نوحہ 3
3
1مَیں ہی وہ شخص ہُوں جِس نے
یَاہوِہ کے غضب کے عصا سے مُصیبت اُٹھائی۔
2اُنہُوں نے مُجھے نکال باہر کیا
اَور رَوشنی کی بجائے تاریکی میں چلایا؛
3یقیناً اُن کا ہاتھ دِن بھر اَور بار بار
میرے ہی خِلاف اٹھتا رہاہے۔
4اُنہُوں نے میری جلد اَور میرے جِسم کو خشک کر دیا
اَور میری ہڈّیاں توڑ ڈالیں۔
5اُنہُوں نے میرا محاصرہ کرکے
مُجھے تلخی اَور مشقّت سے گھیرلیا ہے۔
6اُنہُوں نے مُجھے بڑی مُدّت سے
مَرے ہُوئے لوگوں کی طرح تاریکی میں بسایا ہے۔
7اُنہُوں نے میرے چاروں طرف فصیل کھڑی کر دی تاکہ میں بچ نہ نکلوں؛
اَور مُجھے بھاری زنجیروں میں جکڑ دیا۔
8بَلکہ جَب مَیں پُکارتا اَور دہائی دیتا ہُوں،
تو بھی وہ میری فریاد نہیں سُنتے۔
9اُنہُوں نے تراشے ہُوئے پتّھروں سے میرا راستہ روک رکھا ہے؛
اَور میری راہیں ٹیڑھی کر دی ہیں۔
10گھات میں بیٹھے ہُوئے ریچھ،
اَور چھُپے ہُوئے شیر کی طرح،
11اُنہُوں نے مُجھے راہ سے گھسیٹا اَور میری دھجّیاں اُڑا دیں
اَور بے سہارا چھوڑ دیا۔
12اُنہُوں نے اَپنی کمان کھینچ کر
مُجھے اَپنے تیروں کا نِشانہ بنایا۔
13اُنہُوں نے اَپنے ترکش کے تیروں سے
میرے گُردے چھید ڈالے
14مَیں اَپنے سَب لوگوں کے لیٔے مذاق بَن گیا ہُوں؛
اَور وہ مُجھے تنگ کرنے کے لیٔے دِن بھر گاتے ہیں۔
15اُنہُوں نے مُجھے کڑوے ساگ پات سے بھر دیا
اَور پِت سے مدہوش کر ڈالا۔
16اُنہُوں نے کنکریوں سے میرے دانت توڑ ڈالے؛
اَور مُجھے خاک میں مِلا دیا۔
17میرا سکون چھین لیا گیا؛
اَور مَیں بھُول گیا کہ خُوشحالی کیا ہوتی ہے۔
18اِس لیٔے مَیں کہتا ہُوں، ”مَیں ناتواں ہو گیا
اَورجو اُمّید مَیں نے یَاہوِہ سے کی تھی وہ ٹوٹ گئی۔“
19مُجھے اَپنی اَذیّت اَور آوارگی،
اَور تلخی اَور پِت یاد آتی ہے۔
20مُجھے وہ اَچھّی طرح یاد ہیں،
اِسی لیٔے میری جان اُداس رہتی ہے۔
21پھر بھی مَیں یہ باتیں سوچتا ہُوں
اَور اَپنی اُمّید کو زندہ رکھتا ہُوں۔
22یَاہوِہ کی لافانی مَحَبّت کے باعث ہم فنا نہیں ہُوئے،
کیونکہ اُس کی رحمت لازوال ہے۔
23ہر صُبح وہ نئی ہوتی رہتی ہے؛
کیونکہ آپ کی وفاداری عظیم ہے۔
24میری جان کہتی ہے، ”یَاہوِہ ہی میرا حِصّہ ہیں؛
اِس لیٔے میں اُن کا منتظر رہُوں گا۔“
25جو یَاہوِہ پر اُمّید رکھتے ہیں اَور اُن کے طالب ہیں،
اُن پر وہ مہربان ہیں۔
26یہ بہتر ہے کہ یَاہوِہ کی نَجات کا
خاموشی سے اِنتظار کیا جائے۔
27اِنسان کے لیٔے یہ بہتر ہے
کہ وہ جَوانی ہی میں مشقّت کا جُوا اُٹھانے لگے۔
28وہ تنہا اَور خاموش بیٹھے
کیونکہ یَاہوِہ نے ہی یہ جُوا اُس کے اُوپر رکھا ہے۔
29وہ اَپنا مُنہ خاک کی طرف جُھکائے رکھے۔
شاید کچھ اُمّید باقی ہو۔
30وہ اَپنا گال طمانچہ مارنے والے کی طرف پھیر دے،
اَور ملامت برداشت کرے۔
31کیونکہ خُداوؔند لوگوں کو
ہمیشہ کے لیٔے ترک نہیں کرتے۔
32حالانکہ وہ دُکھ دیتے ہیں، پھر بھی وہ رحم کریں گے،
کیونکہ اُن کی شفقت عظیم ہے۔
33اِس لیٔے وہ بنی آدمؔ پر دُکھ
اَور تکلیف لانے سے خُوش نہیں ہوتے۔
