یہوشُعؔ 9
9
گِبعونیوں کا فریب
1اَور جَب یردنؔ کے مغرب میں کوہستانی مُلک اَور نشینی علاقہ میں اَور لبانونؔ تک بہر رُوم کے تمام ساحِلی علاقہ میں (حِتّی، امُوری، کنعانی، پَرزّی، حِوّیؔ اَور یبُوسی اُن قوموں کے) تمام بادشاہوں نے اِن خبروں کے بارے میں سُنا تو 2تو وہ یہوشُعؔ اَور اِسرائیلیوں سے جنگ کرنے کے لیٔے اِکٹھّے ہُوئے۔
3البتّہ جَب گِبعونؔ کے باشِندوں نے سُنا کہ یہوشُعؔ نے یریحوؔ اَور عَیؔ کے ساتھ کیا کیا ہے 4تو اُنہُوں نے ایک ہوشیاری کی۔ وہ ایک نُمائندہ وفد کے بھیس میں نکل پڑے جِن کے گدھوں پر پُرانے بورے اَور پُرانی پھٹی ہُوئی اَور مرمّت کی ہُوئی انگوری شِیرے کی مَشکیں لدی ہُوئی تھیں۔ 5اُن آدمیوں نے اَپنے پاؤں میں پُرانی پیوند لگی ہُوئی جُوتیاں اَور بَدن پر پُرانے کپڑے پہنے اَور اُن کا سفر کا توشہ سُوکھی اَور پھپھُوندی لگی ہُوئی روٹی پر مُشتمل تھا۔ 6تَب وہ گِلگالؔ کی چھاؤنی میں یہوشُعؔ کے پاس گیٔے اَور اُن سے اَور سَب اِسرائیلی مَردوں سے کہا، ”ہم ایک دُور کے مُلک سے آئے ہیں اِس لیٔے ہمارے ساتھ عہد کرو۔“
7اِسرائیل کے مَردوں نے اِن حِوّیوں سے کہا، ”لیکن تُم شاید ہمارے قریب ہی رہتے ہو پھر ہم تُم سے عہد کیسے کر سکتے ہیں؟“
8اُنہُوں نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہم تمہارے خادِم ہیں۔“
لیکن یہوشُعؔ نے اُن سے پُوچھا، ”تُم کون ہو اَور کہاں سے آئے ہو؟“
9اُنہُوں نے جَواب دیا: ”تمہارے خادِم بہت دُور کے ایک مُلک سے یَاہوِہ آپ کے خُدا کی شہرت کے باعث آئے ہیں کیونکہ جو کچھ اُنہُوں نے مِصر میں کیا ہم نے اُن کا ذِکر سُنا ہے۔ 10اَورجو کچھ اُنہُوں نے یردنؔ کے مشرق میں امُوریوں کے دو بادشاہوں کے ساتھ کیا یعنی حِشبونؔ کے بادشاہ سیحونؔ اَور باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کے ساتھ جو عستاراتؔ میں حُکومت کرتا تھا۔ 11اَور ہمارے سَب بُزرگوں اَور ہمارے مُلک کے سَب باشِندوں نے ہم سے کہا، ’اَپنے ساتھ توشہ سفر لو اَور جا کر اُن سے مِلو اَور اُن سے کہہ، ”ہم تمہارے خادِم ہیں اِس لئے ہمارے ساتھ عہد کر لو۔“ ‘ 12جِس دِن ہم تُم سے مِلنے نکلے اُس دِن یہ روٹی جو ہم نے اَپنے گھر سے لی تھی گرم تھی مگر اَب دیکھو وہ سُوکھ گئی ہے اَور اُس میں پھپھُوندی لگ گئی ہے۔ 13اَور یہ مَشکیں جو ہم نے بھر کر ساتھ لی تھیں نئی تھیں مگر اَب دیکھو یہ پھٹی جا رہی ہیں۔ اَور ہمارے کپڑے اَور جُوتے طویل سفر کے باعث پھٹ چُکے ہیں۔“
