YouVersion Logo
تلاش

یہوشُعؔ 10

10
سُورج کا ٹھہر جانا
1اَور جَب یروشلیمؔ کے بادشاہ ادونی صِدقؔ نے سُنا کہ یہوشُعؔ نے عَیؔ کو سَر کرکے اُسے نِیست و نابود کر دیا ہے اَور جَیسا اُس نے یریحوؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ کیا وَیسا ہی عَیؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ کیا اَور گِبعونؔ کے باشِندوں نے اِسرائیل کے ساتھ صُلح کا عہد باندھا ہے اَور وہ اُن کے درمیان رہنے لگے ہیں۔ 2تو وہ اَور اُس کی رعایا اِس خبر سے نہایت خوفزدہ ہُوئے کیونکہ گِبعونؔ ایک شاہی شہر کی مانند نہایت اہم شہر تھا۔ وہ عَیؔ سے بھی بڑا تھا اَور اُس کے سبھی مَرد سُورما تھے۔ 3اِس لیٔے یروشلیمؔ کے بادشاہ ادونی صِدقؔ نے حِبرونؔ کے بادشاہ ہوہامؔ اَور یرموتؔ کے بادشاہ پیرامؔ اَور لاکیشؔ کے بادشاہ یافیعؔ اَور عِگلونؔ کے بادشاہ دبیرؔ کو یُوں کہلا بھیجا کہ 4گِبعونؔ پر حملہ کرنے کے لیٔے، ”میری مدد کو آؤ، کیونکہ اُس نے یہوشُعؔ اَور اِسرائیلیوں سے صُلح کرلی ہے۔“
5تَب یروشلیمؔ، حِبرونؔ، یرموتؔ، لاکیشؔ اَور عِگلونؔ کے اُن پانچوں امُوری بادشاہوں نے اَپنی فَوجیں جمع کر لیں۔ اُنہُوں نے اَپنی تمام فَوجوں کے ساتھ کُوچ کیا اَور اُنہیں گِبعونؔ کے مقابل تعینات کرکے اُس پر حملہ کر دیا۔
6تَب گِبعونؔ کے لوگوں نے گِلگالؔ کی چھاؤنی میں یہوشُعؔ کو پیغام بھیجا: ”اَپنے خادِموں سے دست بردار نہ ہو۔ جلد ہمارے پاس پہُنچ کر ہمیں بچاؤ۔ ہماری مدد کرو کیونکہ کوہستانی مُلک کے سَب امُوری بادشاہ اِکٹھّے ہوکر ہمارے خِلاف فَوج کشی کرنے والے ہیں۔“
7تَب یہوشُعؔ سَب زبردست سُورماؤں سمیت اَپنے تمام فَوج کو لے کر گِلگالؔ سے چل پڑے 8اَور یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”اُن سے نہ ڈرو۔ مَیں نے اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ اُن میں سے کویٔی بھی تمہارا مُقابلہ نہیں کر سکےگا۔“
9یہوشُعؔ گِلگالؔ سے تمام رات کُوچ کرتے ہُوئے اَچانک اُن پر ٹوٹ پڑے۔ 10یَاہوِہ نے اُنہیں اِسرائیلیوں کے سامنے پراگندہ کر دیا۔ یہوشُعؔ نے اُنہیں شِکست دی اَور گِبعونؔ میں عظیم فتح حاصل کی۔ اِسرائیلیوں نے بیت حَورُونؔ تک جانے والی سڑک پر اُن کا تعاقب کیا اَور عزیقاہؔ اَور مقّیدہؔ تک اُن کو مارتے چلے گیٔے۔ 11جَب وہ بیت حَورُونؔ کے اُتار سے عزیقاہؔ تک اِسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگ رہے تھے تو یَاہوِہ نے آسمان سے اُن کے اُوپر بڑے بڑے اولے برسائے اَور اُن میں اولوں سے مرنے والوں کی تعداد اِسرائیلیوں کی تلواروں کا لقمہ بننے والوں سے کہیں زِیادہ تھی۔
12جِس دِن یَاہوِہ نے امُوریوں کو اِسرائیلیوں کے قابُو میں کیا اُس دِن یہوشُعؔ نے یَاہوِہ کے حُضُور بنی اِسرائیل کے سامنے یہ کہا:
”اَے سُورج تُو گِبعونؔ پر،
اَے چاند تُو وادی ایّالونؔ میں رُک جا۔“
13اَور سُورج ساکن رہا،
اَور چاند ٹھہرا رہا،
جَب تک قوم نے اَپنے دُشمنوں سے اِنتقام نہ لے لیا۔
جَیسا کہ یاشار کی کِتاب میں لِکھّا ہے،
سُورج آسمان کے درمیان ٹھہرا رہا اَور تقریباً سارا دِن ڈُوبنے میں جلدی نہ کی۔ 14اَور اَیسا دِن نہ اِس سے پہلے کبھی ہُوا اَور نہ اِس کے بعد ہوگا جِس میں یَاہوِہ نے کسی آدمی کی بات سُنی ہو۔ یقیناً یَاہوِہ اِسرائیل کی خاطِر لڑ رہے تھے!
