یہوشُعؔ 22
22
مشرقی قبیلوں کی واپسی
1تَب یہوشُعؔ نے بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ کو بُلایا 2اَور اُن سے کہا، ”یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے تُمہیں جو حُکم دئیے تھے اُن سَب پر تُم نے عَمل کیا اَور میرے ہر حُکم کی بھی تُم نے تعمیل کی۔ 3اِس طویل عرصہ میں آج کے دِن تک تُم نے اَپنے بھائیوں کو ترک نہیں کیا بَلکہ جو خدمت تمہارے یَاہوِہ نے تمہارے ذمّہ کی اُسے پُورا کیا۔ 4اَب جَب کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہارے بھائیوں کو اَپنے وعدہ کے مُطابق آرام بخشا ہے تُم اُس مُلک میں جو یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے یردنؔ کے اُس پار تُمہیں دیا ہے اَپنے اَپنے گھروں کو لَوٹ جاؤ۔ 5لیکن خیال رہے کہ تُم اُن اَحکام اَور آئین پر ہمیشہ عَمل کرتے رہنا جو یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے تُمہیں دی ہے۔ اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھنا اَور اُن کی سَب راہوں پر چلنا اَور اُن کے حُکموں کو ماَننا، اُن سے لپٹے رہنا اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُن کی خدمت کرنا۔“
6تَب یہوشُعؔ نے اُنہیں برکت دی اَور اُنہیں رخصت کیا اَور وہ اَپنے گھروں کو چلے گیٔے۔ 7(منشّہ کے نِصف قبیلہ کو مَوشہ نے باشانؔ میں مُلک عطا کیا تھا اَور دُوسرے نِصف قبیلہ کو یہوشُعؔ نے یردنؔ کے مغرب میں اُن کے بھائیوں کے ساتھ مُلک عطا کیا تھا۔) جَب یہوشُعؔ نے اُنہیں رخصت کیا تو اُنہیں یہ کہہ کر برکت دی، 8یہوشُعؔ نے کہا، ”تُم بڑی دولت یعنی بڑے بڑے ریوڑ، چاندی، سونا، کانسے اَور لوہا اَور بے شُمار لباسوں کو لے کر اَپنے گھروں کو لَوٹو اَور اَپنے دُشمنوں سے حاصل کئے ہُوئے مالِ غنیمت کو اَپنے بھائیوں کے ساتھ بانٹ لو۔“
9تَب بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ نے مُلکِ کنعانؔ کے شیلوہؔ کے مقام پر بنی اِسرائیل سے رخصت لی تاکہ وہ خُود اَپنے مُلک گِلعادؔ کو لَوٹیں جسے اُنہُوں نے مَوشہ کی مَعرفت دئیے ہُوئے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق حاصل کیا تھا۔
10جَب وہ یردنؔ کے نزدیک کنعانؔ کے مُلک میں گیلِلَوتؔ کے مقام پر آئے تو بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ نے وہاں یردنؔ کے کنارے پر ایک عالیشان مذبح بنایا۔ 11جَب بنی اِسرائیل نے یہ سُنا کہ اُنہُوں نے بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ نے کنعانؔ کی سرحد پر یردنؔ کے نزدیک گیلِلَوتؔ کے مقام پر اِسرائیلیوں کی حُدوُد میں مذبح بنایا ہے، 12تو بنی اِسرائیل کی ساری جماعت شیلوہؔ میں جمع ہُوئی تاکہ اُن پر چڑھائی کریں۔
13چنانچہ بنی اِسرائیل نے الیعزرؔ کاہِنؔ کے بیٹے فِنحاسؔ کو گِلعادؔ کے مُلک میں بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ کے پاس بھیجا۔ 14اَور بنی اِسرائیل کے ہر قبیلہ کا ایک ایک نُمائندہ لے کر، اِس حِساب سے دس اُمرا اُس کے ساتھ روانہ کئے جو بنی اِسرائیل کے آبائی برادریوں کے سردار تھے۔
15جَب وہ گِلعادؔ میں بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ کے پاس پہُنچے تو اُنہُوں نے اُن سے کہا: 16”یَاہوِہ کی ساری جماعت یہ کہتی ہے کہ تُم نے اِسرائیل کے خُدا کے ساتھ اِس طرح کی دغابازی کیوں کی؟ تُم یَاہوِہ کی پیروی سے کیسے برگشتہ ہو گئے کہ اَب تُم نے اَپنے لیٔے ایک مذبح بنا لیا؟ 17کیا پعورؔ کا گُناہ ہمارے لیٔے کافی نہ تھا؟ آج کے دِن تک ہم نے اَپنے آپ کو اِس گُناہ سے پاک نہیں کیا حالانکہ یَاہوِہ کی قوم میں وَبا بھی آئی! 18اَور اَب بھی تُم یَاہوِہ کی پیروی سے برگشتہ ہو رہے ہو؟
