اَحبار 8
8
اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کا مَسح
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو اَور ساتھ میں اُن کے لباس، مَسح کا تیل، گُناہ کی قُربانی کے بچھڑے اَور دو بے عیب مینڈھے اَور ایک ٹوکری میں بے خمیری روٹیاں لے آؤ، 3اَور ساری جماعت کو خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کرو۔“ 4اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُنہُوں نے وَیسا ہی کیا اَور جماعت خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہو گئی۔
5تَب مَوشہ نے جماعت سے فرمایا، ”جِس کام کو پُورا کرنے کا حُکم یَاہوِہ نے دیا ہے وہ یہ ہے۔“ 6پھر مَوشہ نے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو سامنے پیش کیا اَور اُنہیں پانی سے غُسل دِلایا۔ 7اَور مَوشہ نے اَہرونؔ کو کرتا پہناکر اُن پر کمربند لپیٹا اَور اُن کو لباس پہناکر اُس پر افُود لگایا اَور افُود کے کمربند کو جسے کسی ماہر کاریگر نے بُنا تھا اُس پر کس کر لپیٹ دیا۔ 8اَور پھر اَہرونؔ کو سینہ بند پہنایا اَور اُس میں اُوریمؔ اَور تُمّیمؔ لگا دئیے۔ 9پھر مَوشہ نے اَہرونؔ کے سَر پر عمامہ رکھ کر اُس پر سامنے کی طرف سونے کی تختی یعنی مُقدّس تاج لگا دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
10پھر مَوشہ نے مَسح کا تیل لیا اَور مَسکن کو اَور اُس کے اَندر کی ہر چیز کو مَسح کیا اَور یُوں اُن کو مُقدّس کیا۔ 11اَور کُچھ مَسح کا تیل لے کر اُسے سات بار مذبح پر چھِڑکا، مذبح اَور اُس کے تمام ظروف، پانی کے حوض اَور اُس کی چوکی کو مَسح کرکے اُن کو مُقدّس کیا۔ 12پھر اَہرونؔ کو مُقدّس کرنے کے لیٔے مَسح کے تیل میں سے کچھ لیا اَور اُسے اُن کے سَر پر ڈال کر اُن کا مَسح کیا۔ 13پھر مَوشہ نے اَہرونؔ کے بیٹوں کو سامنے بُلایا اَور اُن کو چوغے پہنائے اَور اُن پر کمرکاپٹکہ لَپیٹا اَور اُن کے سَروں پر ٹوپیاں پہنا دیں؛ جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
14پھر مَوشہ گُناہ کی قُربانی کے لیٔے بچھڑا لایٔے اَور اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں نے اُس کے سَر پر ہاتھ رکھے 15اَور مَوشہ نے اُس بچھڑے کو ذبح کیا اَور اُس کا کچھ خُون لے کر اَپنی اُنگلی سے اُسے مذبح کے تمام سینگوں پر لگایا تاکہ مذبح پاک ہو جائے اَور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دیا اَور اِس طرح اُس نے کفّارہ دے کر مذبح کو مُقدّس کیا۔ 16اَور مَوشہ نے آنتوں کے اُوپر کی ساری چربی اَور جگر پر کی جھِلّی اَور دونوں گُردوں کو اُن کی چربی سمیت لے کر اُنہیں مذبح پر جَلا دیا۔ 17لیکن بچھڑے کو اُس کی کھال اَور اُس کے گوشت اَور گوبر سمیت چھاؤنی سے باہر آگ میں جَلا دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
18اَور پھر مَوشہ سوختنی نذر کے لیٔے مینڈھے کو سامنے لائے اَور اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں نے اُس کے سَر پر اَپنے ہاتھ رکھے۔ 19پھر مَوشہ نے اُس مینڈھے کو ذبح کیا اَور اُس کا خُون مذبح کے چاروں طرف چھڑک دیا۔ 20اَور مَوشہ نے اِس مینڈھے کو کاٹ کر اُس کے ٹکڑے کئے اَور اُس کے سَر، ٹُکڑوں اَور چربی کو جَلا دیا۔ 21اَور مَوشہ نے اُس مینڈھے کی آنتوں اَور پایوں کو پانی سے دھویا اَور پُورے مینڈھے کو مذبح پر جَلا دیا۔ یہ سوختنی نذر یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو والی غِذا کی آتِشی قُربانی ہے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
