ نے اُسے منع کیا ہے۔
6”اگر وہ مَنّت ماننے کے بعد بیاہ کر لے یا اُس کے ہونٹوں پر ناعاقبت اَندیشی کی وجہ سے کویٔی اَیسی بات آ جائے جو اُس نے اَپنے اُوپر فرض ٹھہرائی ہو 7اَور اُس کا خَاوند اُن کے بارے میں سُن کر اُس سے کچھ نہ کہے تو اُس کی مَنّتیں یا عہدوپیمان جو اُس نے اَپنے اُوپر فرض ٹھہرائے ہیں برقرار رہیں گے۔ 8لیکن اگر اُس کا خَاوند جَب یہ سُن لے اَور اُسے منع کر دے تو وہ اُس مَنّت کو اَور ناعاقبت اَندیشی کی وجہ سے کئے ہویٔے وعدے کو جو اُس نے اَپنے اُوپر فرض ٹھہرایا ہو منسُوخ کرتا ہے تو یَاہوِہ اُسے مُعاف کر دیں گے۔
9”لیکن کویٔی بِیوہ یا مُطلّقہ عورت جو مَنّت مانے یا اَپنے اُوپر کویٔی پابندی عاید کر لے وہ برقرار رہے گی۔
10”اگر کویٔی عورت اَپنے خَاوند کے ساتھ رہتے ہویٔے کویٔی مَنّت مانے یا قَسم کھا کر اَپنے اُوپر کویٔی پابندی عاید کر لیتی ہے 11اَور اُس کا خَاوند ہے سُن کر اُس سے کچھ نہ کہے اَور اُسے منع نہ کرے تو اُس کی ساری مَنّتیں اَور اُس کی اَپنے آپ پر عاید کی ہُوئی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ 12لیکن اگر اُس کا خَاوند اُنہیں سُننے کے بعد منسُوخ کر دیتاہے تو اُس کے مُنہ سے نکلی ہُوئی کویٔی مَنّت یا پابندی برقرار نہ رہے گی۔ اُس کے خَاوند نے اُنہیں منسُوخ کیا ہے اَور یَاہوِہ اُسے مُعاف کر دیں گے۔ 13اُس کا خَاوند اُس کی مانی ہُوئی کسی بھی مَنّت کو یا قَسم کھا کر پرہیزگاری کے لیٔے اَپنے اُوپر عاید کی ہُوئی کسی بھی پابندی کو قائِم رکھ سَکتا ہے یا منسُوخ کر سَکتا ہے۔ 14لیکن اگر اُس کا خَاوند اُس کے متعلّق کسی دِن بھی اُس سے کچھ نہ کہے تَب وہ اُس کی تمام مَنّتیں اَور خُود پر عاید کی ہُوئی پابندیاں برقرار رکھتا ہے۔ وہ اِس لیٔے برقرار رہتی ہیں کہ اُس نے اُن کے متعلّق سُن کر بھی اُس سے کچھ نہ کہا۔ 15البتّہ اگر وہ اُن کے بارے میں سُننے کے کچھ عرصہ بعد اُنہیں منسُوخ کرتا ہے تو وہ اُس کے گُناہ کا ذمّہ دار ہوگا۔“
16خَاوند اَور بیوی کے درمیان اَور باپ اَور اُس کے گھر میں رہتی ہُوئی اُس کی جَوان بیٹی کے درمیان آپَس کے تعلّقات کے متعلّق یَاہوِہ نے یہ ضوابط مَوشہ کو دئیے۔
موجودہ انتخاب:
گِنتی 30: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.