YouVersion Logo
تلاش

یہوشُعؔ 8

8
عَیؔ کی تباہی
1تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو۔ سارے لشکر کو اَپنے ساتھ لے جاؤ اَور عَیؔ پر چڑھائی کر دو کیونکہ مَیں نے عَیؔ کے بادشاہ اُس کی رعایا اُس کے شہر اَور اُس کے مُلک کو تمہارے قبضہ میں کر دیا ہے۔ 2تُم عَیؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ وَیسا ہی سلُوک کرنا جَیسا یریحوؔ اَور اُس کے بادشاہ کے ساتھ کیا تھا لیکن اُن کا سارا مال و اَسباب اَور سارے مویشی تُم اَپنے لیٔے مالِ غنیمت کے طور پر لے سکتے ہو۔ لہٰذا شہر کے پیچھے جا کر گھات میں لگے رہو۔“
3لہٰذا یہوشُعؔ اَور لشکر کے تمام آدمی عَیؔ پر چڑھائی کرنے کے لیٔے نکل پڑے۔ اُنہُوں نے اَپنے بہترین سُورماؤں میں سے تیس ہزار لوگوں کو مُنتخب کرکے اَور اُنہیں رات ہی کو اِن اَحکام کے ساتھ روانہ کیا، 4غور سے سُنو: ”تُم شہر کے عقب میں گھات لگا کر بیٹھنا۔ شہر سے بہت دُور مت جانا اَور سَب کے سَب چوکنّے رہنا۔ 5میں اَپنے سَب ساتھیوں سمیت شہر کی طرف بڑھوں گا اَور جَب وہ لوگ پہلے کی طرح ہمارے مقابل آئیں گے تو ہم اُن کے سامنے سے بھاگ نکلیں گے۔ 6وہ یہ سوچ کر کہ ہم پہلے کی طرح اُن کے سامنے سے بھاگ رہے ہیں ہمارا تعاقب کریں گے، ’یہاں تک کہ ہم اُنہیں شہر سے دُور نکال لے جایٔیں گے۔‘ لہٰذا جَب ہم اُن کے سامنے سے بھاگ نکلیں، 7تَب تُم گھات میں سے اُٹھ کر شہر پر قبضہ جما لینا۔ یَاہوِہ تمہارے خُدا اُسے تمہارے قبضہ میں کر دیں گے۔ 8تُم شہر کو اَپنے قبضہ میں لینے کے بعد اُسے آگ لگادینا۔ یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق کام کرنا۔ دیکھو مَیں نے تُمہیں حُکم دے دیا ہے۔“
9تَب یہوشُعؔ نے اُنہیں روانہ کیا اَور وہ کمین گاہ میں پہُنچ کر بیت ایل اَور عَیؔ کے درمیان عَیؔ کے مغرب کی جانِب جا کر بیٹھ گیٔے۔ لیکن یہوشُعؔ لوگوں کے ساتھ رہے اَور رات وہیں گزاری۔
10صُبح سویرے یہوشُعؔ نے لوگوں کی حاضری لی اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگوں کے ہمراہ آگے آگے عَیؔ کی جانِب کوچ کیا۔ 11اَور سَب جنگی مَرد جو اُن کے ساتھ تھے روانہ ہُوئے اَور نزدیک پہُنچ کر شہر کے سامنے آ گیٔے۔ اُنہُوں نے عَیؔ کے شمال میں اَپنی چھاؤنیاں بنائیں جہاں اُن کے اَور عَیؔ کے بیچ ایک وادی تھی۔ 12یہوشُعؔ نے پانچ ہزار لوگوں کو لے کر اُنہیں بیت ایل اَور عَیؔ کے درمیان شہر کے مغرب کی جانِب گھات میں بِٹھا دیا۔ 13اُنہُوں نے سارے سپاہیوں کو جو شہر کے شمال میں چھاؤنیوں میں تھے اَورجو مغرب کی جانِب گھات میں بیٹھے ہُوئے تھے اَپنی اَپنی جگہ پر تعینات کر دیا۔ اُسی رات یہوشُعؔ وادی میں گئے۔
