YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 4

4
تعمیر کی مُخالفت
1جَب سنبلّطؔ نے سُنا کہ ہم فصیل کو دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں تو وہ خفا ہُوا اَور غُصّہ سے آگ بگُولہ ہو گیا۔ اَور یہُودیوں کا مذاق اُڑانے لگا۔ 2وہ اَپنے ساتھیوں اَور سامریہؔ کی فَوج کی مَوجُودگی میں کہنے لگاکہ، ”یہ ناتواں یہُودی کیا کر رہے ہیں؟ کیا وہ اَپنی فصیل پھر سے کھڑی کر سکیں گے؟ کیا وہ قُربانیاں چڑھائیں گے؟ کیا وہ ایک ہی دِن میں سَب کچھ کر لیں گے؟ کیا وہ جلے ہُوئے پتّھروں کو کوڑوں کے ڈھیر سے نکال کر پھر سے نیا بنا سکیں گے؟“
3طُوبیاہؔ عمُّونی نے جو اُس کے ساتھ تھا کہا، ”جو کچھ وہ تعمیر کر رہے ہیں اگر کویٔی لومڑی بھی اُس پر چڑھ جائے تو وہ پتّھروں کی اِس فصیل کو گرا دے گی۔“
4اَے ہمارے خُدا! ہماری سُنیں کیونکہ ہماری تحقیر و توہین کی گئی ہے۔ اُن کی ملامت کو اُن ہی کے سَر ڈال دیں۔ اُنہیں اسیری کے مُلک میں مالِ غنیمت بنا کر رکھ دیں۔ 5اُن کے قُصُور آپ کی نگاہ سے مٹائے نہ جائیں اَور اُن کے گُناہ قائِم رہیں کیونکہ اُنہُوں نے مِعماروں کے سامنے بُرا بھلا کہا ہے۔
6پس ہم نے فصیل کو دوبارہ تعمیر کیا یہاں تک کہ وہ اَپنی آدھی اُونچائی تک پہُنچ گئی کیونکہ لوگوں نے خُوب دِل لگا کر کام کیا تھا۔
7لیکن جَب سنبلّطؔ، طُوبیاہؔ، عربوں، عمُّونیوں اَور اشدُودؔ کے لوگوں نے سُنا کہ یروشلیمؔ کی فصیل کی مرمّت شروع ہو چُکی ہے اَور شگاف بند کئے جا رہے ہیں تو وہ بڑے طیش میں آئے۔ 8اَور اُن سَب نے باہم مِل کر یروشلیمؔ کے خِلاف جنگ چھیڑ دینے کی سازش کی تاکہ شہر میں ابتری پھیل جائے۔ 9لیکن ہم نے اَپنے خُدا سے دعا کی اَور اُس خطرے کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے دِن رات پہرا بِٹھاتے رکھا۔
10اِسی دَوران یہُوداہؔ کے لوگوں نے کہا، ”اَب مزدُوروں کے بازوؤں میں طاقت نہیں رہی اَور ملبہ ابھی تک وَیسے ہی پڑا ہُواہے۔ لگتا ہے کہ ہم فصیل تعمیر نہیں کر سکیں گے۔“
11ہمارے دُشمنوں کا بھی کہنا ہے کہ، ”اِس سے پیشتر کہ ہمیں مَعلُوم ہو یا ہم اُنہیں دیکھ سکیں وہ ہمارے درمیان پہُنچ جایٔیں گے اَور ہمیں مار ڈالیں گے اَور کام بند کروا دیں گے۔“
12تَب اُن یہُودیوں نے جو اُن کے قرب و جوار میں رہتے تھے آکر دس مرتبہ ہمیں یہی بات بتایٔی، ”خواہ ہم کہیں کا رُخ کریں دُشمن ہم پر حملہ کر دیں گے۔“
13اِس وجہ سے فصیل کی سَب سے نیچی جگہوں کے پیچھے اُن مقامات پر جہاں سے حملہ کا خطرہ تھا مَیں نے کچھ لوگوں کو اُن کی تلواروں، نیزوں اَور کمانوں کے ساتھ اُن کے خاندانوں کے مُطابق تعینات کر دیا۔ 14اُس اِنتظام کے بعد مَیں نے کھڑے ہوکر اُمرا، اہلکاروں اَور دیگر لوگوں سے کہا، ”اُن سے مت ڈرو۔ یَاہوِہ کو یاد کرو جو عظیم اَور مُہیب ہے۔ اَور اَپنے خاندانوں، بیٹوں، بیٹیوں اَور اَپنی بیویوں اَور اَپنے گھروں کی خاطِر جنگ کرو۔“
15جَب ہمارے دُشمنوں کو بھی مَعلُوم ہو گیا کہ ہمیں اُن کی سازش کا پتا چل گیا ہے اَور خُدا نے اُن کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے، تو ہم سَب اَپنے اَپنے کام پر فصیل کی طرف لَوٹ آئے۔
16اُس دِن کے بعد سے میرے آدھے آدمی کام کرتے اَور باقی آدھے نیزوں، ڈھالوں، کمانوں اَور زرہ بکتر سے مُسلّح رہتے اَور وہ جو حاکم تھے یہُوداہؔ کے سارے لوگوں کے پیچھے مَوجُود رہتے تھے۔ 17جو فصیل تعمیر کر رہے تھے۔ اَور وہ جو بوجھ اُٹھاتے اَور ڈھوتے تھے اُن میں سے ہر ایک اَپنے ایک ہاتھ سے کام کرتا تھا اَور دُوسرے ہاتھ میں ہتھیار لیٔے رہتا تھا۔ 18اَور مِعماروں میں سے ہر ایک کام کرتے وقت اَپنی کمر پر تلوار باندھے رہتا تھا لیکن نرسنگا پھُونکنے والا آدمی میرے پاس مَوجُود رہتا تھا۔
19پھر مَیں نے اُمرا، حُکاّم اَور باقی لوگوں سے کہا، ”کام بہت بڑا ہے اَور دُور تک پھیلا ہُواہے اَور ہم فصیل پر الگ الگ ایک دُوسرے سے دُور رہتے ہیں۔ 20لہٰذا جہاں کہیں بھی تُم نرسنگے کی آواز سُنو وہاں سے آکر ہمارے ساتھ شامل ہو جاؤ اَور ہمارے خُدا ہماری طرف سے لڑیں گے۔“
21یُوں ہم پَو پھٹنے سے لے کر تاروں کے نکلنے تک آدھے نیزہ بردار آدمیوں کے ساتھ کام جاری رکھتے تھے۔ 22اُس وقت مَیں نے لوگوں سے یہ بھی کہا، ”ہر ایک آدمی اَپنے مددگار کے ہمراہ رات کو یروشلیمؔ کے اَندر ٹھہرے تاکہ رات کو وہ ہمارے لیٔے پہرا دیا کریں اَور دِن کو کام کیا کریں۔“ 23نہ میں، نہ میرے بھایٔی، نہ میرے آدمی اَور نہ میرے پہرےدار اَپنے کپڑے اُتارتے بَلکہ ہر کویٔی سِوائے نہاتے وقت ہتھیار بند ہی رہتا تھا۔

موجودہ انتخاب:

نحمیاہ 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in