YouVersion Logo
تلاش

ایُّوب 36

36
1اِلیہُوؔ نے اَپنا بَیان جاری رکھا:
2”ذرا صبر کریں، مُجھے بولنے دیں،
کیونکہ خُدا کے حق میں مُجھے کچھ اَور بھی کہنا ہے۔
3مَیں نے دُور دُور سے علم حاصل کیا ہے؛
میں اَپنے خالق کو عادل تسلیم کرتا ہُوں۔
4یقین رکھو کہ میری باتیں جھُوٹی نہیں ہیں؛
ایک کامل علم شخص، تمہارے ساتھ ہے۔
5”خُدا قادر ہیں لیکن وہ لوگوں کو حقیر نہیں جانتے؛
وہ قوی ہیں اَور اَپنے اِرادہ میں مصمّم۔
6وہ بدکار کو زندہ نہیں چھوڑتے
لیکن مُصیبت کے ماروں کو اُن کا حق بخشتے ہیں۔
7وہ راستبازوں کی طرف سے اَپنی نگاہ نہیں ہٹاتے؛
اَور اُنہیں بادشاہوں کے ساتھ تخت نشین کرتے ہیں،
اَور ہمیشہ کے لیٔے سرفراز کرتے ہیں۔
8لیکن اگر لوگ زنجیروں میں جکڑے ہُوئے ہیں،
اَور مُصیبت کی رسّیوں سے بندھے ہویٔے ہیں،
9تو وہ اُنہیں اُن کی کرتوتیں بتاتے ہیں،
اَور یہ کہ اُنہُوں نے تکبُّر میں گُناہ کیا۔
10وہ تادیب کے لیٔے اُن کے کان کھولتے ہیں،
اَور اُنہیں حُکم دیتے ہیں کہ اَپنی بدی سے باز آئیں۔
11اگر وہ حُکم مانیں اَور اُن کی اِطاعت کریں،
تو وہ اَپنی زندگی کے باقی بچے ایّام خُوشحالی میں
اَور زندگی آسودگی میں گُزاریں گے۔
12لیکن اگر وہ نہ سُنیں،
تو تلوار سے ہلاک ہوں گے
اَور بغیر علم کے وہ مَر جائیں گے۔
13”بےدینوں کے دِل میں خفگی بستی ہے؛
وہ اُنہیں قَید کرتے ہیں تَب بھی وہ مدد کے لیٔے دہائی نہیں دیتے۔
14وہ اَپنی جَوانی ہی میں مَر جاتے ہیں،
اُن کی زندگی بُتکدوں میں بدفعلوں کے درمیان برباد ہو جاتی ہے۔#36‏:14 مَذہبی عصمت فروشی کا رِواج، جِس کی کثرت سے بادشاہوں کی کِتاب میں مذمّت کی گئی ہے، کنعانیوں کی زرخیزی کی رسومات کا حِصّہ تھی۔
15جو مُصیبت زدہ ہیں خُدا اُنہیں اُن کی مُصیبت سے چھُٹکارا دیتے ہیں؛
اَور دُکھ درد کے ذریعہ اُن کے کان کھولتے ہیں۔
16”خُدا تُمہیں تنگی کے جَبڑوں سے نکال کر،
ایک اَیسی کشادہ جگہ لے جاتے ہیں،
جہاں تُم دسترخوان پر چُنے ہُوئے بہترین کھانوں سے لُطف اَندوز ہو سکتے ہو۔
17لیکن اِس وقت تُم اَیسی سزا پا رہے ہو جو ایک بدکار کو ملنی چاہئے تھی؛
پھر بھی فیصلہ اَور اِنصاف ہوکر ہی رہے گا۔
18خبردار، دولت تمہارا دِل نہ لُبھا لے؛
کویٔی بڑی رشوت تُمہیں گُمراہ نہ کر دے۔
19کیا تمہاری دولت یا قُوّت و توانائی
تُمہیں مُصیبت سے بچانے کے لیٔے کافی ہیں؟
20اُس رات کی تمنّا نہ کرو،
جِس میں لوگوں کو اُن کے گھروں سے اَچانک اُٹھالیا جاتا ہے۔
21بدی کی طرف مائل نہ ہو،
جسے تُم مُصیبتوں پر ترجیح دیتے ہویٔے نظر آتے ہو۔
22”خُدا کی قُدرت عظیم ہے۔
کیا کویٔی اُستاد اُن کی مانند ہے؟
23کس نے اُن کے لیٔے راہیں تجویز کیں،
یا اُن سے کہا ہو، ’تُم نے ناراستی کی ہے‘؟
24خُدا کے کاموں کی تعریف کرنا نہ بھُولو،
جنہیں لوگوں نے گانا گا کر اُن کی سِتائش کی ہے،
25تمام نَوع اِنسان نے اُنہیں دیکھاہے؛
لوگ دُور سے اُن پر نظر جمائے رہتے ہیں۔
26خُدا کس قدر عظیم ہیں، ہماری سمجھ سے باہر!
اُن کے برسوں کا شُمار دریافت سے باہر ہے!
27”وہ پانی کے قطروں کو اُوپر کھینچتے ہیں،
جو بخارات سے مینہ میں ڈھل کر چشموں میں گرتا ہے؛
28بادل اَپنی رطوبت اُنڈیل دیتے ہیں،
اَور بنی نَوع اِنسان پر کثرت سے بارش ہوتی ہے۔
29کون سمجھ سَکتا ہے کہ وہ بادلوں کو کیسے پھیلاتے ہیں،
یا اَپنی شہ نشین سے کیسے گرجتے ہیں؟
30دیکھو وہ اَپنی بجلی کو اَپنے چَوگرد کیسے مُنتشر کرتے ہیں،
جو سمُندر کی گہرائیوں کو بھی جگمگا دیتی ہے۔
31اُن ہی سے وہ قوموں میں اَپنا نظام قائِم کرتے ہیں
اَور اُنہیں کثرت سے خُوراک بہم پہُنچاتے ہیں۔
32وہ بجلی کو اَپنے ہاتھ میں لیتے ہیں
اَور حُکم دیتے ہیں کہ نِشانہ پر جا گِرے۔
33اُن کی گرج آنے والے طُوفان کا اعلان کرتی ہے؛
چَوپائے تک طُوفان کی آمد کی خبر کر دیتے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

ایُّوب 36: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in