اَحبار 7
7
خطا کی قُربانی
1” ’اَور خطا کی قُربانی کے لیٔے جو کہ نہایت مُقدّس ہے یہ ضوابط ہیں: 2خطا کی قُربانی کا جانور اُسی جگہ ذبح کیا جائے جہاں سوختنی نذر کا جانور ذبح کیا جاتا ہے اَور اُس کا خُون مذبح کے مقابل تمام اطراف میں چھڑک دیا جائے۔ 3اَور پھر اُس کی ساری چربی نذر گزرانی جائے یعنی اُس کی موٹی دُم اَور وہ چربی جو آنتوں کو ڈھانکتی ہے، 4اَور دونوں گُردوں کے ساتھ اُن کی چربی جو کمر کے قریب رہتی ہے اَور جگر کے اُوپر کی جھِلّی، اُنہیں وہ گُردوں کے ساتھ ہی الگ کر دیا جائے۔ 5اَور کاہِنؔ اُن کو یَاہوِہ کے لیٔے بطور غِذا آتِشی قُربانی مذبح پر جَلائے۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 6اَور کاہِنؔ کے گھرانے کا ہر مَرد اِسے کھا سَکتا ہے لیکن یہ کسی پاک مَقدِس کی جگہ میں ہی کھائی جائے؛ کیونکہ یہ نہایت ہی پاک ہے۔
7” ’اَور خطا کی قُربانی اَور گُناہ کی قُربانی دونوں کے لیٔے ایک ہی آئین عَمل میں لایا جائے اَور اُنہیں وُہی کاہِنؔ کھائے جو اِس کا کفّارہ دیتاہے۔ 8اَور وہ کاہِنؔ جو کسی اِنسان کے لیٔے سوختنی نذر پیش کرتا ہے وہ سوختنی نذر کے جانور کی کھال اَپنے لیٔے رکھ سَکتا ہے۔ 9اُسی طرح ہر ایک اناج کی قُربانی جو تنور یا کڑاہی میں یا توے پر پکائی گئی ہو، وہ سَب کُچھ اُسی کاہِنؔ کی ہوگی جو اُسے پیش کرتا ہے۔ 10اَور ہر ایک اناج کی قُربانی خواہ اُس میں تیل مِلا ہو یا وہ خشک ہو اَہرونؔ کے سَب بیٹوں کو برابر حِصّہ ملے گا۔
سلامتی کی قُربانی
11” ’اَور سلامتی کی نذر کی قُربانی کے لیٔے جسے کویٔی اِنسان یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے، یہ ضوابط ہیں:
12” ’اگر وہ اِسے شُکر گُزاری کے طور پر پیش کرے تَب وہ شُکر گزاری کی قُربانی کے ساتھ تیل سے گُندھے ہویٔے بے خمیری روٹی اَور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمیری ٹکیاں اَور تیل سے اَچھّی طرح گُندھے ہویٔے مَیدے کی روٹیاں بھی گذرانے۔ 13اَور شُکر گُزاری کی سلامتی کی نذر کی قُربانی کے ساتھ وہ خمیری ٹکیاں بھی نذر گزرانے۔ 14اَور ہر قُربانی کی ایک ایک روٹی یَاہوِہ کے لیٔے نذرانہ کے طور پر لایٔے؛ اَور یہ اُسی کاہِنؔ کا ہوگا جو سلامتی کی نذر کا خُون مذبح پر چھڑکتا ہے۔ 15شُکر گُزاری کی سلامتی کی نذر کا گوشت کاہِنؔ کو اُسی دِن کھا لینا چاہیے جِس دِن وہ قُربانی پیش کرتا ہے اَور صُبح تک اُس میں سے کچھ بھی بچا کر نہ رکھے۔
16” ’لیکن اگر اُس کی قُربانی کسی مَنّت کی یا رضا کی قُربانی ہو تو، وہ قُربانی اُسی دِن کھائی جائے جِس دِن وہ گذرانی جائے۔ اَور اگر کچھ بچ جایٔے تو اُسے اگلے دِن کھایا جا سَکتا ہے۔ 17لیکن جو کُچھ اُس قُربانی کے گوشت میں سے تیسرے دِن تک بچا رہ جایٔے تو وہ آگ میں جَلا دیا جائے۔ 18اِس لیٔے اگر وہ سلامتی کی نذر کا گوشت تیسرے دِن کھاتا ہے، تو وہ قُربانی قبُول نہ ہوگی اَور نہ ہی اُسے گذراننے والے کو اُس کا کویٔی اجر ملے گا کیونکہ وہ مکرُوہ ہے۔ اَورجو اِنسان اُس میں سے کچھ کھائے، تو اُس کا گُناہ اُسی کے سَر لگے گا۔
19” ’اَورجو گوشت کسی ناپاک چیز سے چھُو جائے، تو اُسے ہرگز نہ کھایا جائے۔ بَلکہ اُسے آگ میں جَلا دیا جائے اَور قُربانی کا دُوسرا گوشت، جو رسماً پاک ہے اُسے کھا سَکتا ہے۔ 20لیکن اگر کویٔی ناپاک اِنسان سلامتی کی نذر کی قُربانی کا کچھ گوشت کھائے جو یَاہوِہ کا حِصّہ ہے، تو اُس اِنسان کو لازماً اَپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے۔ 21اگر کویٔی اِنسان کسی ناپاک چیز کو چھُولے، چاہے وہ اِنسان کی ناپاکی ہو یا کویٔی ناپاک جانور کی یا کویٔی نجِس مکرُوہ شَے ہو، اَور سلامتی کی نذر کی قُربانی میں سے کچھ گوشت کھائے جو یَاہوِہ کا حِصّہ ہے، تو وہ اِنسان بھی لازماً اَپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے۔‘ “
