YouVersion Logo
تلاش

اَحبار 9

9
کاہِنوں کا اَپنی خدمت شروع کرنا
1آٹھویں دِن مَوشہ نے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگوں کو بُلایا۔ 2اَور مَوشہ نے اَہرونؔ سے فرمایا، ”اَپنے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے ایک بے عیب بچھڑا اَور اَپنی سوختنی نذر کے لیٔے ایک بے عیب مینڈھا لو اَور اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرو۔ 3اَور پھر بنی اِسرائیل کو حُکم دو، ’تُم گُناہ کی قُربانی کے لیٔے ایک بکرا لو اَور سوختنی نذر کے لیٔے ایک سال کا بے عیب بچھڑا اَور ایک سال کا بے عیب برّہ لو، 4اَور سلامتی کی نذر کے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور قُربانی پیش کرنے کے لیٔے ایک بَیل اَور ایک مینڈھا، اَور تیل سے سنی ہُوئی اناج کی نذر بھی لو، کیونکہ آج یَاہوِہ تُم پر ظاہر ہوں گے۔‘ “
5پھر وہ ساری چیزیں خیمہ اِجتماع کے سامنے لے آئے، جِن کا مَوشہ نے حُکم دیا تھا، اَور ساری جماعت نزدیک آکر یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑی ہو گئی۔ 6پھر مَوشہ نے اُن سے فرمایا، ”یہ وہ کام ہے جِس کو کرنے کا یَاہوِہ نے تُمہیں حُکم دیا ہے تاکہ یَاہوِہ کا جلال تُم پر ظاہر ہو۔“
7اِس کے بعد مَوشہ نے اَہرونؔ سے فرمایا، ”مذبح کے نزدیک آ جاؤ، اَور اَپنے گُناہ کی قُربانی اَور سوختنی نذر پیش کرو تاکہ تُم خُود کے لیٔے اَور اُمّت کے لیٔے کفّارہ دو؛ اِس کے بعد اُمّت کے واسطے قُربانی پیش کرو اَور کفّارہ پُورا کر سکو، جَیسا کہ یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے۔“
8لہٰذا اَہرونؔ نے مذبح کے پاس جا کر اُس بچھڑے کو اَپنے گُناہ کی قُربانی کے طور پر ذبح کیا۔ 9اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے اُن کے پاس خُون لے آئے اَور اُنہُوں نے اُس خُون میں اَپنی اُنگلی ڈُبو ڈُبو کر اُس خُون کو مذبح کے سینگوں پر لگایا اَور باقی بچے خُون کو مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دیا۔ 10پھر اُنہُوں نے گُناہ کی قُربانی کی چربی، گُردے اَور جگر کے اُوپر کی جھِلّی کو مذبح پر جَلا دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 11لیکن گوشت اَور کھال کو چھاؤنی کے باہر جَلا دیا۔
12اَور پھر اُس نے سوختنی نذر کے جانور کو ذبح کیا اَور اُس کے بیٹوں نے جانور کا خُون اُن کے ہاتھ میں دیا اَور اَہرونؔ نے اُسے مذبح کے چاروں طرف چھڑک دیا۔ 13اَور اُنہُوں نے سوختنی نذر کے ٹکڑے کرکے سَر سمیت اُنہیں دئیے اَور اُنہُوں نے اُنہیں مذبح پر آگ میں جَلا دیا۔ 14اَور اَہرونؔ نے آنتوں اَور پایوں کو دھوکر اُنہیں مذبح پر سوختنی نذر کے اُوپر جَلا دیا۔
15پھر اَہرونؔ نے اُس نذر کو پیش کیا جو اُمّت کے لیٔے تھی۔ پھر اُنہُوں نے اُس بکرے کو بطور اُمّت کے گُناہ کی قُربانی کے واسطے ذبح کیا اَور بطور گُناہ کی قُربانی پیش کیا جَیسا کہ اُس نے پہلی قُربانی گُناہ کی قُربانی کے طور پر پیش کی تھی۔
16اَور اُنہُوں نے سوختنی نذر کے جانور کو بھی لیا اَور حُکم کے مُطابق اُس کی قُربانی دی۔ 17پھر وہ اناج کی نذر بھی لائے اَور اُس میں سے مُٹّھی بھر لے کر اُسے صُبح کی سوختنی نذر کے علاوہ مذبح پر جَلایا۔
18اَور اُنہُوں نے بَیل اَور مینڈھے کو اُمّت کی سلامتی کی نذر کی قُربانی کے طور پر ذبح کیا اَور اَہرونؔ کے بیٹے جانور کا خُون اُن کے پاس لایٔے اَور اُنہُوں نے اُسے مذبح کے چاروں طرف چھڑک دیا۔ 19لیکن بَیل اَور مینڈھے کے چربی والے حِصّے یعنی موٹی دُم کو، آنتوں کے اُوپر کی چربی کو، گُردوں اَور جگر کے اُوپر کی جھِلّی کو اُنہیں دے دیا؛ 20اَور اُنہُوں نے چربی والے حِصّہ کو سِینوں پر رکھا اَور پھر اَہرونؔ نے اُنہیں مذبح پر آگ میں جَلا دیا۔ 21مگر اَہرونؔ نے سینے اَور داہنی ران کو یَاہوِہ کے حُضُور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کیا جَیسا مَوشہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
22پھر اَہرونؔ نے اَپنے ہاتھ اُمّت کی طرف اُٹھاکر اُنہیں برکت دی اَور گُناہ کی قُربانی، سوختنی نذر اَور سلامتی کی نذر پیش کرنے کے بعد نیچے اُتر آئے۔
23اَور پھر مَوشہ اَور اَہرونؔ خیمہ اِجتماع کے اَندر چلے گیٔے اَور جَب وہ باہر آئے تو اُنہُوں نے اُمّت کو برکت دی تَب یَاہوِہ کا جلال پُوری اُمّت پر ظاہر ہُوا۔ 24اَور یَاہوِہ کی حُضُوری سے آگ نکلی جِس نے مذبح پر سوختنی نذر اَور چربی کو بھسم کر دیا اَور جَب لوگوں نے اِسے دیکھا تو سَب کے سَب خُوشی سے نعرے مارنے لگے اَور مُنہ کے بَل گِر کر سَجدہ کیا۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 9: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in