نحمیاہ 5
5
نحمیاہ کا غریبوں کی مدد کرنا
1پھر آدمیوں اَور اُن کی بیویوں نے اَپنے یہُودی بھائیوں کے خِلاف شوروغل مچانا شروع کر دیا۔ 2بعض کہتے تھے کہ، ”ہم اَور ہمارے بیٹے اَور بیٹیاں بہت ہیں۔ ہمیں اناج مِلنا چاہئے تاکہ ہم کھایٔیں اَور زندہ رہیں۔“
3بعض کہتے تھے کہ قحط میں اناج حاصل کرنے کے لیٔے ہم نے اَپنے کھیتوں، ”اَپنے انگوری باغات اَور اَپنے گھروں کو گروی رکھ دیا ہے۔“
4اَور کیٔی تھے جو کہتے تھے کہ، ”ہم نے اَپنے کھیتوں اَور انگوری باغات پر بادشاہ کا لگان اَدا کرنے کے لیٔے قرض لیا تھا۔ 5اگرچہ ہم اَور ہمارے بھایٔی ایک ہی گوشت اَور خُون کے بنے ہُوئے ہیں اَور ہمارے بیٹے بھی اُتنے ہی اَچھّے ہیں جتنے اُن کے تاہم ہمیں اَپنے بیٹے اَور بیٹیوں کو مُلازمت کے لیٔے غُلامی قبُول کرنی پڑتی ہے۔ اَور ہماری کچھ بیٹیاں تو پہلے ہی غُلامی میں پہُنچ چُکی ہیں۔ لیکن ہم بےبس ہیں کیونکہ ہمارے کھیت اَور انگوری باغ دُوسروں کے قبضہ میں ہیں۔“
6جَب مَیں نے اُن کی شوروغل اَور یہ شکایت سُنیں تو مُجھے بڑا غُصّہ آیا 7مَیں نے اَپنے دِل میں سوچا اَور اُمرا اَور حُکاّم کو قُصُوروار ٹھہرایا۔ مَیں نے اُنہیں ملامت کی کہ، ”تُم اَپنے ہی بھائیوں سے سُود لیتے ہو!“ اَور اُن کے خِلاف کاروائی کرنے کے لیٔے مَیں نے بہت سے لوگوں کو جمع کیا 8اَور کہا: ”جہاں تک ممکن تھا ہم نے اُن یہُودی بھائیوں کو جو غَیریہُودیوں کو بیچ دئیے گیٔے تھے خرید کر چھُڑا لیا۔ اَب تُم اَپنے ہی یہُودی بھائیوں کو بیچ رہے ہو کہ وہ پھر واپس ہمیں ہی بیچ دئیے جایٔیں!“ وہ خاموش رہے کیونکہ اُن کے پاس کہنے کو کچھ نہ تھا۔
9چنانچہ مَیں نے مزید کہا، ”جو کچھ تُم کر رہے ہو وہ دُرست نہیں ہے۔ کیا تمہارے لیٔے لازِم نہیں کہ اَپنے خُدا کے خوف میں چلو اَور اَپنے غَیریہُودی دُشمنوں کی ملامت سے بچو؟ 10مَیں نے اَور میرے بھائیوں اَور میرے مُلازمین نے بھی لوگوں کو نقدی اَور اناج قرض پر دیا ہے۔ ہمیں یہ سُود مُعاف کردینا چاہئے! 11اُن کے کھیت، انگوری باغ، زَیتُون کے باغ اَور مکان فوراً اُنہیں واپس کر دو اَور وہ بھاری سُود بھی جو تُم نقدی، اناج، نئی مے اَور تیل کے سَوویں حِصّہ کے طور پر جبراً وصول کرتے ہو لَوٹا دو۔“
12تَب اُنہُوں نے کہا، ”ٹھیک ہے، ہم واپس کر دیں گے اَور ہم اُن سے اَور کسی چیز کا مطالبہ بھی نہیں کریں گے۔ جَیسے آپ نے فرمایاہے ہم وَیسا ہی کریں گے۔“
تَب مَیں نے کاہِنوں کو طلب کیا اَور اُمرا اَور حاکموں کو قَسم دِلائی کہ وہ وُہی کریں گے جِس کا اُنہُوں نے وعدہ کیا ہے۔ 13پھر مَیں نے اَپنی چادر کے شکنوں کو بھی جھاڑا اَور کہا، ”خُدا بھی اِسی طرح اُس آدمی کے گھر اَور مال و متاع کو جھاڑ دے جو اَپنے وعدہ پر قائِم نہ رہے۔ اَیسا آدمی اِسی طرح جھاڑا اَور نکال پھینکا جائے۔“
اِس پر ساری جماعت نے کہا، ”آمین،“ اَور یَاہوِہ کی تمجید کی۔ اَور لوگوں نے وَیسا ہی کیا جَیسا کہ اُنہُوں نے وعدہ کیا تھا۔
14علاوہ اَزیں ارتخشستاؔ بادشاہ کی سلطنت کے بیسویں بَرس سے لے کر جَب مَیں یہُودیؔہ کی سرزمین کا حاکم مُقرّر ہُوا اُس کے بتّیسویں سال تک یعنی بَارہ بَرس کے عرصہ تک نہ مَیں نے اَور نہ ہی میرے بھائیوں نے وہ کھانا جو حاکم کے لیٔے مخصُوص ہوتاہے کھایا۔ 15لیکن میرے پیش رَو حاکم لوگوں پر ایک بھاری بوجھ بنے ہُوئے تھے۔ وہ رعایا سے غِذا اَور مَے کے علاوہ چالیس ثاقل چاندی#5:15 چالیس ثاقل چاندی تقریباً 460 گرام لیتے تھے اَور اُن کے مُلازمین بھی لوگوں پر حُکومت جتاتے تھے۔ لیکن خُدا کے خوف کی وجہ سے مَیں نے اَیسا نہ کیا 16بَلکہ اُس فصیل کے کام میں برابر مشغُول رہا۔ اَور میرے تمام مُلازمین بھی وہاں جمع ہوکر کام کرتے تھے۔ ہم نے تو زمین تک نہیں خریدی۔
17علاوہ اَزیں ایک سَو پچاس یہُودی اَور اہلکار نیز وہ بھی جو گِردونواح کی اَقوام سے ہمارے پاس آتے تھے میرے دسترخوان پر کھانا کھاتے تھے۔ 18میرے لیٔے ہر روز ایک بَیل، چھ موٹی تازی بھیڑیں اَور مُرغ وغیرہ تیّار کئے جاتے تھے۔ اَور ہر دسویں روز ہر قِسم کی مَے کثرت سے مُہیّا کی جاتی تھی۔ اِن سَب کے باوُجُود مَیں نے حاکم کے لیٔے مخصُوص خُوراک کبھی طلب نہ کی کیونکہ لوگ پہلے ہی غُلامی کے بوجھ تلے دبے ہُوئے تھے۔
19اَے میرے خُدا! جو کچھ مَیں نے لوگوں کے لیٔے کیا ہے اُسے آپ مُجھ پر کرم فرما کے یاد رکھیں۔
موجودہ انتخاب:
نحمیاہ 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.