ایُّوب 24
24
1”قادرمُطلق نے عدالت کے اوقات کیوں مُقرّر نہیں کیٔے؟
جو اُن کو جانتے ہیں اُنہیں بھی اَیسے دِنوں کی خبر نہیں؟
2لوگ حُدوُد کے پتّھروں کو سرکاتے ہیں؛
وہ گلّوں کو ہانک لے جاتے ہیں اَور اُنہیں چَرانے لگتے ہیں۔
3وہ یتیم کا گدھا چُرا لے جاتے ہیں
اَور بِیوہ کا بَیل رہن رکھ لیتے ہیں۔
4وہ مُحتاج کو راہ سے ہٹا دیتے ہیں
اَور مُلک کے تمام غریب چھپتے پھرتے ہیں۔
5ویرانہ کے گورخروں کی طرح،
غُربا اَپنی خُوراک کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں؛
اَور بنجر زمین اُن کے بچّوں کو خُوراک بہم پہُنچاتی ہے۔
6وہ کھیتوں میں سے چارا کاٹتے ہیں
اَور بدکاروں کے لیٔے تاکستانوں کے انگور توڑتے ہیں۔
7کپڑے نہ ہونے کے باعث وہ رات بھر ننگے پڑے رہتے ہیں؛
اَور سردی سے بچنے کے لیٔے اُن کے پاس اوڑھنے کو کچھ نہیں ہوتا۔
8وہ پہاڑوں کی بارش سے بھیگتے ہیں
اَور کویٔی پناہ نہ مِلنے پر چٹّانوں سے لپٹ جاتے ہیں۔
9یتیم کا بچّہ چھاتی سے جُدا کر دیا جاتا ہے؛
اَور غریب کا بچّہ قرض کے عوض گروی رکھ لیا جاتا ہے۔
10وہ کپڑوں کے بغیر ننگے پھرتے رہتے ہیں؛
اَور پُولے ڈھوتے ہُوئے بھی بھُوکے رہتے ہیں۔
11وہ تیل نکالنے کے لیٔے چٹّانوں پر زَیتُون کُچلتے ہیں؛
وہ مے کے حوضوں کے انگور روند کر اُن کا رس نکالتے ہیں لیکن خُود پیاسے رہتے ہیں۔
12مرنے والوں کے کراہنے کی آوازیں شہر سے اُٹھتی ہیں،
اَور زخمیوں کی جانیں دہائی دیتی ہیں۔
تو بھی خُدا کسی کو بدی کا ذمّہ دار نہیں ٹھہراتا۔
13”اَیسے بھی لوگ ہیں جو نُور سے بغاوت کرتے ہیں،
اَور اُس کی راہوں کو نہیں جانتے
نہ اُس کے سامنے آتے ہیں۔
14شام ہوتے ہی خُونی اُٹھ کھڑا ہوتاہے
اَور غریب اَور مُحتاج کو قتل کرتا ہے؛
اَور رات کو چور کی طرح نقب لگاتاہے۔
15زناکار کی آنکھ شام کی منتظر رہتی ہے؛
’وہ سوچتا ہے کہ اُس وقت کسی کی نگاہ مُجھ پر نہ پڑےگی،‘
اَور وہ اَپنا چہرہ چُھپائے پھرتاہے۔
16اَندھیرے میں یہ لوگ گھروں میں جا گھُستے ہیں،
لیکن دِن نکلتے ہی چھُپ جاتے ہیں؛
اُنہیں نُور سے کویٔی سروکار نہیں۔
17اُن سَب کی صُبح موت کے سایہ کی مانند ہے؛
تَب اُنہیں پتہ چلتا ہے کہ موت کے سایہ کی دہشت کیسی ہوتی ہے۔
18”پھر بھی وہ پانی کی سطح پر کا جھاگ ہیں؛
زمین پر اُن کا حِصّہ ملعُون قرار دیا گیا ہے،
تاکہ کویٔی تاکستانوں کو نہ جائے۔
19جِس طرح گرمی اَور خُشکی پگھلتی ہُوئی برف کو ہڑپ لیتی ہے،
اُسی طرح قبر گُنہگاروں کو کھا جاتی ہے۔
20(ماں کا) رحم اُن کو بھلا دیتاہے،
اَور کیڑا اُنہیں مزے سے کھاتا ہے؛
بُرے لوگوں کو کویٔی یاد نہیں کرتا
بَلکہ وہ درخت کی طرح کاٹ ڈالے جاتے ہیں۔
21وہ بانجھ اَور بے اَولاد عورت کو نگل جاتے ہیں،
اَور بِیوہ کے ساتھ ہمدردی نہیں جتاتے۔
22لیکن خُدا اَپنی قُوّت سے سُورماؤں کو گھسیٹ لے جاتے ہیں؛
حالانکہ وہ مضبُوطی سے قائِم نظر آتے ہیں لیکن اُن کی زندگی کا کویٔی بھروسا نہیں۔
23حالانکہ وہ اُنہیں سلامتی سے جینے دیتے ہیں،
لیکن اُن کی آنکھیں اُن کی راہوں پر لگی رہتی ہیں۔
24چند لمحوں کے لیٔے وہ سرفراز کئے جاتے ہیں اَور پھر چل بستے ہیں؛
وہ پست کئے جاتے ہیں اَوروں کی طرح دفن کیٔے جاتے ہیں؛
اَور اناج کی بالوں کی طرح کاٹ ڈالے جاتے ہیں۔
25”اگر یہ یُوں نہیں ہے تو کویٔی ہے جو مُجھے جھُوٹا ثابت کرے
اَور میری باتوں کو فُضول ٹھہرائے۔“
موجودہ انتخاب:
ایُّوب 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.