YouVersion Logo
تلاش

اَحبار 6

6
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”اگر کویٔی اَپنے پڑوسی کے خِلاف گُناہ کرے اَور یَاہوِہ سے دغا کرے اَور اَپنے پڑوسی کی اَمانت یا جو چیز اُس کے سُپرد کی گئی ہو، واپس نہ کرے، یا اَپنے پڑوسی کو لُوٹے یا اُس پر ظُلم کرے۔ 3یا اگر اُسے کوئی کھوئی ہُوئی چیز مِل گئی ہو، لیکن وہ اُس کے متعلّق جھُوٹ بول کر لوگ جھُوٹی قَسم کھائے، یعنی اِن میں سے کسی بھی کام کو کرکے کویٔی گُناہ کرے؛ 4اَور اگر اُس سے اِس طرح کا کویٔی گُناہ ہُواہے اَور اِس کا احساس اُسے ہے تو وہ مُجرم ہے، تو جو کچھ اُس نے چُرایا ہے یا جبراً لے لیا ہے یا جو کچھ اُس کے پاس اَمانت کے طور پر رکھا گیا تھا یا جو کھوئی ہُوئی چیز اُسے مِل گئی تھی، 5یا جِس کسی بھی چیز کے بارے میں اُس نے جھُوٹی قَسم کھائی تھی، تو لازِم ہے کہ وہ اُسے پُورا واپس کرے اَور اصل کے ساتھ اُس کے مُعاوضہ کی قیمت کا بیس فیصد اِضافہ کے ساتھ اُس کے مالک کو اَپنی خطا کی قُربانی پیش کرنے کے دِن لَوٹا دے۔ 6تَب وہ بطور جُرمانہ گلّہ سے مُقرّرہ قیمت کا ایک بے عیب مینڈھا خطا کی قُربانی کے طور پر کاہِنؔ کے پاس یعنی یَاہوِہ کے حُضُور لایٔے۔ 7اِس طرح کاہِنؔ یَاہوِہ کے حُضُور اُس کے لیٔے کفّارہ دے گا، اَور اِس طرح اُسے اُن تمام خطاؤں کی جو اُس نے کی ہیں جِن سے وہ مُجرم ٹھہرا ہے مُعافی مِل جائے گی۔“
سوختنی قُربانی
8اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 9”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو یہ حُکم دو، ’سوختنی نذر کے لیٔے ضوابط یہ ہیں: سوختنی نذر مذبح کے آتِشدان پر ساری رات صُبح ہونے تک رہے اَور مذبح پر آگ لازماً جلتی رہے۔ 10اَور تَب کاہِنؔ اَپنا کتان کا لباس اَور اَپنے نیچے پاجامہ پہن کر مذبح پر آگ سے بھسم کی ہُوئی سوختنی نذر کی راکھ کو اُٹھاکر مذبح کے ایک طرف رکھ دے۔ 11اَور پھر اُن کپڑوں کو اُتار کر دُوسرا پہنے اَور اُس راکھ کو اُٹھاکر چھاؤنی سے باہر کسی رسماً پاک و صَاف جگہ لے جائے۔ 12اَور مذبح پر آگ جلتی رہے اَور وہ کبھی بُجھنے نہ پایٔے۔ ہر صُبح کاہِنؔ مذبح پر لکڑیاں رکھے، اَور سوختنی نذر کو اُن پر رکھے، اَور اُس کے اُوپر سلامتی کی نذروں کی چربی رکھ کر جَلایا کرے۔ 13اَور مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رہے اَور کبھی بُجھنے نہ پایٔے۔
اناج کی نذر
14” ’اَور اناج کی نذر گذرانے کے ضوابط یہ ہیں: اَہرونؔ کے بیٹے اُسے مذبح کے سامنے یَاہوِہ کے حُضُور لائیں۔ 15اَور کاہِنؔ اناج کی نذر میں سے مُٹّھی بھر مَیدہ اَور تیل اَور ساتھ ہی اُس پر رکھا ہُوا تمام لوبان لے کر اِس یادگاری حِصّہ کو یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو کے طور پر مذبح پر جَلایٔے۔ 16اَور اُس میں سے جو باقی بچے اُسے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے کھایٔیں۔ لیکن وہ بے خمیر کے پاک مَقدِس میں یعنی خیمہ اِجتماع کے صحن کے اَندر کھایٔیں۔ 17اَور اُسے خمیر کے ساتھ پکایا نہ جایٔے۔ مَیں نے اِسے اَپنی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں میں سے اُن کو حِصّہ کے طور پر دیا ہے۔ اَور یہ گُناہ کی قُربانی اَور خطا کی قُربانی کی مانند نہایت ہی پاک ہے۔ 18اَور اَہرونؔ کی نَسل کے سارے مَرد اِسے کھا سکتے ہیں۔ اَور یَاہوِہ کو نذر کی گئی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں میں سے پُشت در پُشت تمہاری پُشتوں کے لیٔے یہ اُن کے دائمی حِصّہ کے طور پر اَبد تک ملتا رہے گا۔ اَورجو کویٔی اِن قُربانیوں کو چھُوئے گا وہ پاک ہو جایٔےگا۔‘ “
19اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے یہ بھی فرمایا، 20”جِس دِن اَہرونؔ کا مَسح کیا جائے اُس دِن وہ اَور اُن کے بیٹے یَاہوِہ کے حُضُور یہ نذر پیش کریں: ڈیڑھ کِلو مَیدہ اَور اُس کا آدھا صُبح اَور آدھا شام کو ہمیشہ اناج کی قُربانی کے طور پر لائیں۔ 21اُسے تیل کے ساتھ مَل کر توے پر اَچھّی طرح پکانا اَور پھر تُم اُسے لاکر ٹکڑے ٹکڑے کرکے اُس اناج کی نذر کو یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو کے طور پر نذر کرنا۔ 22اَور اَہرونؔ کے بیٹوں میں سے اُن کی جگہ پر جانشین کاہِنؔ کے طور پر جِس کا مَسح کیاجایٔے، وہ اُس نذر کو گزرانے۔ یہ یَاہوِہ کا دائمی حِصّہ ہے کہ اُسے بالکُل جَلا دیا جائے۔ 23اَور کاہِنؔ کی ہر ایک اناج کی قُربانی کو مُکمّل طور پر جَلا دیا جائے اَور اُسے کبھی کھایا نہ جائے۔“
گُناہ کی قُربانی
24اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 25”اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو حُکم دے گُناہ کی قُربانی کے ضوابط یہ ہیں: گُناہ کی قُربانی کے جانور کو یَاہوِہ کے حُضُور اُسی جگہ ذبح کیا جائے جہاں سوختنی نذر کا جانور ذبح کیا جاتا ہے کیونکہ وہ نہایت ہی پاک ہے۔ 26اَور اِس کو وُہی کاہِنؔ کھائے جو اِسے گُناہ کی قُربانی کے طور پر نذر گذرانے۔ اَور اِسے صرف پاک مَقدِس یعنی خیمہ اِجتماع کے صحن میں ہی کھایا جائے۔ 27جو بھی قُربانی کے اُس گوشت کو چھُوئے گا وہ پاک ٹھہرے گا۔ اَور اگر اُس کے خُون کی چھینٹیں کسی کپڑے پر پڑ جائے تو تُم اُسے لازماً اُسی پاک مَقدِس کی جگہ میں ہی دھونا۔ 28اَور مٹّی کا وہ برتن جِس میں قُربانی کا گوشت پکایا جائے لازماً توڑ دیا جائے۔ لیکن اگر وہ کانسے کے برتن میں پکایا گیا ہو، تو اُس برتن کو مانج کر پانی سے دھو دیا جائے۔ 29اَور کاہِنؔ کے خاندان کا کویٔی بھی مَرد گُناہ کی قُربانی کا گوشت کھا سَکتا ہے۔ یہ نہایت ہی پاک ہے۔ 30لیکن جِس گُناہ کی قُربانی کا خُون کفّارہ دینے کے لیٔے خیمہ اِجتماع کے پاک مقام میں لایا گیا ہو، اُس کا گوشت کبھی نہ کھایا جائے۔ بَلکہ اُسے آگ میں جَلا دیاجایٔے۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 6: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in