اَحبار 4
4
گُناہ کی قُربانی کا طریقہ
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: 2”بنی اِسرائیل کو حُکم دے اگر کویٔی اِنسان غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرتا ہے اَور اُن کاموں کو کرتا ہے جسے یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے۔
3” ’اگر کویٔی ممسوح کاہِنؔ اَیسی خطا کرے جِس سے پُوری اُمّت مُجرم ٹھہرتی ہو تو، وہ اَپنی اُس خطا کے لیٔے جو اُس نے کی ہے، ایک بے عیب بچھڑا گُناہ کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور گذرانے۔ 4اَور وہ اُس بچھڑے کو خیمہ اِجتماع کے مدخل پر یَاہوِہ کے حُضُور لایٔے اَور اُس کے سَر پر اَپنا ہاتھ رکھے اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کرے۔ 5اَور پھر وہ ممسوح کاہِنؔ اُس بچھڑے کے خُون میں سے کچھ خُون لے کر خیمہ اِجتماع کے اَندر لے آئے۔ 6اَور کاہِنؔ اُس خُون میں اَپنی اُنگلی ڈُبو ڈُبو کر اُس خُون میں سے کچھ پاک مَقدِس کے پردہ کے سامنے یَاہوِہ کے حُضُور سات بار چھڑکے۔ 7پھر کاہِنؔ اُسی خُون میں سے کچھ خُون لے کر اُسے خُوشبودار بخُور جَلانے کی نذر کے مذبح کے سینگوں پر لگائے جو خیمہ اِجتماع میں یَاہوِہ کے حُضُور ہے اَور اُس بچھڑے کے باقی سَب خُون کو سوختنی نذر کی قُربانی کے اُس مذبح کے پایہ پرجو خیمہ اِجتماع کے مدخل پر ہے اُنڈیل دے۔ 8پھر وہ گُناہ کی قُربانی کے بچھڑے کی تمام چربی کو اُس سے الگ کرے یعنی وہ چربی جو آنتوں پر لپٹی رہتی ہے، 9اَور دونوں گُردوں کے ساتھ اُن کی چربی جو کمر کے قریب رہتی ہے اَور جگر کے اُوپر کی جھِلّی، اُنہیں وہ گُردوں کے ساتھ ہی الگ کر دے۔ 10بالکُل وَیسے ہی جَیسا کہ اُس بچھڑے کی چربی الگ کی جاتی ہے جو سلامتی کی نذر کی قُربانی کے طور پر قُربان کیا جاتا ہے۔ پھر کاہِنؔ اُن کو سوختنی نذر کو قُربانی کے مذبح پر جَلا دے۔ 11لیکن اُس بچھڑے کی کھال اَور اُس کا تمام گوشت، سَر اَور پایٔے، انتڑیاں اَور گوبر 12یعنی باقی کا سارا بچھڑا لازماً چھاؤنی سے باہر کسی رسماً پاک جگہ پر جہاں قُربانیوں کی راکھ پھینکی جاتی ہے، لے کر جائے اَور اُسے راکھ کے ڈھیر پر لکڑیوں کی آگ میں جَلا دے۔
13” ’اَور اگر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرے اَور اُس کام کو کرے جنہیں یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے، اَور جماعت اُس بات سے بے خبر ہو تو بھی وہ لوگ خطاوار ہیں؛ 14اَور جَب وہ اُس گُناہ سے واقف ہو جایٔیں تو جماعت لازماً گُناہ کی قُربانی کے طور پر ایک بچھڑا خیمہ اِجتماع کے سامنے لایٔے۔ 15اَور جماعت کے بُزرگ اَپنے اَپنے ہاتھ یَاہوِہ کے حُضُور اُس بچھڑے کے سَر پر رکھیں اَور وہ بچھڑا یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کیا جائے۔ 16اَور پھر ممسوح کاہِنؔ اُس بچھڑے کے خُون میں سے کچھ خُون لے کر خیمہ اِجتماع میں لے جائے۔ 17اَور کاہِنؔ اَپنی اُنگلی اُس خُون میں ڈُبو ڈُبو کر اُس خُون کو پاک مَقدِس کے پردہ کے سامنے یَاہوِہ کے حُضُور سات بار چھڑکے۔ 18اَور وہ اُس خُون میں سے کچھ خُون اُس مذبح کے سینگوں پر لگائے جو خیمہ اِجتماع میں یَاہوِہ کے حُضُور ہے۔ اَور باقی کا خُون وہ سوختنی نذر کی قُربانی کے اُس مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے جو خیمہ اِجتماع کے مدخل پر ہے۔ 19اَور اُس بچھڑے کی سَب چربی کو اُس سے الگ کرکے اُسے مذبح پر جَلا دے، 20اَور وہ اُس بچھڑے سے بالکُل وُہی کرے جَیسا اُس نے گُناہ کی قُربانی کے بچھڑے کے ساتھ کیا تھا۔ یُوں وہ کاہِنؔ جماعت کے لیٔے کفّارہ دے گا اَور وہ مُعاف کر دئیے جایٔیں گے۔ 21پھر کاہِنؔ اُس بچھڑے کو چھاؤنی سے باہر لے جائے اَور اُسے جَلا دے جَیسا کہ اُس نے پہلے بچھڑے کو جَلایا تھا۔ اَور یہ جماعت کے لیٔے گُناہ کی قُربانی ہے۔
