YouVersion Logo
تلاش

ایُّوب 22

22
الیفزؔ
1تَب اِلیفزؔ تیمانی نے جَواب دیا:
2”کیا کویٔی اِنسان خُدا کے کام آسکتا ہے؟
کیا کویٔی عقلمند اِنسان بھی اُسے فائدہ پہُنچا سَکتا ہے؟
3تمہارے راستباز ہونے سے قادرمُطلق کو کیا خُوشی ملے گی؟
اَور اگر تمہاری راہیں راست ہُوں تو اُنہیں کیا فائدہ؟
4”کیا وہ تمہاری پاک دامنی کے باعث تُمہیں ملامت کرتا،
اَور تُمہیں عدالت میں لاتا ہے؟
5کیا تمہاری بدی بڑی نہیں؟
اَور کیا تمہارے گُناہ غَیر محدُود نہیں؟
6تُم نے اَپنے بھائیوں سے بلاوجہ ضمانت طلب کی؛
تُم نے لوگوں کے کپڑے اُتار لیٔے اَور اُنہیں برہنہ کر دیا؟
7تُم نے تھکے ماندوں کو پانی نہ پِلایا
اَور بھُوکوں کو کھانے سے محروم رکھا،
8حالانکہ تُم ایک زبردست آدمی تھے، زمینوں کے مالک تھے،
اَور ایک باعزّت اِنسان کی طرح اُن میں بسے ہُوئے تھے۔
9اَور تُم نے بیواؤں کو خالی ہاتھ لَوٹایا
اَور یتیموں کے بازو توڑ دئیے۔
10اِسی لیٔے تمہارے چاروں طرف پھندے لگے ہُوئے ہیں،
اَور ناگہانی خطرے تُمہیں خوفزدہ کرتے ہیں،
11آخِر اِس قدر تاریکی کیوں ہے کہ تُم دیکھ نہیں پاتے،
اَور سیلاب تُمہیں بہا لے جاتا ہے۔
12”کیا آسمان کی بُلندیوں میں خُدا نہیں ہے؟
دیکھو، بُلند سِتارے کس قدر شان سے چمکتے ہیں!
13پھر بھی تُم کہتے ہو کہ خُدا کیا جانتے ہیں؟
کیا وہ اَیسے اَندھیرے میں سے دیکھ کر اِنصاف کرتے ہیں؟
14جَب وہ گُنبَدِ افلاک میں گشت لگاتے ہیں
اَور گھنے بادل اُنہیں گھیر لیتے ہیں، تو وہ ہمیں دیکھ نہیں سکتے۔
15کیا تُم اِسی پرانی راہ پر چلتے رہوگے
جِس پر بدکار لوگ چلتے آئے ہیں؟
16وہ وقت سے قبل ہی اُٹھا لیٔے گیٔے،
سیلاب اُن کی بُنیادیں بہا لے گیا۔
17اُنہُوں نے خُدا سے کہا: ’ہمیں آپ سے کویٔی مطلب نہیں!‘
آپ جو قادرمُطلق ہیں ہمارا کیا بِگاڑ سکتے ہیں؟
18پھر بھی اُن ہی نے اُن کے گھر نِعمتوں سے بھر دئیے،
بدکاروں کے منصُوبے میری سمجھ سے باہر ہیں۔
19صادق اُن کی بربادی دیکھ کر خُوش ہوتے ہیں؛
اَور بے قُصُور یہ کہہ کر اُن کی ہنسی اُڑاتے ہیں،
20ہمارے دُشمن واقعی تباہ ہو گئے،
اَور آگ نے اُن کے خزانے بھسم کر دئیے۔
21”خُدا کی اِطاعت کر اَور اُن کے ساتھ سلامتی سے رہو؛
اِس سے تمہارے پاس خُوشحالی آئے گی۔
22اُن کی ہدایات کو قبُول کرو
اَور اُن کے کلام کو اَپنے دِل میں جگہ دو۔
23اگر تُم قادرمُطلق سے رُجُوع ہوگے تو بحال کئے جاؤگے:
بشرطیکہ تُم بدی کو اَپنے خیمہ سے دُور کرو،
24اَور اَپنے خزانوں کو خاک،
اَور اَپنے اوفیرؔ#22‏:24 اوفیرؔ اوفیرؔ سے مُراد اَچھّے مِعیار کا سونا ہے۔ اوفیرؔ ایک جگہ کا نام تھا جو اَپنے سونے کے لیٔے مشہُور تھا۔ کے سونے کو وادی کے پتّھروں کے برابر سمجھو۔
25تَب قادرمُطلق تمہارا خزانہ ہوں گے،
اَور تمہارے لیٔے خالص چاندی بَن جائیں گے۔
26تَب قادرمُطلق کی صحبت تمہاری لذّت کا باعث ہوگی،
اَور تُم اَپنا مُنہ خُدا کی طرف اُٹھاؤگے۔
27تُم اُن سے دعا کروگے اَور وہ تمہاری سُنیں گے،
اَور تُم اَپنی مَنّتیں پُوری کروگے۔
28جِس بات کا اِرادہ کروگے وہ پُوری ہوگی،
اَور تمہاری راہیں رَوشن ہُوں گی۔
29جَب لوگ پست کئے جایٔیں گے اَور ’تُم کہو گے کہ اُنہیں سنبھالیں!‘
تو خُدا گِرے ہوؤں کو بچا لیں گے۔
30خُدا بے قُصُور کو بھی نَجات دیں گے،
وہ تمہارے ہاتھوں کی پاکیزگی کے باعث نَجات پایٔےگا۔“

موجودہ انتخاب:

ایُّوب 22: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in