” ’اگر آج تُم یَاہوِہ سے سرکشی کرتے ہو تو کل وہ اِسرائیل کی ساری قوم سے خفا ہو جائیں گے۔ 19اگر تمہارا مُلک جو تمہاری مِیراث ہے ناپاک ہو تو اُس پار یَاہوِہ کے مُلک میں آ جاؤ جہاں یَاہوِہ کا مَسکن ہے اَور ہمارے ساتھ مِیراث میں حِصّہ دار بَن جاؤ۔ لیکن یَاہوِہ ہمارے خُدا کے مذبح کے علاوہ اَپنے لیٔے کویٔی اَور مذبح بنا کر نہ تو یَاہوِہ سے بغاوت کرو اَور نہ ہم سے۔ 20جَب زیراحؔ کے بیٹے عکنؔ نے مخصُوص اَشیا میں سے خیانت کی تو کیا اِسرائیل کی ساری قوم پر خُدا کا غضب نازل نہ ہُوا؟ عکنؔ اکیلا ہی اَپنی بدکاری کے باعث ہلاک نہیں ہُوا۔‘ “
21تَب بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ نے اِسرائیلی برادریوں کے سرداروں سے کہا، 22”قادر خُدا یَاہوِہ، قادر خُدا یَاہوِہ، وہ سَب کچھ جانتے ہیں اَور اِسرائیلی جان لیں، اگر یہ یَاہوِہ کے خِلاف بغاوت یا نافرمانی کا نتیجہ ہو تو ہمیں آج کے دِن زندہ نہ چھوڑنا۔ 23اگر ہم نے یَاہوِہ سے برگشتہ ہونے کے لیٔے اَور اُس پر سوختنی نذریں اَور اناج کی نذریں یا قُربانیاں سلامتی کی نذر کے ذبیحے چڑھانے کے لیٔے یہ مذبح اَپنے لیٔے بنایا ہے تو یَاہوِہ ہی اِس کا حِساب لیں۔
24”نہیں! بَلکہ ہم نے اِس خوف سے یہ کیا کہ کسی دِن تمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے یہ نہ کہے، ’تُمہیں یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا سے کیا سروکار ہے؟ 25اَے بنی رُوبِنؔ اَور بنی گادؔ یَاہوِہ نے یردنؔ کو تمہارے اَور ہمارے درمیان حَد مُقرّر کیا ہے! لہٰذا یَاہوِہ میں تمہارا کویٔی حِصّہ نہیں ہے۔‘ اِس طرح تمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے یَاہوِہ کے خوف کو دُور کر دے گی۔
26”اِس لیٔے ہم نے کہا، ’آؤ اَپنے لیٔے ایک مذبح بنائیں جو سوختنی نذروں یا ذبیحوں کے لیٔے نہ ہو۔‘ 27بَلکہ یہ ہمارے اَور تمہارے اَور آنے والی نَسلوں کے درمیان گواہ ٹھہرے کہ ہم اَپنی سوختنی نذروں اَور سلامتی کی نذر کے ذبیحوں سے یَاہوِہ کی عبادت اُن کے پاک مَقدِس میں کریں۔ تَب آئندہ کو تمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے یہ نہ کہہ سکے گی، ’تمہارا یَاہوِہ میں تمہارا کویٔی لینا دینا نہیں۔‘
28”اَور ہم نے کہا، ’اگر وہ کبھی ہم سے یا ہماری اَولاد سے یُوں کہیں تو ہم جَواب دیں گے کہ یَاہوِہ کے مذبح کے مُشابہ بنے ہُوئے اِس مذبح کو دیکھو جسے ہمارے آباؤاَجداد نے اِس لیٔے بنایا کہ وہ سوختنی نذروں اَور ذبیحوں کے لیٔے نہ ہو بَلکہ ہمارے اَور تمہارے درمیان گواہ ٹھہرے۔‘
29”یَاہوِہ نہ کریں کہ ہم یَاہوِہ سے بغاوت کریں اَور آج یَاہوِہ ہمارے خُدا کے مذبح کے علاوہ جو اُن کے خیمہ کے سامنے ہے سوختنی نذر، اناج کی نذر کی قُربانیوں اَور ذبیحوں کے لیٔے کویٔی اَور مذبح بنا کر اُس سے برگشتہ ہو جایٔیں۔“
30جَب فِنحاسؔ کاہِنؔ اَور قوم کے اُمرا نے جو اِسرائیلی برادریوں کے سربراہ تھے یہ سَب نے سُنا جو بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور بنی منشّہ نے کہاتھا تو وہ خُوش ہو گئے 31اَور الیعزرؔ کاہِنؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور بنی منشّہ سے کہا، ”آج ہم جان گیٔے کہ یَاہوِہ ہمارے درمیان ہیں کیونکہ تُم نے اِس مُعاملہ میں یَاہوِہ سے بےوفائی نہیں کی اَور اَب تُم نے بنی اِسرائیل کو یَاہوِہ کے ہاتھ سے چھُڑا لیا ہے۔“
32تَب الیعزرؔ کاہِنؔ کا بیٹا فِنحاسؔ اَور اُمرا گِلعادؔ میں بنی رُوبِنؔ اَور بنی گادؔ سے مِل کر کنعانؔ میں لَوٹ آئے اَور بنی اِسرائیل کو یہ ماجرا کہہ سُنایا۔ 33تب بنی اِسرائیل یہ سُن کر خُوش ہُوئے اَور اُنہُوں نے خُدا کی حَمد کی اَور پھر کبھی اُن کے خِلاف جنگ کرنے اَور اُس مُلک کو تباہ کرنے کا نام تک نہ لیا جہاں بنی رُوبِنؔ اَور بنی گادؔ رہتے تھے۔
34اَور بنی رُوبِنؔ اَور بنی گادؔ نے اُس مذبح کا نام عِد رکھا، یہ ہمارے درمیان گواہ ہے کہ یَاہوِہ ہی ہمارے خُدا ہیں۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.