14جَب عَیؔ کے بادشاہ نے یہ دیکھا تو وہ اَور شہر کے سَب لوگ صُبح سویرے جلدی جلدی باہر نکلے اَور عراباہؔ کے سامنے ایک مقام پر اِسرائیلیوں سے لڑنے کے لیٔے پہُنچ گیٔے۔ لیکن اُسے علم نہ تھا کہ شہر کے عقب میں لوگ اُس کی گھات میں بیٹھے ہُوئے ہیں۔ 15تَب یہوشُعؔ اَور سَب اِسرائیلی یہ ظاہر کرنے کے لیٔے کہ وہ پسپا ہو گئے ہیں بیابان کی طرف بھاگ نکلے۔ 16عَیؔ کے تمام لوگوں کو اُن کا تعاقب کرنے کے لیٔے بُلایا گیا اَور اُنہُوں نے یہوشُعؔ کا تعاقب کیا اَور اِس طرح سے وہ شہر سے کافی دُور نکل گیٔے۔ 17اَور عَیؔ اَور بیت ایل میں کویٔی آدمی نہ رہا جو اِسرائیلیوں کے پیچھے نہ گیا ہو۔ اُنہُوں نے شہر کو کھُلا چھوڑ دیا اَور اِسرائیلیوں کے تعاقب میں روانہ ہو گئے۔
18تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”جو نیزہ تمہارے ہاتھ میں ہے اُسے عَیؔ کی طرف بڑھاؤ کیونکہ مَیں اُس شہر کو تمہارے ہاتھ میں دے رہا ہُوں۔“ لہٰذا یہوشُعؔ نے اَپنا نیزہ عَیؔ کی طرف بڑھایا۔ 19اُن کے اَیسا کرتے ہی گھات میں بیٹھے ہُوئے لوگ فوراً اَپنی اَپنی جگہوں سے اُٹھے اَور دَوڑکر شہر میں داخل ہو گئے اَور اُسے اَپنے قبضہ میں لے لیا اَور فوراً آگ لگا دی۔
20عَیؔ کے لوگوں نے پیچھے مُڑ کر دیکھا تو اُنہیں شہر کا دُھواں آسمان کی طرف اُٹھتا ہُوا نظر آیا لیکن اُنہیں کسی بھی طرف سے بچ نکلنے کا موقع نہ تھا کیونکہ جو اِسرائیلی بیابان کی طرف بھاگ گیٔے تھے پلٹے اَور اَپنا تعاقب کرنے والوں پر ٹوٹ پڑے۔ 21کیونکہ جَب یہوشُعؔ اَور سَب اِسرائیلیوں نے دیکھا کہ گھات میں بیٹھے ہُوئے لوگوں نے شہر کو لے لیا ہے اَور شہر سے دُھواں اُٹھ رہاہے تو اُنہُوں نے پلٹ کر عَیؔ کے لوگوں پر حملہ کیا۔ 22گھات میں بیٹھے ہُوئے لوگوں نے بھی شہر سے نکل کر اُن کا مُقابلہ کیا۔ اِس طرح وہ بیچ میں پھنس گیٔے اَور اِسرائیلی اُن کی دونوں جانِب تھے۔ اِسرائیلیوں نے اُنہیں مار گرایا یہاں تک کہ اُن میں سے نہ تو کویٔی زندہ بچا اَور نہ کویٔی بھاگ سَکا۔ 23لیکن اُنہُوں نے عَیؔ کے بادشاہ کو زندہ گِرفتار کر لیا اَور اُسے یہوشُعؔ کے پاس لے آئے۔
24جَب اِسرائیلیوں نے عَیؔ کے سَب لوگوں کو کھیتوں اَور بیابان میں جہاں اُنہُوں نے اُن کا تعاقب کیا تھا مار ڈالا اَور اُن میں سے ہر ایک تلوار کا لقمہ بَن گیا تو تمام بنی اِسرائیلی عَیؔ کو لَوٹے اَور جتنے لوگ وہاں تھے اُنہیں بھی موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ 25اُس دِن مَرد اَور عورتیں کُل مِلا کر بَارہ ہزار لوگ مارے گیٔے اَور وہ سَب عَیؔ کے باشِندے تھے۔ 26کیونکہ جَب تک یہوشُعؔ نے عَیؔ کے سَب باشِندوں کو قتل نہیں کیا اُس نے اَپنا وہ ہاتھ نہیں ہٹایا جِس میں وہ نیزہ پکڑے ہُوئے تھا۔ 27البتّہ اِسرائیلیوں نے یَاہوِہ کے یہوشُعؔ کو دئیے ہُوئے حُکم کے مُطابق اُس شہر کے مویشیوں اَور مالِ غنیمت کو لُوٹ کر اَپنے قبضہ میں لے لیا۔
