یہوشُعؔ 18
18
بقیّہ مُلک کی تقسیم
1بنی اِسرائیل کی ساری جماعت شیلوہؔ میں جمع ہُوئی اَور وہاں خیمہ اِجتماع کھڑا کیا۔ وہ مُلک اُن کے قبضہ میں آ چُکاتھا۔ 2لیکن اِسرائیلیوں کے سات قبیلے اَیسے تھے جنہوں نے اَب تک اَپنی مِیراث نہ پائی تھی۔
3اِس لیٔے یہوشُعؔ نے بنی اِسرائیل سے کہا: ”جو مُلک یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا نے تُمہیں عنایت کیا ہے اُس پر قبضہ جمانے کے لیٔے تُم کب تک اِنتظار کرتے رہوگے؟ 4اَب ہر قبیلہ میں سے تین تین شخص مُنتخب کرو۔ میں اُنہیں بھیجوں گا تاکہ وہ مُلک کا جائزہ لیں اَور ہر ایک کی مِیراث کے مُطابق اُس کا حال لکھیں اَور تَب وہ میرے پاس لَوٹ آئیں۔ 5تُم اُس مُلک کو سات حِصّوں میں تقسیم کر لو۔ یہُوداہؔ جُنوب میں اَپنے علاقہ میں رہیں اَور یُوسیفؔ کا گھرانا شمال میں اَپنے حِصّہ میں رہے۔ 6جَب تُم مُلک کے ساتوں حِصّوں کا حال لِکھ چُکو تو اُسے یہاں میرے پاس لاؤ اَور مَیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے سامنے تمہارے لیٔے قُرعہ ڈالوں گا۔ 7البتّہ لیویوں کا تمہارے درمیان کویٔی حِصّہ نہیں ہوگا کیونکہ یَاہوِہ کی کہانت اُن کی مِیراث ہے۔ اَور گادؔ، رُوبِنؔ اَور منشّہ کا نِصف قبیلے یردنؔ کے اِس پار مشرق میں اَپنی مِیراث پا ہی چُکے ہیں جو یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے اُنہیں دی تھی۔“
8جوں ہی وہ لوگ اُس مُلک کا نقشہ تیّار کرنے کے لیٔے جانے لگے یہوشُعؔ نے اُن کو یہ ہدایات دیں، ”جاؤ اَور اُس مُلک کا جائزہ لو اَور اُس کا حال قلم بند کرو۔ پھر میرے پاس لَوٹ آؤ اَور مَیں یہاں شیلوہؔ مَیں یَاہوِہ کے سامنے تمہارے لیٔے قُرعہ ڈالوں گا۔“ 9چنانچہ وہ لوگ چلے گیٔے اَور مُلک میں گھُومتے رہے۔ اُنہُوں نے ساتوں حِصّوں کے ہر ایک شہر کا حال ایک طُومار پر لِکھّا اَور شیلوہؔ کی چھاؤنی میں یہوشُعؔ کے پاس لَوٹ آئے۔
10تَب یہوشُعؔ نے شیلوہؔ میں یَاہوِہ کے سامنے اُن کے لیٔے قُرعہ ڈالا اَور وہیں اُنہُوں نے وہ مُلک اِسرائیلیوں کو اُن کے آبائی قبیلوں کے مُطابق بانٹ دیا۔
بنی بِنیامین کا حِصّہ
11اَور بنی بِنیامین کے قبیلہ کا قُرعہ اُن کے برادریوں کے مُطابق نِکلا اَور اُن کے حِصّہ کی حَد یہُوداہؔ اَور یُوسیفؔ کے قبیلوں کے درمیان نکل آئی،
12شمال کی جانِب اُن کی حَد یردنؔ سے شروع ہُوئی اَور یریحوؔ کے شمالی نشیب میں سے گزرتی ہُوئی مغرب کی جانِب کوہستانی مُلک سے ہوکر بیت آوِنؔ کے بیابان تک پہُنچی۔ 13وہاں سے وہ لُوزؔ (یعنی بیت ایل) کے جُنوبی نشیب میں پہُنچی اَور وہاں سے اُس پہاڑ کے برابر ہوتی ہُوئی جو نِچلے بیت حَورُونؔ کے جُنوب میں ہے عطاروتؔ ادّارؔ کو جا نکلی۔
14اَور وہ مغرب کی طرف سے مُڑ کر جُنوب کی طرف نیچے آئی اَور بیت حَورُونؔ کے سامنے کے پہاڑ سے ہوتی ہُوئی جُنوب کی طرف یہُودیوں کے ایک شہر قِریت بَعل (یعنی قِریت یعریمؔ) میں نکل آئی۔ یہ مغربی حَد ٹھہری۔
15جُنوبی حَد قِریت یعریمؔ کی بیرونی حَد سے شروع ہوکر مغرب کی طرف آبِ نفتوحؔ کے چشمہ تک چلی گئی۔ 16وہاں سے وہ حَد اُس پہاڑ کے دامن تک چلی گئی جو بین ہِنَّومؔ کی وادی کے سامنے ہے اَور رفائیمؔ کی وادی کے شمال میں ہے۔ وہاں سے وہ ہِنَّومؔ کی وادی سے اُترتی ہُوئی اَور یبُوسیوں کے شہر کی جُنوبی ڈھلان سے ہوتی ہُوئی عینؔ روگلؔ کو پہُنچی۔ 17پھر وہ شمال کی جانِب مُڑ کر عینؔ شِمِشؔ سے گزرتی ہُوئی گیلِلَوتؔ کو گئی جو ادُمّیمؔ کے درّہ کے مقابل ہے۔ وہاں سے وہ رُوبِنؔ کے بیٹے بوہنؔ کے پتّھر تک اُتر گئی۔ 18وہاں سے وہ بیت عراباہؔ کی شمالی ڈھلان سے ہوتی ہُوئی عراباہؔ میں جا اُتری۔ 19پھر وہ بیت حوگلہؔ کی شمالی ڈھلان سے ہوتی ہُوئی بحرمُردار کی شمالی خلیج میں جا نکلی جو جُنوب میں یردنؔ کے دہانے پر واقع ہے۔ یہ جُنوبی حَد تھی۔
20اَور اُس کی مشرقی سمت کی حَد یردنؔ تک تھی۔
بنی بِنیامین کے برادریوں کی مِیراث کی چاروں طرف کی حُدوُد یہی تھیں۔
21بنی بِنیامین کے قبیلہ کے شہر اُن کی برادریوں کے مُطابق یہ تھے،
یریحوؔ، بیت حوگلہؔ، عمقؔ قصیصؔ، 22بیت عراباہؔ، صمریمؔ، بیت ایل، 23عوّیمؔ، پارہؔ، عُفرہؔ، 24کفرعمّونیؔ، عُفنیؔ، اَور گِبعؔ۔ یہ بَارہ شہر تھے جِن میں اُن کے دیہات بھی شامل تھے۔
25گِبعونؔ، رامہؔ، بیروت، 26مِصفاہؔ، کفیرہؔ، موضہؔ، 27رِقمؔ، یِرفیلؔ، تَرالہؔ، 28ضِلعؔ، اِلفؔ، یبُوسیوں کا شہر (یعنی یروشلیمؔ)، گِبعہؔ اَور قِریت۔ یہ چودہ شہر تھے اَور اُن کے ساتھ اُن کے دیہات بھی تھے۔
بِنیامین کی برادریوں کے مُطابق یہی اُن کی مِیراث تھی۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 18: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.