22اَور پھر مَوشہ دُوسرے تخصیصی مینڈھے کو سامنے لائے اَور اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں نے اُس کے سَر پر اَپنے ہاتھ رکھے 23اَور مَوشہ نے اُس مینڈھے کو ذبح کیا اَور اُس کا کچھ خُون لے کر اَہرونؔ کے داہنے کان کی لَو پر اَور داہنے ہاتھ اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھوں پر لگایا۔ 24اَور مَوشہ اَہرونؔ کے بیٹوں کو بھی سامنے لایٔے اَور اُس خُون میں سے کچھ اُن کے داہنے کانوں کی لَو پر اَور اُن کے داہنے ہاتھوں اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھوں پر لگایا۔ اَور پھر اُنہُوں نے باقی خُون مذبح کے چاروں طرف چھڑک دیا۔ 25اَور مَوشہ نے چربی اَور موٹی دُم اَور آنتوں کے اُوپر کی ساری چربی اَور جِگر کے اُوپر کی جھِلّی اَور دونوں گُردوں، اَور اُن کی چربی اَور داہنی ران کو لیا۔ 26اَور یَاہوِہ کے حُضُور رکھی بے خمیری روٹی کی ٹوکری میں سے اُس نے ایک بے خمیری روٹی اَور زَیتُون کے تیل سے سنی ہُوئی ایک روٹی اَور تیل سے بنا ہُوا ایک کُلچہ لے کر اُنہیں چربی اَور داہنی ران پر رکھا۔ 27اَور مَوشہ نے اِن سَب کو اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور ہلایا۔ 28اَور پھر مَوشہ نے اُنہیں اُن کے ہاتھوں سے لے کر مذبح پر سوختنی نذر کے ساتھ بطور تخصیصی قُربانی جَلا دیا تاکہ جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا یَاہوِہ کے لیٔے یہ ایک فرحت بخش خُوشبو والی غِذا کی آتِشی قُربانی ہو۔ 29اَور مَوشہ نے مینڈھے کا سینہ بھی لیا جو کہ اُس تخصیصی مینڈھے میں سے مَوشہ کا حِصّہ تھا، اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر ہلایا؛ جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
30اَور پھر مَوشہ نے مَسح کرنے کا کچھ تیل اَور مذبح سے کچھ خُون لے کر اَہرونؔ پر اَور اُن کے لباس پر اَور اُن کے بیٹوں پر اَور اُن کے لباسوں پر چھِڑکا۔ اِس طرح مَوشہ نے اَہرونؔ اَور اُن کے لباس کو اَور اُن کے بیٹوں اَور اُن کے لباسوں کو مُقدّس کیا۔
31اَور پھر مَوشہ نے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں سے فرمایا، ”اِس گوشت کو خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر اُبالو اَور اُسے وہیں اُس روٹی کے ساتھ کھاؤ جو تخصیصی نذر کی ٹوکری میں ہے، جَیسا کہ مُجھے خُدا کی طرف سے حُکم دیا گیا تھا، ’اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے اُسے کھایٔیں۔‘ 32اَور پھر باقی بچے ہویٔے گوشت اَور روٹی کو جَلا دینا۔ 33اَور سات دِن تک خیمہ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا، جَب تک تمہارے مَسح کی مُدّت پُوری نہ ہو جائے کیونکہ تمہاری مَسح کی مُدّت سات دِن کی ہوگی۔ 34اَورجو کچھ آج کیا گیا ہے اُس کا حُکم یَاہوِہ نے دیا تھا تاکہ تمہارے لیٔے کفّارہ ہو۔ 35اَور تُم لازماً سات دِن تک دِن اَور رات خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر ہی ٹھہرے رہنا اَور یَاہوِہ کا حُکم ماَننا تاکہ تُم مرنے سے بچے رہو کیونکہ مُجھے اَیسا ہی حُکم دیا گیا ہے۔“
36لہٰذا اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں نے وہ سَب کچھ یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق کیا جو یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت دیا تھا۔
موجودہ انتخاب:
اَحبار 8: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.