15تَب یہوشُعؔ سَب اِسرائیلیوں سمیت گِلگالؔ کی چھاؤنی میں لَوٹ آئے۔
پانچ امُوری بادشاہوں کی موت
16اَور وہ پانچوں بادشاہ بھاگ کر مقّیدہؔ کے غار میں جا چھُپے۔ 17جَب یہوشُعؔ کو یہ خبر مِلی کہ وہ پانچوں بادشاہ مقّیدہؔ کے غار میں چھُپے ہُوئے ہیں 18تو یہوشُعؔ نے حُکم دیا، ”غار کے مُنہ پر بڑے بڑے پتّھر لُڑھکا دو اَور چند آدمیوں کو اُس کی نِگرانی کے لیٔے تعینات کر دو۔ 19لیکن تُم نہ رُکو! اَپنے دُشمنوں کا تعاقب کرو اَور پیچھے سے اُن پر حملہ کر دو۔ وہ اَپنے اَپنے شہروں تک پہُنچنے نہ پائیں کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔“
20اِس طرح یہوشُعؔ اَور اِسرائیلیوں نے اُنہیں نِیست و نابود کر دیا۔ تقریباً ہر آدمی مارا گیا لیکن چند ایک جو بچ گیٔے اَپنے اَپنے فصیلدار شہر میں پہُنچ گیٔے۔ 21تَب سارا لشکر خیروعافیت کے ساتھ مقّیدہؔ کی چھاؤنی میں یہوشُعؔ کے پاس لَوٹ آیا اَور کسی نے اِسرائیلیوں کے خِلاف ایک لفظ بھی نہ کہا۔
22تَب یہوشُعؔ نے حُکم دیا، ”غار کا مُنہ کھولو اَور اُن پانچوں بادشاہوں کو نکال کر میرے پاس لے آؤ۔“ 23تَب اُنہُوں نے یروشلیمؔ، حِبرونؔ، یرموتؔ لاکیشؔ اَور عِگلونؔ کے اُن پانچوں بادشاہوں کو غار میں سے باہر نکالا۔ 24جَب وہ اُن بادشاہوں کو یہوشُعؔ کے پاس لے آئے تَب اُس نے اِسرائیل کے سَب آدمیوں کو بُلایا اَور اُس نے لشکر کے اُن سرداروں کو جو اُس کے ساتھ آئےتھے حُکم دیا، ”یہاں آکر اَپنے اَپنے پاؤں اِن بادشاہوں کی گردن پر رکھو۔“ چنانچہ اُنہُوں نے آگے آکر اَپنے اَپنے پاؤں اُن کی گردنوں پر رکھ دئیے۔
25یہوشُعؔ نے اُن سے کہا، ”خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو۔ تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو۔ اُن تمام دُشمنوں کے ساتھ یَاہوِہ اَیسا ہی کریں گے جِن کا تُم مُقابلہ کروگے۔“ 26تَب یہوشُعؔ نے اُن بادشاہوں کو مارا اَور قتل کر دیا اَور اُنہیں پانچ درختوں پر لٹکا دیا اَور شام تک وہ درختوں پر لٹکے رہے۔
27سُورج کے ڈُوبتے وقت یہوشُعؔ کے حُکم کے مُطابق اُنہیں درختوں پر سے اُتارا گیا اَور اُسی غار میں پھینک دیا گیا جہاں وہ چھُپے ہُوئے تھے اَور غار کے مُنہ پر بڑے بڑے پتّھر رکھ دیئے گیٔے جو آج تک وہیں ہیں۔
جُنوبی سرزمین کی فتح
28اُسی دِن یہوشُعؔ نے مقّیدہؔ کو قبضہ میں لے لیا اَور اُسے اَور اُس کے بادشاہ کو تہِ تیغ کیا اَور اُس میں کے ہر شخص کو نِیست و نابود کر دیا۔ اُس نے کسی کو باقی نہ چھوڑا اَور مقّیدہؔ کے بادشاہ کے ساتھ بھی وُہی سلُوک کیا جو یریحوؔ کے بادشاہ کے ساتھ کیا تھا۔
29پھر یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل سمیت مقّیدہؔ سے لِبناہؔ کو گئے اَور اُس پر حملہ کیا۔ 30یَاہوِہ نے وہ شہر اَور اُس کے بادشاہ کو بھی اِسرائیلیوں کے ہاتھ میں دے دیا۔ یہوشُعؔ نے اُسے اَور اُس کے شہر کے ہر جاندار کو تہِ تیغ کر ڈالا۔ اُس نے وہاں کسی کو زندہ نہ چھوڑا اَور اُس نے وہاں کے بادشاہ کے ساتھ بھی وَیسا ہی سلُوک کیا جَیسا یریحوؔ کے بادشاہ کے ساتھ کیا تھا۔