28چنانچہ یہوشُعؔ نے عَیؔ کو جَلا کر ہمیشہ کے لیٔے کھنڈروں کا ڈھیر بنا دیا جو آج کے دِن تک ویران پڑا ہے۔ 29اُنہُوں نے عَیؔ کے بادشاہ کو ایک درخت پر لٹکا دیا اَور شام تک اُسے وہیں لٹکا رہنے دیا۔ غروبِ آفتاب کے وقت یہوشُعؔ نے حُکم دیا کہ اُس کی لاش کو درخت سے اُتار کر شہر کے پھاٹک کے سامنے پھینک دیا جائے اَور اُنہُوں نے اُس پر پتّھروں کا انبار لگا دیا جو آج کے دِن تک مَوجُود ہے۔
کوہِ عیبالؔ پر نیا عہد
30تَب یہوشُعؔ نے کوہِ عیبالؔ پر یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے واسطے ایک مذبح بنایا۔ 31یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے جو حُکم اِسرائیلیوں کو دیا تھا اَور جَیسا مَوشہ کی کِتاب تورہ میں لِکھّا ہے اُسی کے مُطابق اُس نے وہ مذبح اَیسے پتّھروں سے بنایا جِن کو کسی آہنی اوزار سے نہیں تراشا گیا تھا۔ اِس مذبح پر اُنہُوں نے یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں پیش کیں۔ 32وہاں یہوشُعؔ نے اِسرائیلیوں کے سامنے اُن پتّھروں پر مَوشہ کے آئین کی ایک نقل کندہ کی جسے مَوشہ نے اَپنے ہاتھوں سے لِکھّا تھا۔ 33تمام بنی اِسرائیلی اَپنے بُزرگوں افسران اَور قاضیوں سمیت یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھانے والے لیوی کاہِنوں کی طرف رُخ کرکے صندُوق کے اِدھر اُدھر کھڑے ہو گئے۔ اُن کے درمیان رہنے والے دیسی اَور پردیسی دونوں وہاں تھے۔ اُن میں سے آدھے لوگ کوہِ گِرزِیمؔ کے سامنے اَور آدھے کوہِ عیبالؔ کے سامنے کھڑے تھے جَیسا کہ یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے حُکم دیا تھا کہ وہ بنی اِسرائیل کو برکت دیں۔
34اُس کے بعد یہوشُعؔ نے کِتاب تورہ کا وہ کلام پڑھ کر سُنایا جِس میں برکتیں بھی ہیں اَور لعنتیں بھی ٹھیک اُسی طرح سے جِس طرح کہ وہ آئین کِتاب تورہ میں درج ہیں۔ 35جِتنی باتوں کا مَوشہ نے حُکم دیا تھا اُن میں سے کویٔی بات اَیسی نہ تھی جسے یہوشُعؔ نے عورتوں بچّوں اَور اُن کے ساتھ رہنے والے پردیسیوں سمیت بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو پڑھ کر نہ سُنایٔی ہو۔

موجودہ انتخاب:

یہوشُعؔ 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in