یہوشُعؔ 23
23
یہوشُعؔ کا اُمرا کو الوداعی پیغام
1اُس کے بہت دِنوں بعد جَب یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو اُن کے اِردگرد کے سَب دُشمنوں سے راحت بخشی تو یہوشُعؔ نے جو اَب تک ضعیف اَور عمر رسیدہ ہو چُکے تھے 2تب یہوشُعؔ نے سَب اِسرائیلیوں کو اُن کے بُزرگوں اُمرا قاضیوں اَور اہلکاروں سمیت بُلایا اَور اُن سے کہا: ”میں ضعیف ہو چُکا ہُوں۔ 3تُم نے سَب کچھ دیکھ لیا ہے کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہاری خاطِر اُن قوموں کے ساتھ کیا کیا۔ وہ یَاہوِہ تمہارے خُدا ہی تھے جو تمہاری خاطِر لڑے۔ 4یاد کرو کہ کس طرح مَیں نے اُن بچی ہُوئی قوموں کا اَور یردنؔ سے لے کر مغرب میں بڑے سمُندر (بحرِ رُوم) تک کا سارا مُلک جسے مَیں نے فتح کیا قُرعہ اَندازی سے تمہارے قبیلوں کے درمیان بطور مِیراث تقسیم کیا۔ 5یَاہوِہ تمہارے خُدا خُود اُنہیں تمہارے راستے سے ہٹا دیں گے۔ وہ اُنہیں تمہارے سامنے سے دُور کر دیں گے اَور تُم اُن کے مُلک پر قابض ہو جاؤگے جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُم سے وعدہ کیا ہے۔
6”لہٰذا ہمّت سے کام لو اَورجو کچھ مَوشہ کی کِتاب تورہ میں لِکھّا ہے اُس سے داہنے بائیں مُڑے بغیر اُس پر عَمل کرتے رہو۔ 7اُن قوموں کے ساتھ جو تمہارے درمیان باقی بچی ہیں کسی قِسم کا ربط و ضَبط نہ رکھنا نہ اُن کے معبُودوں کے نام لینا اَور نہ ہی اُن کی قَسم کھانا۔ تُم نہ اُن کی عبادت کرنا نہ اُن کو سَجدہ کرنا۔ 8بَلکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے لپٹے رہنا جَیسا تُم نے آج تک کیا ہے۔
9”یَاہوِہ نے تمہارے سامنے سے بڑی بڑی اَور نہایت زورآور قوموں کو باہر نکال دیا ہے اَور آج کے دِن تک کویٔی شخص تمہارے خِلاف کھڑا نہ رہ سَکا۔ 10تُم میں سے ایک آدمی ہزار آدمیوں کو پسپا کر دیتاہے کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے وعدہ کے مُطابق تمہاری خاطِر لڑتے ہیں۔ 11لہٰذا خُوب خبردار رہو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مَحَبّت میں قائِم رہو۔
12”لیکن اگر تُم برگشتہ ہو جاؤ اَور اِن قوموں کے بچے ہُوئے لوگوں سے جو تمہارے درمیان رہ گئی ہیں تعلّقات کر لو اَور اُن کے ساتھ شادی بیاہ کر لو یا اُن سے راہ و رسم بڑھا لو 13تو یقین جانو کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اِن قوموں کو تمہارے سامنے سے ہرگز نہ ہٹائیں گے بَلکہ وہ تمہارے لیٔے جال اَور پھندا تمہاری پیٹھ پر کوڑے اَور تمہاری آنکھوں میں کانٹے بَن جایٔیں گے۔ یہاں تک کہ تُم اِس بھلے مُلک سے جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں دیا ہے نابود ہو جاؤگے۔
14”اَب دیکھو میں آج اُسی راستے جانے والا ہُوں جو سارے جہاں کا ہے۔ اَور تُم اَپنے سارے دِل اَور جان سے جانتے ہو کہ اُن سَب اَچھّے وعدوں میں سے جو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُم سے کئے ایک بھی پُورا ہُوئے بغیر نہ رہا۔ ہر وعدہ پُورا ہُوا۔ کویٔی ایک بھی پُورا ہُوئے بغیر نہیں رہا۔ 15لیکن جِس طرح یَاہوِہ تمہارے خُدا کا ہر اَچھّا وعدہ پُورا ہُوا اُسی طرح یَاہوِہ تُم پر وہ تمام آفتیں نازل کریں گے جِس کا اُنہُوں نے تُمہیں دہشت دِلائی ہے۔ یہاں تک کہ وہ تُمہیں اُس بھلے مُلک سے جسے اُنہُوں نے تُمہیں دیا ہے نابود کر دیں گے۔ 16اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کو جِس کا حُکم اُنہُوں نے تُمہیں دیا ہے توڑ دو اَور جا کر غَیر معبُودوں کی عبادت کرو اَور اُن کے آگے سَجدہ کرو تو یَاہوِہ کا غضب تُم پر بھڑک اُٹھے گا اَور تُم اُس بھلے مُلک سے جسے اُنہُوں نے تُمہیں دیا ہے جلد ہی نِیست و نابود ہو جاؤگے۔“
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 23: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.