14اِسرائیل کے مَردوں نے یَاہوِہ سے پُوچھے بغیر اُن کے توشہ سفر میں سے کچھ لے کر چکھا۔ 15تَب یہوشُعؔ نے اُن کے ساتھ اَمن کا اَور جان بخشی کا عہد کیا اَور جماعت کے بُزرگوں نے قَسم کھا کر اُن کی تصدیق کی۔
16گِبعونیوں سے عہد کرنے کے تین دِن بعد اِسرائیلیوں نے سُنا کہ وہ تو اُن کے پڑوسی تھے جو اُن کے نزدیک ہی رہتے تھے 17اَور بنی اِسرائیل کوچ کرکے تیسرے دِن اُن کے شہروں گِبعونؔ کفیرہؔ بیروت اَور قِریت یعریمؔ میں آئے۔ 18لیکن بنی اِسرائیل اُن پر حملہ آور نہ ہُوئے کیونکہ جماعت کے بُزرگوں نے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کی قَسم کھائی تھی اَور وعدہ کیا تھا کہ اُنہیں ہلاک نہیں کریں گے۔
ساری جماعت بُزرگوں کے خِلاف کڑکڑانے لگی۔ 19لیکن بُزرگوں نے اُنہیں جَواب دیا، ”ہم نے اُن سے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کی قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے اِس لیٔے ہم اُنہیں چھُو بھی نہیں سکتے۔ 20ہم اُن کے ساتھ یہی کریں گے کہ اُنہیں جینے دیں تاکہ اُن سے کھائی ہُوئی قَسم کو توڑنے کے سبب سے ہم پر قہر نازل نہ ہو۔“ 21اُنہُوں نے مزید کہا، ”ہم اُنہیں جینے دیں گے لیکن وہ ساری جماعت کے لیٔے لکڑہارے اَور پانی بھرنے والے بنیں گے۔“ اِس طرح سارے بُزرگ اَپنے وعدہ پر قائِم رہے۔
22تَب یہوشُعؔ نے گِبعونیوں کو بُلاکر کہا، ”تُم نے یہ کہہ کر ہمیں دھوکا کیوں دیا، ’ہم تُم سے بہت دُور رہتے ہیں،‘ حالانکہ تُم ہمارے نزدیک ہی رہتے ہو؟ 23لہٰذا تُم لعنتی ٹھہرے اَور تُم ہمیشہ میرے خُدا کے گھر کے لیٔے لکڑہاروں اَور پانی بھرنے والوں کی طرح خدمت کرتے رہوگے۔“
24اُنہُوں نے یہوشُعؔ کو جَواب دیا، ”آپ کے خادِموں کو صَاف صَاف بتایا گیا تھا کہ کس طرح یَاہوِہ آپ کے خُدا نے اَپنے خادِم مَوشہ کو حُکم دیا تھا کہ وہ تُمہیں تمام مُلک دے دیں گے اَور اُن کے باشِندوں کو تمہارے سامنے سے نِیست و نابود کر دیں گے۔ یہ سُن کر ہمیں خوف کے سبب جان کے لالے پڑ گیٔے اَور ہم اَیسا کرنے پر مجبُور ہو گئے۔ 25اَب ہم آپ کے ہاتھوں میں ہیں۔ اَب جَیسا آپ کو بھلا اَور ٹھیک اَور لگے وَیسا سلُوک ہمارے ساتھ کریں۔“
26پس یہوشُعؔ نے اُنہیں بنی اِسرائیل کے ہاتھ سے بچا لیا اَور یُوں اُن کی جان بچ گئی۔ 27اُس دِن یہوشُعؔ نے گِبعونیوں کو جماعت کے لیٔے اَور یَاہوِہ کے چُنے ہُوئے مقام پر بنائے جانے والے مذبح کے لیٔے لکڑہارے اَور پانی بھرنے والے مُقرّر کیا اَور آج تک وہ یہی کام کرتے چلے آ رہے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.