گِنتی 10

10
چاندی کے نرسنگے
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”گڑھی ہُوئی چاندی کے دو نرسنگے بنا لے اَور اُنہیں جماعت کو جمع کرنے اَور چھاؤنی کے کُوچ کرنے کے لیٔے کام میں لانا۔ 3اَور جَب دونوں نرسنگے پھُونکے جایٔیں تَب ساری جماعت خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر تمہارے سامنے جمع ہو جائے۔ 4لیکن اگر ایک نرسنگا ہی پھُونکا جائے تو صِرف وہ لوگ جو بنی اِسرائیل کے برادریوں کے رئیس یعنی سربراہ ہیں تمہارے سامنے اِکٹھّے ہُوں۔ 5جَب سانس باندھ کر زور سے نرسنگا پھُونکا جائے تو جو قبیلے مشرق کی جانِب مُقیم ہیں وہ کُوچ کریں۔ 6جَب دوبارہ سانس باندھ کر زور سے نرسنگا پھُونکا جائے تو جُنوب کی جانِب والی چھاؤنیوں کو کُوچ کریں۔ لہٰذا سانس باندھ کر زور سے نرسنگا پھُونکا جانا کُوچ کا اِشارہ ہوگا۔ 7جماعت کو جمع کرنے کے لیٔے بھی نرسنگے پھُونکے جایٔیں لیکن اُن کی آوازوں کو زِیادہ طُول دیا جائے۔
8”اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے نرسنگے پھُونکیں۔ یہ فرمان تمہارے اَور تمہاری آئندہ پُشتوں کے لیٔے دائمی فرمان قائِم رہے۔ 9جَب تُم اَپنے ہی مُلک میں کسی اَیسے دُشمن سے لڑنے کے لیٔے نکلو جو تُم پر ظُلم ڈھاتا ہے تَب سانس باندھ کر زور سے نرسنگے پھُونکنا۔ تَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور یاد کئے جاؤگے اَور اَپنے دُشمنوں سے رِہائی پاؤگے۔ 10اَور اَپنی خُوشی کے موقعوں جَیسے اَپنی مُقرّرہ عیدوں اَور نئے چاند کے جَشن اَور اَپنی سوختنی نذروں اَور سلامتی کی نذر کی قُربانیوں کے موقعوں پر تُم نرسنگے پھُونکو اَور وہ تمہارے خُدا کے حُضُور میں تمہاری یادگارہو جانے کا باعث ہوں گے۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔“
بنی اِسرائیل کا دشتِ سِینؔائی سے کُوچ کرنا
11دُوسرے سال کے دُوسرے ماہ کے بیسویں دِن وہ بادل شہادت کے مَسکن پر سے اُٹھ گیا۔ 12تَب بنی اِسرائیل نے سِینؔائی کے بیابان سے کُوچ کیا اَور جابجا سفر کرتے رہے یہاں تک کہ وہ بادل پارانؔ کے بیابان میں جا کر ٹھہرگیا۔ 13چنانچہ اُنہُوں نے مَوشہ کی مَعرفت دئیے ہویٔے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق پہلا کُوچ کیا۔
14پہلے یہُوداہؔ کی چھاؤنی کے دستے اَپنے جھنڈے اُونچے کرکے روانہ ہویٔے اَور عَمّیندابؔ کا بیٹا نحشونؔ اُن کی قیادت کر رہاتھا۔ 15ضُعرؔ کا بیٹا نتنی ایل یِسَّکاؔر کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا 16اَور حیلونؔ کا بیٹا اِلیابؔ زبُولُون کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا۔ 17تَب مَسکن اُتارا گیا اَور بنی گیرشون اَور بنی مِراریؔ نے جو اُسے اُٹھائے ہویٔے تھے کُوچ کیا۔
