YouVersion Logo
تلاش

اَحبار 5

5
1” ’اَور اگر کویٔی اِس طرح گُناہ کرے کہ جو کچھ اُس نے دیکھا ہو یا جانتا ہو اُس کے متعلّق اُسے قَسم کھا کر گواہی دینے کے لیٔے کہا جائے اَور وہ گواہی نہ دے تو وہ اُس گُناہ کا ذمّہ وار ٹھہرایا جائے گا۔
2” ’یا اگر کویٔی اِنسان کسی اَیسی چیز کو چھُولے جو رسمی طور پر ناپاک سَمجھی جاتی ہو، خواہ وہ ناپاک جنگلی جانور، چَوپائے یا رینگنے والے ناپاک جاندار کی لاش ہو، اَور اگر وہ اُس سے بے خبر ہو کہ وہ ناپاک ہو گیا ہے، لیکن اِس کے بعد اُسے احساس ہو جاتا ہے تو وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ 3یا اگر وہ اِنسانی ناپاکی کی کسی اَیسی چیز کو نادانستہ چھُولے جو اُسے ناپاک کر دے لیکن اِس کے بعد اُسے اِس کا علم اَور احساس ہو جاتا ہے تو وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ 4یا اگر کویٔی اِنسان بغیر سوچے سمجھے، اَچھّا یا بُرا کچھ بھی کرنے کی قَسم کھالے یعنی کسی مُعاملہ میں لاپروائی سے قَسم کھالے خواہ وہ اُس سے بے خبر بھی ہو، تو بھی جَب اُسے اِس کا علم اَور احساس ہو جاتا ہے تو وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ 5جَب کویٔی اِنسان اِن باتوں میں سے کسی میں خطاوار ہونے کا احساس کرتا ہے، تو وہ لازماً اُس گُناہ کا اقرار کرے جو اُس نے کیا ہے، 6اَورجو گُناہ اُس سے سرزد ہُواہے اُس کی سزا کے طور پر وہ لازماً گلّہ میں سے ایک مادہ بھیڑ یا بکری گُناہ کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور لایٔے اَور کاہِنؔ اُس کے گُناہ کا کفّارہ دے۔
7” ’اَور اگر اُسے بھیڑ دینے کا مقدور نہ ہو تو وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے اَپنی گُناہ کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور گذرانے یعنی ایک گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اَور ایک سوختنی نذر کے لیٔے۔ 8وہ اُنہیں کاہِنؔ کے پاس لایٔے جو پہلے اُسے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے گذرانے۔ وہ اُس کا سَر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے لیکن اُسے مُکمّل طور پر الگ نہ کرے۔ 9اَور گُناہ کی قُربانی کا کچھ خُون مذبح کے اطراف کے مقابل چھڑک دے اَور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر بہہ جانے دے۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ 10پھر کاہِنؔ دُوسرے پرندہ کو مُقرّرہ طریقہ کے مُطابق بطور سوختنی نذر گذرانے اَور اُس سے سرزد ہویٔے گُناہ کے لیٔے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِل جائے گی۔
11” ’تاہم اگر اُسے دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لانے کا بھی مقدور نہ ہو تو وہ اَپنے گُناہ کے بدلے نذر کے طور پر ڈیڑھ کِلو#5‏:11 ڈیڑھ کِلو قدیمی عِبرانی نسخے میں ایفہ کا دسواں حِصّہ مَیدہ گُناہ کی قُربانی کے لیٔے لایٔے اَور اُس پر تیل یا لوبان ہرگز نہ ڈالے کیونکہ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ 12اَور وہ اُسے کاہِنؔ کے پاس لایٔے اَور کاہِنؔ اُس میں سے مُٹّھی بھر مَیدہ یادگاری حِصّہ کے طور پر لے کر اُسے یَاہوِہ کی باقی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں کے ساتھ مذبح پر جَلایٔے۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ 13اِس طرح کاہِنؔ اِن میں سے کسی بھی گُناہ کے لیٔے، جو اُس سے سرزد ہُواہے، اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی ملے گی۔ اَور نذر کا باقی حِصّہ کاہِنؔ کا ہوگا جَیسا کہ اناج کی نذر کا ہوتاہے۔‘ “
خطا کی قُربانی
14اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: 15”جَب کویٔی اِنسان یَاہوِہ کی پاک چیزوں میں سے کسی چیز کی بےحُرمتی کرکے غَیر اِرادی طور پر خطا کرے تو وہ بطور سزا گلّہ میں سے ایک بے عیب مینڈھا یَاہوِہ کے حُضُور گُناہ کی قُربانی کے طور پر لایٔے جِس کی مُناسب قیمت چاندی میں پاک مَقدِس کی ثاقل#5‏:15 ثاقل تقریباً بَارہ گرام چاندی کے مُطابق ہو۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 16اَور اُس سے جِس پاک چیز کے بارے میں خطا ہُوئی ہو تو وہ لازماً اُس کا مُعاوضہ دے اَور اُس چیز کی قیمت کا پانچواں حِصّہ اَور بڑھا کر اُسے کاہِنؔ کو دے۔ اَور کاہِنؔ اُسے خطا کی قُربانی کے مینڈھے کے طور پر اُس کے لیٔے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی ملے گی۔
17”اَور اگر کویٔی اِنسان گُناہ کرے اَور اُن کاموں میں سے کسی کام کو کرے جنہیں یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے، خواہ وہ اُس سے بے خبر ہو تو بھی وہ مُجرم ٹھہرے گا اَور اَپنے گُناہ کا ذمّہ وار ہوگا۔ 18پھر وہ خطا کی قُربانی کے لیٔے گلّہ میں سے مُناسب قیمت کا ایک بے عیب مینڈھا کاہِنؔ کے پاس لایٔے۔ یُوں کاہِنؔ اُس کی خاطِر اُس کی اُس خطا کے لیٔے جو غَیر اِرادی طور پر اُس سے سرزد ہُوئی کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔ 19یہ خطا کی قُربانی ہے کیونکہ وہ یَاہوِہ کے قوانین کی خِلاف ورزی کے باعث مُجرم ٹھہرا ہے۔“

موجودہ انتخاب:

اَحبار 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in