22” ’اَور جَب کویٔی سربراہ غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرے یعنی وہ کام کرے جو یَاہوِہ اُس کے خُدا کی اَحکام میں منع ہے، اَور جَب اُسے اَپنے مُجرم ہونے کا احساس ہو جائے، 23اَورجو گُناہ اُس نے کیا ہے ظاہر ہو جائے تو وہ لازماً قُربانی کے لیٔے بکریوں میں سے ایک بے عیب بکرا لایٔے۔ 24اَور اَپنا ہاتھ اُس بکرے کے سَر پر رکھے اَور اُسے اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی نذر کے جانور یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کئے جاتے ہیں۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ 25اَور پھر کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی کا کچھ خُون اَپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اَور اُس کا باقی سَب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 26اَور تمام چربی کو مذبح پر جَلا دے جَیسے اُس نے سلامتی کی نذر کی چربی کو جَلایا تھا۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس سربراہ کے گُناہ کا کفّارہ دے گا اَور اُسے مُعافی مِل جائے گی۔
27” ’اَور اگر جماعت کا کویٔی عام اِنسان غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرے اَور اَیسا کام کرے جسے یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے، اَور جَب اُسے اَپنے مُجرم ہونے کا احساس ہو جائے، 28اَورجو گُناہ اُس نے کیا ہے ظاہر ہو جائے تو وہ لازماً قُربانی کے لیٔے ایک بے عیب بکری لایٔے۔ 29اَور وہ اَپنا ہاتھ گُناہ کی قُربانی کے جانور کے سَر پر رکھے اَور اُسے سوختنی نذر کی جگہ پر ذبح کرے۔ 30اَور پھر کاہِنؔ اُس خُون میں سے کچھ خُون اَپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اَور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 31اَور کاہِنؔ اُس کی تمام چربی کو الگ کر دے بالکُل اُسی طرح جَیسا کہ سلامتی کی نذر کی چربی الگ کی جاتی ہے اَور اُسے مذبح پر رکھ کر یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو کے طور پر جَلا دے۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس اِنسان کے لیٔے کفّارہ دے گا اَور اُسے مُعافی مِل جائے گی۔
32” ’اَور اگر وہ اِنسان بطور گُناہ کی قُربانی کویٔی برّہ لایٔے تو وہ بے عیب مادہ لایٔے۔ 33اَور وہ اَپنا ہاتھ اُس کے سَر پر رکھے اَور وہ اُسے گُناہ کی قُربانی کے طور پر اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی نذر ذبح کی جاتی ہے۔ 34اَور پھر کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی کا کچھ خُون اَپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اَور باقی سَب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 35اَور وہ اُس کی تمام چربی کو الگ کر دے بالکُل وَیسے ہی جَیسے سلامتی کی نذر کی قُربانی کے برّہ کی چربی الگ کی جاتی ہے۔ اَور کاہِنؔ اُسے مذبح پر یَاہوِہ کی غِذا کی آتِشی قُربانیوں کے اُوپر رکھ کر جَلا دے۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس اِنسان کے گُناہ کے لیٔے کفّارہ دے گا اَور اُسے مُعافی مِل جائے گی۔
موجودہ انتخاب:
اَحبار 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.