YouVersion Logo
تلاش

ایُّوب 39

39
1”کیا تُم جانتے ہو کہ پہاڑی بکریاں کب بچّے دیتی ہیں؟
اَور ہِرنی کب بچّے دیتی ہے؟
2کیا تُم اُن کے حَمل کے مہینوں کا شُمار رکھتے ہو؟
یا جانتے ہو، وہ کس موسم میں جنتی ہیں؟
3وہ جھکتی ہیں اَور اَپنا بچّہ دیتی ہیں؛
اَور دردِزہ سے رِہائی پاتی ہیں۔
4اُن کے بچّے جنگلوں میں بڑھتے اَور قُوّت پاتے ہیں؛
وہ چلے جاتے ہیں اَور اَپنی ماؤں کے پاس واپس نہیں آتے۔
5”گورخر کو کس نے آزاد کیا؟
اُس کے بند کس نے کھولے؟
6مَیں نے بنجر زمین کو اُس کا گھر بنایا،
اَور زمینِ شور کو اُس کا مَسکن۔
7شہر کا شوروغل اُس تک نہیں پہُنچ پاتا؛
وہ گاڑی بان کی ہُنکار نہیں سُنتا۔
8وہ چراگاہوں کی کھوج میں، پہاڑیوں پر گھُومتا ہے
اَور سبزہ زاروں کی جُستُجو میں لگا رہتاہے۔
9”کیا کویٔی جنگلی سانڈ تمہاری خدمت کرنے پر راضی ہوگا؟
کیا وہ تمہاری چرنی کے پاس رات کاٹے گا؟
10کیا تُم جنگلی سانڈ کو رسّی سے باندھ کر ریگھاری میں چلا سکتے ہو؟
کیا وہ تمہارے پیچھے پیچھے وادی میں ہل جوتیں گے؟
11کیا تُم اُس کی بڑی طاقت کی بنا پر اُس پر بھروسا کروگے؟
کیا تُم اَپنا بھاری کام اُس پر چھوڑ دوگے؟
12کیا تُم اُس سے اُمّید کروگے کہ وہ تمہاری فصل ڈھوئے
اَور اُسے تمہارے کھلیان میں جمع کرے؟
13”شتر مُرغ کے پر خُوشی سے پھڑپھڑاتے ہیں،
لیکن اُن کا لق لق کے
پر و بازو سے کیا مُقابلہ۔
14اُس کی مادہ اَپنے اَنڈے زمین پر چھوڑ جاتی ہے
اَور اُنہیں ریت میں گرم ہونے دیتی ہے۔
15لیکن بھُول جاتی ہے کہ کسی کا پاؤں اُنہیں کُچل سَکتا ہے،
یا کویٔی جنگلی جانور اُنہیں روند سَکتا ہے۔
16وہ اَپنے بچّوں پر سختی کرتی ہے، گویا وہ اُس کے اَپنے نہیں؛
اگر اُس کی محنت رائگاں جائے تو اُسے کیا پروا،
17کیونکہ خُدا نے اُسے حِکمت سے محروم رکھا ہے
نہ ہی اُسے فہم بخشا ہے۔
18پھر بھی جَب وہ دَوڑنے کے لیٔے اَپنے بازو پھیلاتی ہے،
تو گھوڑے اَور اُس کے سوار کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔
19”کیا گھوڑے کو اُس کی طاقت تُم دیتے ہو
یا اُس کی گردن کو لہراتی ہُوئی ایال#39‏:19 ایال گھوڑے کی گردن کے لٹکے بال تُم نے پہنائی ہے؟
20کیا تُم اُسے ٹِڈّی کی طرح کُداتے ہو،
جِس کی تیز ہنہناہٹ ہیبت پیدا کرتی ہے؟
21وہ شان سے اکڑتا ہے اَور زور سے کُھر مارتا ہے،
اَور جنگی میدان میں کود پڑتا ہے۔
22خوف اُس کے سامنے کیا ہے، وہ کسی شَے سے نہیں ڈرتا؛
نہ ہی تلوار سے مُنہ موڑتا ہے۔
23ترکش، چمکدار نیزہ اَور بھالا،
اُس کے بازو سے کھڑکھڑاتے ہُوئے نکل جاتے ہیں۔
24دیوانگی و جوش میں وہ زمین کھود ڈالتا ہے؛
نرسنگے کی آواز سُن کر وہ خاموش کھڑا ہی نہیں رہ سَکتا۔
25نرسنگے کی آواز سُن کر وہ ہنہناتا ہے گویا، ’آہا!‘ کہتا ہو،
اَور سپہ سالاروں کی للکار اَور لڑائی کے نعروں کا اَندازہ لگا لیتا ہے۔
26”کیا باز تمہاری حِکمت سے اُڑان بھرتاہے
اَور اَپنے بازو جُنوب کی طرف پھیلاتا ہے؟
27کیا عُقاب تمہارے حُکم سے بُلندی پر پرواز کرتا ہے
اَور چٹّان کی چوٹی پر اَپنا گھونسلہ بناتا ہے؟
28وہ چٹّان پر رہتاہے اَور رات کو وہیں بسیرا کرتا ہے؛
ایک پتھریلی ناہموار چٹّان اُس کی جائے پناہ ہے۔
29وہیں سے وہ اَپنا شِکار ڈھونڈتا ہے؛
جسے اُس کی آنکھیں دُور سے تاڑ لیتی ہیں۔
30اُس کے بچّوں کو خُون مرغوب ہے،
اَور جہاں مقتول ہیں وہاں وہ ہے۔“#39‏:30 مت 24‏:28؛ لُوق 17‏:37‏

موجودہ انتخاب:

ایُّوب 39: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in