18پھر رُوبِنؔ کی چھاؤنی کے دستے اَپنے جھنڈے اُونچے کرکے روانہ ہویٔے اَور شدِیُورؔ کا بیٹا اِلیضُورؔ اُن کی قیادت کر رہاتھا۔ 19ضُوریشدّؔی کا بیٹا سلُومی ایل شمعُونؔ کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا۔ 20اَور دعُوایلؔ کا بیٹا اِلیاسفؔ، گادؔ کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا۔ 21تَب قُہاتیوں نے مُقدّس چیزیں اُٹھائے ہویٔے کُوچ کیا۔ اُن کے پہُنچنے سے پہلے ضروُری تھا کہ مَسکن کھڑا کر دیا جائے۔
22پھر اِفرائیمؔ کے قبیلہ کے دستے اَپنے جھنڈے اُونچے کرکے روانہ ہویٔے۔ عمّیہُوؔد کا بیٹا اِلیشمعؔ اُن کی قیادت کر رہاتھا۔ 23پِداہضُورؔ کا بیٹا گَملی ایل منشّہ کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا۔ 24اَور ابیدانؔ بِن گِدعونیؔ بِنیامین کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا۔
25اَور آخِر میں دانؔ کی چھاؤنی کے دستے اَپنے جھنڈے کے ساتھ سارے دستوں کے پیچھے روانہ ہویٔے۔ احیعزر بِن عمّی شدّؔی اُن کی قیادت کر رہاتھا۔ 26عُکرانؔ کا بیٹا پگعِیلؔ آشیر کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا، 27اَور عینانؔ کا بیٹا اَخیرعؔ نفتالی کے قبیلہ کے دستوں کی قیادت کر رہاتھا۔ 28چنانچہ جَب اِسرائیلی دستے کُوچ کرتے تھے تو اِسی ترتیب کے مُطابق آگے روانہ ہوتے تھے۔
29مَوشہ نے اَپنے سسُر رِعوایلؔ مِدیانی کے بیٹے حوبابؔ سے کہا، ”ہم اُس مقام کی طرف کُوچ کر رہے ہیں جِس کے متعلّق یَاہوِہ نے فرمایاہے، ’میں اُسے تُمہیں دُوں گا!‘ لہٰذا تُو بھی ہمارے ساتھ چل اَور ہم تمہارے ساتھ نیک سلُوک کریں گے کیونکہ یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل سے نیکی کا وعدہ کیا ہے۔“
30اُس نے جَواب دیا، ”نہیں میں نہیں چلتا۔ میں تو اَپنے مُلک اَور اَپنے لوگوں میں لَوٹ جاؤں گا۔“
31لیکن مَوشہ نے کہا، ”مہربانی سے ہمیں چھوڑکر نہ جاؤ کیونکہ تُم ہی بتا سکتے ہو کہ بیابان میں ہم کہاں قِیام کریں: اَور تُم ہمارے لیٔے آنکھوں کا کام دے سکتے ہو۔ 32اگر تُم ہمارے ساتھ چلوگے تو ہر نیکی میں جو یَاہوِہ ہمارے ساتھ کریں گے تُم بھی برابر کے حِصّہ دار ہوگے۔“
33چنانچہ وہ یَاہوِہ کے پہاڑ سے چل پڑے اَور تین دِن تک سفر کرتے رہے اَور اُن تین دِنوں میں یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُن کے قِیام کرنے کے لیٔے جگہ تلاش کرتا ہُوا اُن کے آگے آگے چلتا رہا۔ 34اَور جَب وہ اَپنی چھاؤنی سے کُوچ کرتے تو یَاہوِہ کا بادل اُن کے اُوپر دِن بھر سایہ کئے رہتا تھا۔
35جَب صندُوق کُوچ کرتا تھا تو مَوشہ کہتا تھا،
”اَے یَاہوِہ اُٹھیں!
آپ کے دُشمن پراگندہ ہو جایٔیں؛
اَور آپ کے حریف آپ کے سامنے سے بھاگ جایٔیں۔“
36اَور جَب کبھی وہ ٹھہر جاتا تھا تو وہ کہتا تھا،
”اَے یَاہوِہ،
ہزاروں ہزار اِسرائیلیوں میں لَوٹ کر آ جائیں۔“

موجودہ انتخاب:

گِنتی 10: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in