31پھر یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل سمیت لِبناہؔ سے لاکیشؔ کو گئے۔ اُنہُوں نے اُس کے مقابل مورچہ باندھا اَور اُس پر حملہ کیا۔ 32یَاہوِہ نے لاکیشؔ کو اِسرائیلیوں کے حوالہ کیا اَور یہوشُعؔ نے دُوسرے دِن اُسے لے لیا اَور اُس نے اُس شہر اَور اُس کے اَندر کے ہر جاندار کو تہِ تیغ کیا ٹھیک اُسی طرح جَیسے اُس نے لِبناہؔ کے ساتھ کیا تھا۔ 33اِسی اَثنا میں گِزرؔ کا بادشاہ ہُورامؔ، لاکیشؔ کی مدد کے لیٔے آ پہُنچا لیکن یہوشُعؔ نے اُسے اَور اُس کی فَوج کو شِکست دی۔ یہاں تک کہ کویٔی شخص زندہ نہ بچا۔
34پھر یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل سمیت لاکیشؔ سے عِگلونؔ کو گئے۔ اُنہُوں نے اُس کے مقابل مورچے باندھے اَور اُس پر حملہ کیا۔ 35اُنہُوں نے اُسے اِسی روز قبضہ کر لیا اَور اُسے تہِ تیغ کیا اَور اُس میں جو بھی جاندار تھا اُسے نِیست و نابود کر دیا ٹھیک اُسی طرح جِس طرح اُس نے لاکیشؔ کے ساتھ کیا تھا۔
36پھر یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل سمیت عِگلونؔ سے حِبرونؔ کو گئے اَور اُس پر حملہ کیا۔ 37اُنہُوں نے اُس شہر کو لے لیا اَور اُسے اُس کے بادشاہ اُس کے دیہاتوں اَور اُس کے اَندر کے ہر جاندار کو تہِ تیغ کر ڈالا۔ اُنہُوں نے کسی کو زندہ نہ چھوڑا اَور عِگلونؔ کی طرح اُنہُوں نے اُس کا اَور اُس کے اَندر کے ہر جاندار کا بالکُل صفایا کر دیا۔
38پھر یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل سمیت لَوٹ کر دبیرؔ پر حملہ آور ہُوئے 39اُنہُوں نے اُس شہر اُس کے بادشاہ اَور اُس کے قصبوں کو لے لیا اَور اُنہیں تہِ تیغ کر ڈالا۔ اُنہُوں نے اُس میں کے ہر جاندار کو بالکُل نِیست و نابود کر دیا اَور کسی کو زندہ نہ چھوڑا۔ اُنہُوں نے دبیرؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ وُہی کیا جو لِبناہؔ اَور اُس کے بادشاہ اَور حِبرونؔ کے ساتھ کیا تھا۔
40اِس طرح یہوشُعؔ نے کوہستانی مُلک، جُنوبی خِطّہ، مغربی پہاڑیوں کے دامن اَور نشیب کے مُلک سمیت اُس پُورے علاقہ کو اُن کے سَب بادشاہوں سمیت تسخیر کر لیا۔ اُنہُوں نے کسی کو زندہ نہ چھوڑا۔ اَور یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے حُکم کے مُطابق ہر جاندار کو بالکُل نِیست و نابود کر دیا۔ 41اَور یہوشُعؔ نے قادِسؔ برنیع سے لے کر غزّہؔ تک اَور گوشینؔ سے لے کر گِبعونؔ تک کے سارے علاقہ کو تسخیر کرلئے۔ 42اِن سَب بادشاہوں اَور اُن کے مُلکوں کو یہوشُعؔ نے ایک ہی معرکہ میں شِکست دی کیونکہ یَاہوِہ اِسرائیل کا خُدا اِسرائیل کی خاطِر لڑے۔
43تَب یہوشُعؔ سارے بنی اِسرائیل سمیت گِلگالؔ کی چھاؤنی میں لَوٹ آئے۔

موجودہ انتخاب:

یہوشُعؔ 10: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in