چربی اَور خُون کھانا ممنوع
22یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 23”بنی اِسرائیل سے کہو: ’تُم کسی بَیل، بھیڑ یا بکری کی چربی نہ کھانا۔ 24جو جانور خُود بہ خُود مَرا ہُوا ہو یا اُسے جنگلی جانوروں نے پھاڑ ڈالا ہو، تُم اُس کی چربی کو دیگر کاموں کے لیٔے اِستعمال کر سکتے ہو لیکن تُم اُسے ہرگز نہ کھانا۔ 25جو اِنسان اُس جانور کی چربی کھاتا ہے جسے یَاہوِہ کے لیٔے بطور غِذا آتِشی قُربانی پیش کی گئی ہو تو وہ اَپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے۔ 26اَور جہاں کہیں بھی تُم اَپنے گھر میں رہو وہاں تُم کسی پرندے یا جانور کا خُون ہرگز نہ کھانا۔ 27اگر کویٔی اِنسان خُون کھائے تو وہ لازماً اَپنے لوگوں میں سے خارج کیا جائے۔‘ “
کاہِنوں کا حِصّہ
28اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 29”بنی اِسرائیل کو حُکم دو، ’جو کویٔی یَاہوِہ کے حُضُور سلامتی کی نذر گذرانے، وہ اُس کا ایک حِصّہ اَپنی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور گذرانے۔ 30اَور وہ خُود اَپنے ہاتھوں میں یَاہوِہ کو بطور غِذا آتِشی قُربانی کے لیٔے چربی اَور سینہ ساتھ لایٔے اَور سینہ کو اُوپر اُٹھاکر یَاہوِہ کے حُضُور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کرے۔ 31کاہِنؔ اُس چربی کو مذبح پر جَلا دے لیکن وہ سینہ اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کا حِصّہ ہوگا۔ 32اَور تُم اَپنی سلامتی کی نذروں کی قُربانی کی داہنی ران کاہِنؔ کو نذرانہ کے طور پر دے دینا۔ 33اَور اَہرونؔ کے بیٹوں میں سے جو سلامتی کی نذر کا خُون اَور چربی گزرانے، تو قُربانی کی داہنی ران اُس کے حِصّہ کے طور پر اُسی کی ہوگی۔ 34کیونکہ مَیں نے بنی اِسرائیل کی سلامتی کی نذروں میں سے ہلانے کی نذر کی قُربانی کا وہ سینہ اَور وہ ران جو نذر کی جاتی ہے، اُنہیں کاہِنؔ اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو دے دیا ہے کہ وہ بنی اِسرائیل کی جانِب سے کاہِنؔ کا دائمی حِصّہ ہو۔‘ “
35یہ یَاہوِہ کی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں میں سے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کے مَسح ہونے کا حِصّہ ہے جو اُس دِن مُقرّر کیا گیا جَب اُنہیں بطور کاہِنؔ یَاہوِہ کے حُضُور خدمت اَنجام دینے کے لیٔے حاضِر کیا گیا تھا۔ 36جِس دِن اُنہیں مَسح کیا گیا، اُسی دِن یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو حُکم دیا کہ کاہِنوں کو اُن کا یہ دائمی حِصّہ پُشت در پُشت دیتے رہیں۔
37لہٰذا سوختنی نذر، اناج کی نذر کی قُربانی، گُناہ کی قُربانی، خطا کی قُربانی، مَسح کی قُربانی اَور سلامتی کی نذر کے ضوابط یہ ہیں 38جو یَاہوِہ نے مَوشہ کو کوہِ سِینؔائی پر اُس دِن دئیے تھے، جِس دِن یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو کوہِ سِینؔائی کے بیابان میں حُکم دیا کہ یَاہوِہ کے حُضُور اَپنی قُربانیاں گزرانے۔
موجودہ انتخاب:
اَحبار 7: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.