یہوشُعؔ 24
24
شِکیمؔ میں دوبارہ عہد باندھا گیا
1تَب یہوشُعؔ نے اِسرائیل کے سَب قبیلوں کو شِکیمؔ میں جمع کیا۔ اُنہُوں نے اِسرائیل کے بُزرگوں، اُمرا، قاضیوں اَور اہلکاروں کو بُلایا اَور وہ خُدا کے حُضُور مَیں حاضِر ہُوئے۔
2یہوشُعؔ نے سَب لوگوں سے کہا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ’عرصہ ہُوا جَب تمہارے آباؤاَجداد جِن میں اَبراہامؔ اَور ناحوؔر کا باپ تیراحؔ بھی شامل ہے دریائے فراتؔ کے اُس پار رہتے تھے اَور غَیر معبُودوں کی پرستش کرتے تھے۔ 3لیکن مَیں نے تمہارے باپ اَبراہامؔ کو دریا کے پار کے مُلک سے لے کر کنعانؔ کے سارے مُلک میں اُس کی رہبری کی اَور اُس کی نَسل بڑھائی۔ مَیں نے اُسے اِصحاقؔ عنایت کیا۔ 4اَور اِصحاقؔ کو یعقوب اَور عیسَوؔ بخشے۔ اَور مَیں نے عیسَوؔ کو سِعِیؔر کا کوہستانی مُلک دے دیا لیکن یعقوب اَور اُس کے بیٹے مِصر چلے گیٔے۔
5” ’پھر مَیں نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو بھیجا اَور مَیں نے مِصر میں مُصیبتیں برپا کرکے مِصریوں کو خُوب مارا اَور مَیں وہاں سے تُمہیں نکال لایا۔ 6جَب مَیں تمہارے آباؤاَجداد کو مِصر سے نکال لایا تَب تُم سمُندر کے ساحِل تک جا پہُنچے اَور مِصریوں نے رتھوں اَور گُھڑسواروں کے ساتھ بحرِقُلزمؔ تک اُن کا تعاقب کیا۔ 7لیکن اُنہُوں نے یَاہوِہ سے اِمداد کے لیٔے فریاد کی اَور اُنہُوں نے تمہارے اَور مِصریوں کے درمیان اَندھیرا کر دیا۔ وہ سمُندر کو اُن کے اُوپر چڑھا لائے اَور اُنہیں غرق کر دیا۔ تُم نے خُود اَپنی آنکھوں سے دیکھا کہ مَیں نے مِصریوں کے ساتھ کیا کیا۔ پھر تُم ایک لمبے عرصہ تک بیابان میں رہے۔
8” ’مَیں تُمہیں امُوریوں کے مُلک میں لے آیا جو یردنؔ کے مشرق میں رہتے تھے۔ وہ تُم سے لڑے لیکن مَیں نے تُمہیں فتح بخشی۔ مَیں نے اُنہیں تمہارے سامنے نِیست و نابود کر دیا اَور تُم اُن کے مُلک پر قابض ہو گئے۔ 9جَب مُوآب کا بادشاہ بلقؔ بِن صِفُورؔ اِسرائیل پر چڑھائی کی تیّاریاں کرنے لگا تو اُس نے بِلعاؔم بِن بعورؔ کو بُلا بھیجا تاکہ وہ تُم پر لعنت کرے۔ 10لیکن مَیں نے بِلعاؔم کی ایک نہ سُنی اِس لیٔے وہ مجبُور ہو گیا کہ تُمہیں برکت دے۔ یُوں مَیں نے تُمہیں بلقؔ کے ہاتھ سے چھُڑا لیا۔
11” ’پھر تُم یردنؔ پار ہوکر یریحوؔ آئے اَور یریحوؔ کے باشِندے، امُوری، پَرزّی، کنعانی، حِتّی، گِرگاشی، حِوّیؔ اَور یبُوسی تُم سے لڑے لیکن مَیں نے اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیا۔ 12مَیں نے زنبوروں کو تمہارے آگے بھیجا جنہوں نے اُنہیں اَور دو امُوری بادشاہوں کو تمہارے سامنے سے بھگا دیا۔ یہ تمہاری تلوار یا کمان کا کمال نہیں تھا۔ 13اِس طرح مَیں نے تُمہیں وہ مُلک عطا کیا جِس پر تُم نے محنت نہ کی تھی اَور وہ شہر عنایت کئے جنہیں تُم نے تعمیر نہیں کیا تھا اَور تُم اُن میں بسے ہُوئے ہو اَور اُن تاکستانوں اَور زَیتُون کے باغوں کا پھل کھاتے ہو جو تمہارے لگائے ہُوئے نہیں ہیں۔‘
14”لہٰذا اَب تُم یَاہوِہ کا خوف رکھو اَور نہایت وفاداری سے اُن کی عبادت کرو اَور اُن معبُودوں کو پھینک دو جِن کی پرستش تمہارے آباؤاَجداد دریائے فراتؔ کے اُس پار اَور مِصر میں کیا کرتے تھے اَور یَاہوِہ کی پرستش کرو۔ 15اَور اگر یَاہوِہ کی عبادت کرنا تُمہیں ناگوار گزرے تو آج کے دِن اَپنے لیٔے اُسے مُنتخب کرو جِس کی تُم عبادت کرنا چاہتے ہو خواہ اُن معبُودوں کو جِن کی تمہارے آباؤاَجداد دریائے فراتؔ کے اُس پار پرستش کیا کرتے تھے یا اُن امُوریوں کے معبُودوں کو جِن کے مُلک میں تُم بسے ہو۔ لیکن جہاں تک میرا اَور میرے گھرانے کا تعلّق ہے ہم تو یَاہوِہ ہی کی عبادت کریں گے۔“
