گِنتی 11
11
یَاہوِہ کی جانِب سے آتِش کا نازل ہونا
1پھر لوگ یَاہوِہ سے اَپنی تکالیف کی شکایت کرنے لگے اَور جَب اُنہُوں نے اُنہیں سُنا تو اُن کا غضب بھڑک اُٹھا۔ تَب یَاہوِہ کی آتِش اُن کے درمیان بھڑکی جِس سے اُن کی چھاؤنی کے چاروں طرف کے علاقے بھسم ہونے لگے۔ 2تَب لوگوں نے مَوشہ سے آہ و زاری کی اَور اُس نے یَاہوِہ سے دعا کی اَور وہ آگ بُجھ گئی۔ 3اِس لیٔے اُس جگہ کا نام تبعیرہؔ#11:3 تبعیرہؔ جلنا پڑا کیونکہ یَاہوِہ کی آگ اُن کے درمیان جَل اُٹھی تھی۔
یَاہوِہ کی جانِب سے بٹیریں
4بنی اِسرائیل میں شامل ہونے والے جمع لوگ کھانے کی دُوسری چیزوں کی خواہش کرنے لگے، اَور بنی اِسرائیل بھی آہ و زاری کرنے لگے، ”کاش کہ ہمیں کھانے کو گوشت مِل سَکتا! 5ہمیں اُس مچھلی کی جسے ہم مِصر میں مُفت کھاتے تھے اَور اُن کھیروں، خربوزوں، گندنوں، ہری پیاز اَور لہسن کی بھی یاد آتی ہے۔ 6لیکن اَب ہماری بھُوک مَر چُکی ہے؛ اَور ہم اِس منّا کے علاوہ اَور کچھ دیکھ ہی نہیں پاتے!“
7منّا دھنیے کی مانند تھا اَور وہ دال کی طرح دِکھائی دیتا تھا۔ 8لوگ اِدھر اُدھر جا کر اُسے جمع کرتے اَور اُسے چکّی میں پیستے یا اوکھلی میں کُوٹ لیتے تھے۔ پھر اُسے کسی برتن میں پکاتے تھے یا اُس کے پھُلکے بناتے تھے اَور اُس کا مزہ زَیتُون کے تیل کا سا ہوتا تھا۔ 9رات کو جَب چھاؤنی پر اوس پڑتی تھی تَب منّا بھی گِرتا تھا۔
10مَوشہ نے ہر خاندان کے افراد کو اَپنے اَپنے خیمہ کے دروازہ پر واویلا کرتے ہویٔے سُنا۔ یَاہوِہ نہایت غضبناک ہُوئے اَور مَوشہ بھی پریشان ہو گیا۔ 11مَوشہ نے یَاہوِہ سے پُوچھا، ”آپ اَپنے خادِم پر یہ مُصیبت کیوں لائے؟ آخِر مَیں نے اَیسا کون سا کام کیا تھا آپ کی نظرِکرم مُجھ پر سے اُٹھی جِس سے آپ ناراض ہُوئے اَور اِن سَب لوگوں کا بوجھ مُجھ پر ڈال دیا؟ 12کیا یہ سَب لوگ میرے پیٹ میں پڑے تھے؟ کیا یہ مُجھ ہی سے پیدا ہویٔے؟ پھر آپ مُجھے کیوں کہتے ہیں ’میں ایک دایہ کی مانند جو کسی نَوزائیدہ بچّے کو لیٔے پھرتی ہے اُنہیں اَپنی گود میں اُٹھاکر‘ اُس مُلک میں لے جاؤں جِس کے دینے کی قَسم آپ نے اُن کے آباؤاَجداد سے کھائی ہے؟ 13میں اِن سَب کے لیٔے گوشت کہاں سے لاؤں؟ وہ یہ کہہ کر میرے سامنے گڑگڑاتے ہیں، ’ہمیں گوشت کھانے کو دیں!‘ 14میں اکیلا اِن سَب کو کیسے سنبھالوں؟ یہ بوجھ میری طاقت سے باہر ہے۔ 15اگر آپ میرے ساتھ اَیسا ہی سلُوک کرتے ہیں تو براہِ کرم مجھ سے ابھی میری جان لے لیں۔ اگر مَیں نے آپ سے نظرِکرم پائی ہے تو میں اَپنی تباہی سے دوچار نہ ہونے پاؤں۔“
16یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”بنی اِسرائیل کے بُزرگوں میں سے ستّر اَیسے لوگوں کو میرے حُضُور میں جمع کر جنہیں تُو جانتا ہے کہ وہ قوم کے سردار اَور منصبدار ہیں اَور اُنہیں خیمہ اِجتماع کے پاس لے آنا کہ وہ تمہارے ساتھ وہاں کھڑے ہُوں۔ 17تَب مَیں نیچے اُتر آؤں گا اَور تُجھ سے وہاں باتیں کروں گا اَور مَیں اُس رُوح میں سے جو تُجھ پر ہے کچھ لے کر اُس رُوح کو اُن پر ڈال دُوں گا۔ وہ لوگوں کا بوجھ اُٹھانے میں تمہاری مدد کریں گے تاکہ تُمہیں اکیلے بوجھ اُٹھانا نہ پڑے۔
