یہوشُعؔ 17

17
1یُوسیفؔ کے پہلوٹھے کی حیثیت سے منشّہ کے قبیلہ کا حِصّہ یہ تھا یعنی مکیرؔ کے لیٔے جو منشّہ کا پہلوٹھا تھا۔ مکیرؔ گِلعادیوں کا باپ تھا۔ اُسے گِلعادؔ اَور باشانؔ ملے تھے کیونکہ مکیرؔ نہایت جنگجو آدمی تھا۔ 2چنانچہ یہ حِصّے منشّہ کی برادریوں کے باقی لوگوں کے لیٔے تھے یعنی ابیعزیر، حِلقؔ، اَسری ایل، شِکیمؔ، حِفرؔ اَور شمیدعؔ کے لیٔے۔ یہ اَپنی برادریوں کے مُطابق یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کی نرینہ اَولاد تھے۔
3ضلافحادؔ بِن حِفرؔ بِن گِلعادؔ بِن مکیرؔ بِن منشّہ کے بیٹے نہ تھے بَلکہ صِرف بیٹیاں ہی تھیں جِن کے نام محلاہؔ، نُوعاہؔ، حُگلاہؔ، مِلکاہؔ اَور تِرضاؔہ تھے۔ 4وہ الیعزرؔ کاہِنؔ، یہوشُعؔ بِن نُونؔ اَور سرداروں کے پاس جا کر کہنے لگیں، ”یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا کہ وہ ہمیں ہمارے بھائیوں کے درمیان مِیراث دیں۔“ چنانچہ یہوشُعؔ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق اُن کے باپ کے بھائیوں کے درمیان اُنہیں مِیراث دی۔ 5منشّہ کو یردنؔ کے مشرق کے گِلعادؔ اَور باشانؔ کے علاوہ دس حِصّے زمین اَور مِلی 6کیونکہ منشّہ کے قبیلہ کی بیٹیوں نے بھی بیٹوں کے ساتھ مِیراث پائی اَور منشّہ کے باقی بیٹوں کو گِلعادؔ کا مُلک مِلا۔
7منشّہ کے حِصّہ کی حد آشیر سے لے کر شِکیمؔ کے مشرق میں مِکمِتاتؔ تک پھیلی ہُوئی تھی۔ پھر وہ حَد وہاں سے جُنوب کی جانِب عینؔ تپُّوحؔ کے باشِندوں تک پہُنچی۔ 8(تپُّوحؔ کی زمین تو منشّہ کی تھی لیکن تپُّوحؔ شہر جو منشّہ کی سرحد پر تھا اِفرائیمؔ کا حِصّہ قرار دیا گیا)۔ 9پھر وہ حَد جُنوب کی جانِب بڑھتی ہُوئی قاناہؔ کی وادی تک پہُنچی۔ اِفرائیمؔ کے چند شہر منشّہ کے شہروں کے درمیان تھے لیکن منشّہ کی حَد وادی کے شمال کی طرف سے ہوتی ہُوئی بحرِ رُوم پر ختم ہُوئی۔ 10لہٰذا جُنوب میں اِفرائیمؔ کا مُلک تھا اَور شمال میں منشّہ کا۔ منشّہ کے حِصّہ کی حَد بحرِ رُوم تک تھی اَور شمال میں آشیر اَور مشرق میں یِسَّکاؔر سے مِلی ہُوئی تھی۔
11یِسَّکاؔر اَور آشیر کی حُدوُد میں منشّہ کو بیت شانؔ، اِبلیعامؔ اَور دورؔ، عینؔ دورؔ، تعناکؔ اَور مگِدّوؔ اَور اُن کے باشِندے اُن کے گِردونواح کے قصبوں کے ساتھ ملے۔ (یہ تیسرا شہر نافوت تھا۔)
12پھر بھی بنی منشّہ اُن شہروں میں بُودوباش اِختیار نہ کر سکے کیونکہ کنعانیوں نے اُس علاقہ میں بسے رہنے کا تہیہ کر لیا تھا۔ 13البتّہ جَب بنی اِسرائیل زورآور ہو گئے تَب اُنہُوں نے کنعانیوں سے بیگار کا کام لینا شروع کر دیا لیکن اُنہیں وہاں سے پُوری طرح نہیں نکالا۔
14بنی یُوسیفؔ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہم تعداد میں بہت زِیادہ ہیں اَور یَاہوِہ نے ہمیں بڑی برکت دی ہے تُم نے ہمیں صرف ایک ہی حِصّہ مِیراث میں کیوں دیا؟“
15یہوشُعؔ نے جَواب دیا، ”اگر تُم اِس قدر لاتعداد ہو اَور اِفرائیمؔ کا کوہستانی مُلک تمہارے لیٔے کافی نہیں تو جنگل میں چلے جاؤ اَور وہاں پَرزّیوں اَور رفائیمؔ کے مُلک میں درخت کاٹ کر اَپنے لیٔے زمین صَاف کر لو۔“
16بنی یُوسیفؔ نے جَواب دیا، ”یہ کوہستانی مُلک ہمارے لیٔے کافی نہیں ہے اَور میدانی علاقہ کے تمام کنعانی باشِندے جو لوہے کے رتھوں کے مالک ہیں خواہ وہ بیت شانؔ اَور اُس کے قصبوں کے ہُوں یا یزرعیلؔ کی وادی کے باشِندے ہُوں۔“
17لیکن یہوشُعؔ نے یُوسیفؔ کے گھرانے یعنی اِفرائیمؔ اَور منشّہ سے کہا، ”تُم لاتعداد اَور بہت طاقتور بھی ہو۔ تُمہیں صِرف ایک ہی حِصّہ نہ ملے گا۔ 18بَلکہ جنگل سے گھِرا ہُوا کوہستانی مُلک بھی تمہارا ہے۔ اُسے کاٹ کر صَاف کر لو اَور اُس کی دُور دراز کی حُدوُد بھی تمہاری ہیں۔ حالانکہ کنعانیوں کے پاس لوہے کے رتھ ہیں اَور وہ طاقتور ہیں تو بھی تُم اُنہیں نکال دوگے۔“

موجودہ انتخاب:

یہوشُعؔ 17: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in