16تَب لوگوں نے جَواب دیا، ”خُدا نہ کرے کہ ہم غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے کے لیٔے یَاہوِہ کو ترک کر دیں! 17وہ یَاہوِہ ہمارے خُدا ہی تھے جو ہمیں اَور ہمارے آباؤاَجداد کو اُس غُلامی کے مُلک یعنی مِصر سے نکال لائے اَور ہماری آنکھوں کو بڑے بڑے عجِیب و غریب نِشان دِکھائے۔ اُنہُوں نے ہمارے سارے سفر میں اَور اُن سَب قوموں کے درمیان جِن میں سے ہوکر ہم گزرے ہماری حِفاظت کی۔ 18اَور یَاہوِہ نے ہمارے سامنے سے امُوریوں کو اَور اُن ساری قوموں کو نکال دیا جو اُس مُلک میں بستی تھیں۔ ہم بھی یَاہوِہ ہی کی عبادت کریں گے کیونکہ وہ ہمارے خُدا ہیں۔“
19یہوشُعؔ نے لوگوں سے کہا، ”تُم سے یَاہوِہ کی عبادت نہیں ہو سکتی۔ وہ پاک خُدا ہیں۔ وہ غیّور خُدا ہیں۔ وہ تمہاری سرکشی اَور تمہارے گُناہ نہیں بخشیں گے۔ 20اگر تُم یَاہوِہ کو ترک کرکے غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے لگوگے تو اگرچہ یَاہوِہ تمہارا بھلا کرتے آئے ہُوں وہ پھر کر تُم پر آفت نازل کریں گے اَور تمہارا خاتِمہ کر دیں گے۔“
21لوگوں نے یہوشُعؔ سے کہا، ”نہیں! ہم یَاہوِہ ہی کی عبادت کریں گے۔“
22تَب یہوشُعؔ نے کہا، ”تُم آپ ہی اَپنے گواہ ہو کہ تُم نے یَاہوِہ کی عبادت کرنا پسند کیا ہے۔“
اُنہُوں نے کہا، ”ہاں! ہم گواہ ہیں۔“
23یہوشُعؔ نے کہا، ”تو پھر تمہارے درمیان جو غَیر معبُود ہیں اُنہیں دُور کر دو اَور اَپنے دِل یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کی طرف راغِب کر لو۔“
24لوگوں نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی عبادت کریں گے اَور اُن ہی کے وفادار رہیں گے۔“
25اُسی روز یہوشُعؔ نے لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اَور شِکیمؔ میں اُن کے لیٔے قوانین اَور آئین مرتّب کئے۔ 26اَور یہوشُعؔ نے یہ باتیں خُدا کی کِتاب تورہ میں درج کر لیں۔ تَب اُنہُوں نے ایک بڑا پتّھر لیا اَور اُسے یَاہوِہ کے پاک مقام کے قریب بلُوط کے درخت کے نیچے نصب کر دیا۔
27اَور یہوشُعؔ نے اُن سَب لوگوں نے کہا، ”دیکھو! یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے گا کیونکہ اُس نے وہ سَب باتیں سُنی ہیں جو یَاہوِہ نے ہم سے کہی ہیں۔ اگر تُم اَپنے خُدا سے بےوفائی کر بیٹھو تو یہ تمہارے خِلاف گواہی دے گا۔“
28تَب یہوشُعؔ نے لوگوں کو اُن کی اَپنی اَپنی مِیراث کی طرف روانہ کیا۔
یہوشُعؔ کا موعودہ مُلک میں دفن کیاجانا
29اِن واقعات کے بعد یَاہوِہ کا خادِم یہوشُعؔ بِن نُونؔ ایک سَو دس بَرس کا ہوکر رحلت کر گیا۔ 30اُنہُوں نے اُسے اُس مِیراث میں تِمنتھ سیراؔہ کے مقام پر دفن کیا جو اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں کوہِ گعشؔ کے شمال میں واقع ہے۔
31یہوشُعؔ کی زندگی بھر اَور اُن بُزرگوں کی خدمت کی جو یہوشُعؔ کے بعد زندہ رہے اَورجو اُن سَب کاموں سے واقف تھے جو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کئے تھے اِسرائیلی یَاہوِہ ہی کی عبادت کرتے رہے۔
32اَور یُوسیفؔ کی ہڈّیاں جنہیں اِسرائیلی مِصر سے لے آئےتھے شِکیمؔ میں اُس قَطعہ زمین میں دفن کی گئیں جسے یعقوب نے شِکیمؔ کے باپ حمُورؔ کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں کے عِوض خریدا تھا۔ یہ جگہ یُوسیفؔ کی نَسل کی مِیراث ٹھہری۔
33اَور اَہرونؔ کے بیٹے الیعزرؔ نے وفات پائی اَور اُسے اُس کے بیٹے فِنحاسؔ کی پہاڑی پر گِبعہؔ میں دفن کیا گیا جو اُسے اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں دی گئی تھی۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.