18”لوگوں سے کہو، ’کل گوشت کھانے کے لیٔے اَپنے آپ کو پاک کر لو۔ جَب تُم یہ کہہ کر آہ و زاری کر رہے تھے، ”کاش ہمیں گوشت کھانے کو ملتا! ہم مِصر ہی میں اَچھّے تھے!“ یَاہوِہ نے تمہاری فریاد سُن لی ہے۔ لہٰذا وہ تُمہیں گوشت دیں گے اَور تُم اُسے کھاؤگے۔ 19تُم صِرف ایک یا دو دِن یا پانچ، دس یا بیس دِن ہی نہیں، 20بَلکہ پُورے ایک ماہ تک اُسے کھاتے رہوگے یہاں تک کہ وہ تمہارے نتھنوں سے نکلنے لگے گا اَور تُمہیں اُس سے گھن آنے لگے گی کیونکہ تُم نے یَاہوِہ کو جو تمہارے درمیان ہے ترک کر دیا اَور اُن کے سامنے یہ کہہ کر آہ و زاری کی، ”ہم مِصر سے کیوں نکل آئے؟“ ‘ “
21لیکن مَوشہ نے کہا، ”سَب لوگ جو میرے ساتھ ہیں اِن میں چھ لاکھ تو پیادے ہی ہیں اَور آپ کہتے ہیں، ’میں اِنہیں اِتنا گوشت دُوں گا کہ وہ مہینے بھر اُسے کھاتے رہیں گے!‘ 22اگر بھیڑ بکریوں کے گلّے اَور مویشیوں کے ریوڑ بھی اُن کے لیٔے ذبح کئے جایٔیں تو کیا اُن کے لیٔے بس ہوں گے؟ اَور اگر سمُندر کی ساری مچھلیاں لائی جایٔیں تو کیا وہ اُن کے لیٔے کافی ہُوں گی؟“
23یَاہوِہ نے مَوشہ کو جَواب دیا، ”کیا یَاہوِہ کا ہاتھ اِس قدر چھوٹا ہو گیا ہے؟ اَب تُو دیکھ لے گا کہ میرا قول پُورا ہوتاہے یا نہیں۔“
24تَب مَوشہ نے باہر جا کر لوگوں کو یَاہوِہ کی باتیں کہہ سُنائیں۔ اُس نے اُن میں سے ستّر سربراہ بُزرگوں کو جمع کیا اَور اُنہیں خیمہ کے اِردگرد کھڑا کر دیا۔ 25تَب یَاہوِہ بادل میں ہوکر اُترے اَور اُنہُوں نے مَوشہ سے باتیں کیں اَور اُس رُوح میں سے جو مَوشہ پر تھا کچھ لے کر اُسے اُن ستّر سردار بُزرگوں پر ڈال دیا۔ اَور جَب وہ رُوح اُن پر اُترا تَب اُنہُوں نے نبُوّت کی لیکن بعد میں پھر کبھی نہ کیا۔
26البتّہ دو شخص جِن کے نام اِلدادؔ اَور میدادؔ تھے چھاؤنی میں رہ گیٔے تھے۔ اُن کے نام بُزرگوں کی فہرست میں درج تھے لیکن وہ خیمہ کے پاس نہیں آئےتھے۔ پھر بھی اُن پر رُوح اُتر آیا اَور وہ چھاؤنی میں نبُوّت کرنے لگے۔ 27ایک نوجوان دَوڑتا ہُوا مَوشہ کے پاس گیا اَور کہا، ”اِلدادؔ اَور میدادؔ چھاؤنی میں نبُوّت کر رہے ہیں۔“
28تَب یہوشُعؔ بِن نُونؔ نے، جو اَپنی جَوانی ہی سے مَوشہ کا مُعاوِن رہ چُکاتھا کہا، ”اَے میرے آقا مَوشہ! اُنہیں روک دیں!“
29لیکن مَوشہ نے جَواب دیا، ”کیا تُمہیں میری خاطِر رشک آتا ہے؟ کاش کہ یَاہوِہ کے سَب لوگ نبی ہوتے اَور یَاہوِہ اَپنی رُوح اُن سَب پر ڈالتے!“ 30تَب مَوشہ اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگ چھاؤنی میں لَوٹ آئے۔
31پھر یَاہوِہ کی طرف سے ایک آندھی چلی اَور سمُندر سے بٹیریں اُڑا لائی اَور اُنہیں چھاؤنی کے چاروں طرف زمین پر ڈال دیا۔ اَور اُن کی کثرت کا یہ حال تھا کہ ایک دِن کی مَسافت تک ہر طرف اُن کی دو دو ہاتھ#11:31 دو دو ہاتھ تقریباً نوّے سینٹی میٹر اُونچی تہہ لگی ہُوئی تھی۔ 32پُورے دِن اَور پُوری رات اَور دُوسرے دِن بھی لوگوں نے باہر جا کر بٹیریں جمع کیں اَور کسی نے بھی دس حُومر#11:32 دس حُومر یعنی، مُمکنہ طور پر تقریباً ایک میٹرک ٹن اَور چھ سَو کِلوگرام سے کم نہ بٹوریں اَور اُنہیں چھاؤنی کے چاروں طرف پھیلا دیا۔ 33لیکن گوشت ابھی اُن کے دانتوں کے درمیان ہی تھا اَور وہ اُسے نگل بھی نہ پایٔے تھے کہ یَاہوِہ کا قہر اُن پر بھڑکا اَور وہ ایک نہایت شدید وَبا کے باعث مار ڈالے گیٔے۔ 34اِس لیٔے اُس جگہ کا نام قِبروتؔ ہتّاوہؔ#11:34 قِبروتؔ ہتّاوہؔ خواہش کی قبریں رکھا گیا کیونکہ وہ لوگ جنہوں نے کسی دُوسری قِسم کی غِذا کی حِرص کی تھی وہاں دفن کئے گیٔے تھے۔
35تَب وہ لوگ قِبروتؔ ہتّاوہؔ سے سفر کرکے حَضِیروتؔ کو گیٔے اَور وہاں خیمہ زن ہویٔے۔
موجودہ انتخاب:
گِنتی 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.