ایُّوب 38
38
ایُّوب سے یَاہوِہ کی گُفتگو
1تَب یَاہوِہ نے ایُّوب کو بگولے میں سے جَواب دیا:
2”یہ کون ہے جو فُضول باتوں سے
میری مشورت پر پردہ ڈال رہاہے؟
3مَرد کی مانند اَپنی کمر باندھو؛
میں تُم سے سوال پُوچھوں گا،
اَور تُم مُجھے جَواب دوگے۔#38:3 ایُّو 40:7
4”جَب مَیں نے زمین کی بُنیاد رکھی تَب تُم کہاں تھے؟
اگر تُم دانشمند ہو تو مُجھے بتاؤ۔
5کس نے اُس کی جِسامت کو قائِم کیا، کیا تُمہیں مَعلُوم ہے؟
کس نے اُسے پیمائشی جریب سے ناپا؟
6کس چیز پر اُس کی بُنیادیں ڈالی گئیں،
یا کس نے اُس کے کونےکا پتّھر رکھا؟
7جَب صُبح کے سِتارے مِل کر گا رہے تھے
اَور تمام ملائک#38:7 ملائک فرشتے خُوشی سے للکار رہے تھے، تَب تُم کہاں تھے؟
8”کس نے سمُندر کو دروازوں سے بند کیا
جَب وہ اَیسا پھوٹ نِکلا گویا بطن سے،
9جَب مَیں نے بادلوں کو اُس کی پوشاک بنایا
اَور گہری تاریکی میں اُسے لپیٹ دیا،
10جَب مَیں نے اُس کے لئے حُدوُد مُقرّر کیں
اَور اُس کے دروازے اَور سلاخیں اَپنی اَپنی جگہ پیوست کیں،
11جَب مَیں نے سمُندر سے کہا: ’یہاں تک تُو آسکتا ہے، لیکن اُس کے آگے نہیں
یہیں پر تمہاری بپھری ہُوئی موجیں رُک جایٔیں‘؟
12”تُم نے کبھی صُبح کو حُکم دیا ہے،
یا طُلوع صُبح کو اَپنی جگہ بتایٔی ہے،
13تاکہ وہ زمین کو کناروں سے پکڑکر جھٹکائے
اَور بدکاروں کو اُس میں سے نکال دے۔
14جِس طرح چکنی مٹّی مُہر کے نیچے بدلتی ہے وَیسے ہی زمین بھی تشکیل پاتی ہے؛
اُس کے خدوخال پوشاک کی طرح نُمایاں ہوتے ہیں۔
15بدکاروں کو اُن کی رَوشنی سے محروم کر دیا جاتا ہے،
اَور اُن کا بُلند بازو توڑ دیا جاتا ہے۔
16”کیا تُم سمُندر کے چشموں میں اُترے ہو
یا اتھاہ گہرائیوں میں چلے ہو؟
17کیا موت کے دروازے تمہارے لیٔے کھولے گیٔے ہیں؟
کیا تُم نے موت کے سایہ کے پھاٹک دیکھے ہیں؟
18کیا تُم زمین کی پہنائی کو سمجھ پائے ہو؟
اگر تُم یہ سَب جانتے ہو تو مُجھے بتاؤ۔
19”نُور کے مَسکن کا راستہ کہاں ہے؟
اَور تاریکی کہاں رہتی ہے؟
20کیا تُم اُنہیں اُن کی جگہ لے جا سکتے ہو؟
تُمہیں اُن کی قِیام گاہوں کا راستہ مَعلُوم ہے؟
21یقیناً تُم جانتے ہو کیونکہ اُس وقت تُم پیدا ہو چُکے تھے!
اَور تُم اِتنے سال سے زندہ ہو!
22”کیا تُم برف کے مخزنوں میں داخل ہُوئے ہو
یا تُم نے اولوں کے انبار کو دیکھاہے،
23جنہیں مَیں نے مُصیبت کے اوقات،
اَور لڑائی اَور جنگ کے دِنوں کے لیٔے محفوظ رکھا ہے؟
24اِس جگہ کا راستہ کون سا ہے جہاں بجلی تقسیم ہوتی ہے،
یا وہ جگہ جہاں مشرقی ہوایٔیں زمین پر پھیلائی جاتی ہیں؟
25نیز سیلاب کے لیٔے نہریں کون کاٹتا ہے،
اَور طُوفان برق و باد کے لیٔے راہیں کون نکالتا ہے،
26تاکہ غَیر آباد زمین کو سیراب کرے،
اَور ایک بیابان میں، جِس میں کویٔی اِنسان نہیں رہتا،
27تاکہ ویران اَور بنجر زمین کی پیاس بُجھے
اَور اُس میں گھاس اُگ آئے؟
28کیا بارش کا کویٔی باپ ہے؟
یا اوس کے قطرے کون پیدا کرتا ہے؟
29برف کس کے بطن سے نکلتی ہے؟
آسمانوں سے پالے کون پیدا کرتا ہے
30کب پانی پتّھر کی طرح سخت ہو جاتا ہے،
اَور سمُندر کی سطح کب منجمد ہو جاتی ہے؟
31”کیا تُم ثریّا کو باندھ سکتے ہو؟
کیا تُم جبّار کی رسّیاں کھول سکتے ہو؟#38:31 ثریّا کے معنی سات سِتارے، اَور جبّار کے معنی درمیانی آسمان میں سِتاروں کا جھرمٹ۔
32کیا تُم کواکب#38:32 کواکب رَوشن سِتارے کو اُن کے موسموں پر نکال سکتے ہو
یا بناتُ النّعش کی اُن کی سہیلیوں کے ساتھ رہبری کر سکتے ہو؟#38:32 شمال میں سِتاروں کو بڑا ریچھ اَور چھوٹا ریچھ کہتے ہیں۔
33کیا تُم افلاک کے آئین جانتے ہو؟
کیا تُم اُنہیں زمین پر قائِم کر سکتے ہو؟
34”کیا تُم بادلوں تک اَپنی آواز بُلند کر سکتے ہو
یا اُن کی موسلادھار بارش میں چھُپ سکتے ہو؟
35کیا تُم بجلی کے کوندوں کو اُن کی راہ پر روانہ کر سکتے ہو؟
کیا وہ تُم سے کہتی ہے: مَیں حاضِر ہُوں؟
36باطِن کو حِکمت سے کس نے مُزیّن کیا،
یا مُرغ کو فہم کس نے عطا کیا؟
37کس میں اُتنی حِکمت ہے کہ بادلوں کو گِن سکے؟
آسمان کی مَشکوں کے مُنہ کون کھول سَکتا ہے۔
38جَب زمین تودہ بَن جاتی ہے،
اَور اُس کے ڈھیلے باہم چپک جاتے ہیں؟
39”کیا تُم شیرنی کے لیٔے شِکار مارتے ہو،
اَور شیروں کی بھُوک مٹاتے ہو
40جَب وہ اَپنی ماندوں میں دبک کر بیٹھتے ہیں،
یا گنُجان جھاڑیوں میں گھات لگا کر بیٹھتے ہیں؟
41پہاڑی کوّے کے لیٔے غِذا کون مُہیّا کرتا ہے،
جَب اُس کے بچّے خُدا سے فریاد کرتے،
اَور خُوراک کے بغیر اُڑتے پھرتے ہیں؟
موجودہ انتخاب:
ایُّوب 38: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.