گِنتی 9

9
عیدِفسح
1اُن کے مُلک مِصر سے نکل آنے کے دُوسرے سال کے پہلے مہینے میں یَاہوِہ سِینؔائی کے بیابان میں مَوشہ سے مُخاطِب ہُوا۔ اُنہُوں نے کہا، 2”بنی اِسرائیل مُقرّرہ وقت پر عیدِفسح منائیں۔ 3اِسی ماہ کی چودھویں تاریخ کی شام کے وقت تُم اُسے مُقرّرہ وقت پر اُس ضوابط کے مُطابق منانا۔“
4چنانچہ مَوشہ نے بنی اِسرائیل کو عیدِفسح منانے کے لیٔے کہا، 5اَور اُنہُوں نے پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کی شام کو سِینؔائی کے بیابان میں عیدِفسح منایا اَور بنی اِسرائیل نے وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
6لیکن کچھ لوگ اُس روز عیدِفسح نہ منا سکے کیونکہ اُن میں سے کچھ لوگ اَیسے بھی تھے جو کسی لاش کو چھُونے کے سبب سے ناپاک ہو گئے تھے۔ چنانچہ وہ اُسی دِن مَوشہ اَور اَہرونؔ کے پاس آئے 7اَور مَوشہ سے کہنے لگے، ”ہم تو کسی لاش کو چھُونے کے سبب سے ناپاک ہو چُکے ہیں پھر ہم لوگ دُوسرے اِسرائیلیوں کے ساتھ مُقرّرہ وقت پر یَاہوِہ کی قُربانی پیش کرنے سے کیوں محروم رکھے جایٔیں؟“
8مَوشہ نے اُنہیں جَواب دیا، ”جَب تک میں پتا نہ لگاؤں کہ یَاہوِہ تمہارے حق میں کیا حُکم دیتے ہیں تُم ٹھہرے رہو۔“
9تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 10”بنی اِسرائیل سے کہہ، ’تُم میں سے یا تمہاری نَسل میں سے جو لوگ کسی لاش کو چھُونے کی وجہ سے ناپاک ہو چُکے ہُوں یا کہیں دُور سفر میں ہُوں تو بھی وہ یَاہوِہ کے لیٔے عیدِفسح منائیں۔ 11وہ اُسے دُوسرے مہینے کے چودھویں دِن کی شام کو منائیں اَور فسح کے گوشت کو بے خمیری روٹی اَور کڑوے ساگ پات کے ساتھ کھایٔیں۔ 12اَور اُس میں سے کچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑا جائے، اُن کی کوئی بھی ہڈّی نہ توڑی جائے۔ اَور جَب وہ عیدِفسح منائیں تو اُس کی تمام شَریعت پر عَمل کریں۔ 13لیکن جو شخص رسماً پاک ہو اَور سفر میں بھی نہ ہو اگر وہ عیدِفسح نہ منائے تو وہ اَپنی قوم میں سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اُس نے مُقرّرہ وقت پر یَاہوِہ کی قُربانی پیش نہیں کی۔ اُس آدمی کا گُناہ اُسی کے سَر لگے گا۔
14” ’اگر کویٔی مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی جو تمہارے ساتھ بُودوباش کرتا ہو یَاہوِہ کے لیٔے فسح کرنا چاہے تو وہ اُسے اُس کے ضوابط کے مُطابق مانے۔ تُم مُلک اِسرائیل کے باشِندے اَور غَیراِسرائیلی باشِندے دونوں کے لیٔے ایک ہی ضوابط رکھنا۔‘ “
خیمہ اِجتماع کے اُوپر بادل کا چھا جانا
15جِس دِن پاک مَسکن یعنی عہد کا خیمہ نصب ہُوا، اُس دِن اُس پر بادل چھا گیا اَور شام سے لے کر صُبح تک وہ بادل پاک مَسکن کے اُوپر آگ کی مانند نظر آتا رہا۔ 16اَور ہمیشہ اَیسا ہی ہوتا تھا، خیمہ پر بادل چھایا رہتا تھا اَور رات کو وہ آگ کی مانند نظر آتا تھا۔ 17اَور جَب وہ بادل خیمے کے اُوپر سے چھٹ جاتا تھا تو بنی اِسرائیل کُوچ کرتے تھے اَور جہاں وہ بادل جا کر ٹھہر جاتا تھا وہاں اِسرائیلی قِیام کرتے تھے اَور جَب تک وہ بادل ٹھہرا رہتا تھا اِسرائیلی بھی وہاں ڈیرے ڈالے رہتے تھے۔ 18بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُکم سے کُوچ کرتے اَور اُسی کے حُکم سے وہ ڈیرے بھی ڈالتے تھے، اَور جَب تک بادل مَسکن پر ٹھہرا رہے وہ چھاؤنی میں رہے۔ 19جَب بادل کافی عرصہ تک مَسکن پر ٹھہرا رہتا تھا تو بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق کُوچ نہ کرتے تھے۔ 20بعض اوقات وہ بادل چند ہی دِنوں تک مَسکن پر رہتا تھا اَور تَب بھی وہ یَاہوِہ کے حُکم سے ڈیرے ڈالے پڑے رہتے اَور جَب وہ حُکم دیتا تو وہ کُوچ کرتے تھے۔ 21کبھی تو وہ بادل شام سے لے کر صُبح تک ہی ٹھہرا رہتا تھا اَور جَب وہ صُبح کو اُٹھ جاتا تھا تو وہ کُوچ کرتے تھے۔ لہٰذا دِن ہو یا رات جَب بھی وہ بادل اُٹھ جاتا تھا وہ روانہ ہو جاتے تھے۔ 22چاہے بادل مَسکن پر دو دِن مہینے بھر یا پُورے سال ٹھہرا رہتا بنی اِسرائیل بھی چھاؤنی میں ٹھہرے رہتے اَور کُوچ نہ کرتے تھے۔ لیکن جَب وہ اُٹھ جاتا تو وہ بھی چل پڑتے تھے۔ 23یَاہوِہ کے حُکم سے وہ خیمہ زن ہوتے اَور یَاہوِہ ہی کے حُکم سے وہ کُوچ کرتے۔ یُوں وہ یَاہوِہ کے حُکم کو بجا لاتے تھے جو اُنہیں مَوشہ کی مَعرفت دیا گیا تھا۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 9: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in