34دُنیا بھرکے قَیدیوں کو
پامال کرنا،
35خُداتعالیٰ کے
کسی کی حق تلفی کرنا،
36اَور کسی شخص کو اِنصاف سے محروم رکھنا۔
کیا خُداوؔند یہ سَب کچھ نہیں دیکھتے؟
37کیا کسی کے کہنے کے مُطابق کچھ ہو سَکتا ہے
جَب تک کہ خُداوؔند حُکم نہ دیں؟
38کیا بُرائی اَور بھلائی دونوں
خُداتعالیٰ کے حُکم کے مُطابق نہیں آتیں؟
39جَب کویٔی اِنسان زندگی میں اَپنے ہی گُناہوں کی سزا پاتا ہو
تو وہ شکایت کیوں کرے؟
40آؤ ہم اَپنی روِشوں کو جانچیں،
اُنہیں آزمائیں اَور یَاہوِہ کی طرف لَوٹیں۔
41آؤ ہم اَپنے دِل اَور اَپنے ہاتھ
خُدا کی طرف اُوپر اُٹھائیں جو آسمان پر ہے اَور کہیں:
42ہم نے گُناہ کیا ہے اَور آپ کے خِلاف بغاوت کی ہے
اَور آپ نے ہمیں مُعاف نہیں کیا۔
43آپ نے قہر سے ہمیں ڈھانپا اَور رگیدا؛
اَور بے رحمی سے ہمیں قتل کیا۔
44آپ بادل میں چھُپ گئے
تاکہ ہماری دعا آپ تک نہ پہُنچ پایٔے۔
45آپ نے ہمیں مُختلف قوموں کے درمیان
نَجاست اَور کوڑا کرکٹ بنا دیا ہے۔
46”ہمارے سبھی دُشمنوں نے ہمارے خِلاف
اَپنا مُنہ پسارا ہے۔
47ہم نے خوف اَور دہشت،
ویرانی اَور بربادی برداشت کی۔“
48میرے لوگوں کی تباہی کے باعث
میری آنکھوں سے آنسُوؤں کے چشمے جاری ہیں۔
49میری آنکھوں سے لگاتار آنسُو بہتے رہیں گے،
اُنہیں اُس وقت تک راحت نہ ہوگی،
50جَب تک کہ یَاہوِہ
آسمان سے نظر کرکے نیچے نہ دیکھیں۔
51اَپنے شہر کی تمام عورتوں کا حال دیکھ کر
میری جان ملُول ہوتی ہے۔
52جو خوامخواہ میرے دُشمن بنے تھے
اُنہُوں نے پرندہ کی طرح میرا پیچھا کیا۔
53اُنہُوں نے گڑھے میں میری جان لینے کی کوشش کی
اَور مُجھے سنگسار کیا۔
54پانی میرے سَر سے گزر گیا،
اَور مَیں نے سوچا کہ میں اَب مَرا۔
55اَے یَاہوِہ، مَیں نے گڑھے کی گہرائی میں سے
آپ کو پُکارا۔
56آپ نے میری فریاد سُنی:
میری راحت کی پُکار سے: ”اَپنے کان بند نہ کریں۔“
57جَب مَیں نے آپ کو پُکارا، آپ قریب آئے،
اَور آپ نے کہا، ”خوف نہ کر۔“
58اَے خُداوؔند، آپ نے میرا مُقدّمہ اَپنے ہاتھ میں لیا،
اَور میری جان بچائی۔
59اَے یَاہوِہ، آپ نے وہ نااِنصافی دیکھی جو میرے ساتھ ہُوئی۔
میری حمایت کریں!
60اُن کے اِنتقام کی سختی
اَور اُن کے میرے خِلاف منصُوبے، آپ نے دیکھ لیٔے ہیں۔
61اَے یَاہوِہ، آپ نے اُن کی طَعنہ زنی،
اَور میرے خِلاف اُن کے تمام منصُوبے سُن لیٔے ہیں۔
62اَورجو کچھ میرے دُشمن دِن بھر میری مُخالفت میں کہتے ہیں
اَور کانا پھُوسی کرتے ہیں۔
63اُن کی طرف دیکھیں! اُٹھتے اَور بیٹھتے ہُوئے،
وہ گا گا کر میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔
64اَے یَاہوِہ، اُن کے ہاتھوں نے جو کچھ کیا،
اُس کے مُطابق اُن کو بدلہ دیں۔
65اُن کے دِل پر پردہ ڈال دیں،
اَور آپ کی لعنت اُن پر ہو۔
66اَے یَاہوِہ آسمان سے اَپنے قہر میں اُن کا تعاقب کرکے
روئے زمین پر اُنہیں فنا کر دیں۔
موجودہ انتخاب:
نوحہ 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.