نوحہ 4
4
1سونے نے اَپنی آب و تاب کیسے کھودی ہے،
اَور سونا کیسا پھیکا پڑ گیا ہے!
مُقدّس موتی ہر گلی کوچہ میں
بکھرے پڑے ہیں۔
2صِیّونؔ کے عزیز بیٹے،
جو وزن میں خالص سونے کی طرح تھے،
کُمہار کے بنائے ہُوئے
برتنوں کے برابر ہو گئے۔
3گیدڑ بھی اَپنی چھاتیوں سے
اَپنے بچّوں کو دُودھ پِلاتے ہیں،
لیکن میری قوم کی بیٹی
بیابان کے شتر مُرغ کی طرح بےرحم ہو گئی ہے۔
4شیر خوار کی زبان پیاس کے مارے
تالُو سے چپک کر رہ گئی ہے؛
بچّے روٹی مانگتے ہیں،
لیکن اُنہیں کویٔی نہیں دیتا۔
5جو لوگ کسی زمانہ میں لذیذ کھانے کھاتے تھے
اَب گلیوں میں مُحتاج پڑے ہیں۔
جو اَرغوانی لباس میں بڑے ہُوئے
اَب راکھ کے ڈھیر پر لیٹے ہیں۔
6میرے لوگوں کی سزا
سدُومؔ سے بھی سنگین ہے۔
جو پل بھر میں تباہ ہو گیا
اَور کویٔی ہاتھ اُس کی مدد کے لیٔے نہ بڑھ پایا۔
7اُس کے اُمرا برف سے زِیادہ شفّاف
اَور دُودھ سے زِیادہ سفید تھے،
اَور اُن کے جِسم لعل سے زِیادہ سُرخ
اَور اُن کی جھلک نیلم کی سِی تھی۔
8لیکن اَب اُن کے چہرے اِس قدر سیاہ ہو گئے ہیں؛
کہ وہ گلی کوچوں میں پہچانے بھی نہیں جاتے۔
اُن کی جلد ہڈّیوں سے چپک کر رہ گئی ہے؛
اَور وہ سُوکھ کر لکڑی کی طرح سخت ہو گئی ہے۔
9تلوار سے قتل ہونے والوں کا حال
بھُوکوں مرنے والوں سے بہتر ہے؛
کیونکہ کھیت سے اناج نہ مِلنے کی وجہ سے
وہ کُڑھ کُڑھ کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔
10رحم دِل عورتوں نے خُود اَپنے ہاتھوں سے
اَپنے بچّوں کو پکایا،
میرے لوگوں کی تباہی کے وقت
وُہی اُن کی خُوراک بنے۔
11یَاہوِہ نے اَپنا غضب پُورے جوش سے ظاہر کیا؛
اُنہُوں نے اَپنا شدید قہر نازل کیا۔
اُنہُوں نے صِیّونؔ میں اَیسی آگ لگائی
جِس نے اُس کی بُنیادیں بھسم کر دیں۔
12رُوئے زمین کے بادشاہ،
اَور نہ ہی دُنیا کا کویٔی باشِندہ، یہ یقین کرتا تھا،
کہ دُشمن اَور حریف
یروشلیمؔ کے پھاٹکوں سے داخل ہو پائیں گے۔
13لیکن یہ اُس کے نبیوں کے گُناہوں
اَور اُس کے کاہِنوں کی بدکاری کے باعث ہُوا،
جنہوں نے اُس میں سے
صادقوں کا خُون بہایا۔
14اَب وہ گلیوں میں اَندھوں کی طرح
مارے مارے پھرتے ہیں۔
وہ خُون سے اِس قدر آلُودہ ہو چُکے ہیں
کہ کویٔی اُن کا لباس بھی چھُو نہیں سَکتا۔
15لوگ اُنہیں پُکار پُکار کر کہتے ہیں: ”دُورہو جاؤ!“ تُم ناپاک ہو،
”دُور رہو! دُور رہو! ہمیں مت چھُونا!“
جَب وہ بھاگ جاتے ہیں اَور آوارہ پھرنے لگتے ہیں،
تو قوموں کے لوگ کہتے ہیں،
”اَب یہ یہاں نہیں رہ سکتے۔“
16یَاہوِہ نے خُود اُنہیں تِتّر بِتّر کیا ہے؛
اَور وہ اَب اُن پر نظر نہیں کرتے۔
کاہِنوں کا کویٔی اِحترام نہیں کرتے،
نہ بُزرگوں کا لحاظ رکھا جاتا ہے۔
17مزید یہ کہ خوامخواہ مدد کا اِنتظار کرتے کرتے،
ہماری آنکھیں تھک گئی ہیں؛
ہم اَپنے بُرجوں پر سے ایک اَیسی قوم کو دیکھتے رہے
جو ہمیں بچا نہ سکی۔
18لوگ ہر قدم پر ہمارے پیچھے اَیسے پڑے،
کہ ہم اَپنی گلیوں میں بھی نکل نہیں سکتے تھے۔
ہمارا اَنجام قریب تھا، ہمارے دِن ختم ہو گئے تھے،
کیونکہ ہماری زندگی کا خاتمہ آ پہُنچا تھا۔
19ہمارا تعاقب کرنے والے
آسمان پر اُڑنے والے عُقابوں سے بھی زِیادہ تیزرَو تھے؛
اُنہُوں نے پہاڑوں پر ہمارا پیچھا کیا
اَور بیابان میں ہمارے لیٔے گھات لگا کر بیٹھے رہے۔
20یَاہوِہ کا ممسوح، جو ہماری زندگی کا دَم تھا،
اُن کے پھندوں میں گِرفتار ہو گیا۔
ہمارا تو یہ خیال تھا کہ اُس کے سایہ میں
ہم مُختلف قوموں کے درمیان زندہ رہیں گے۔
21اَے اِدُوم کی بیٹی، جو عُوضؔ کی سرزمین میں بستی ہے،
خُوش اَور شادمان ہو۔
لیکن یہ پیالہ تُجھ تک بھی پہُنچ جائے گا؛
اَور تُو مدہوش اَور برہنہ کی جائے گی۔
22اَے صِیّونؔ کی بیٹی، تیری سزا ختم ہوگی؛
وہ تیری جَلاوطنی کو طُول نہ دیں گے۔
لیکن اَے اِدُوم کی بیٹی، وہ تیرے گُناہ کی سزا دیں گے
اَور تیری بدکاری ظاہر کر دیں گے۔
موجودہ انتخاب:
نوحہ 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.