یرمیاہؔ 48
48
مُوآب کی بابت نبُوّت
1مُوآب کے متعلّق:
قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں:
”نبوؔ پر ہائے کیونکہ وہ تباہ ہو جائے گا۔
قِریتائم رُسوا ہوگا اَور لے لیا جائے گا؛
مِسگابؔ#48:1 مِسگابؔ کچھ نُسخوں میں قلعہ بند شہر لِکھا ملتا ہے شرمندہ اَور پست ہوگا۔
2اَب مُوآب کی اَور تعریف نہ ہوگی؛
حِشبونؔ میں لوگ اُس کی تباہی کے منصُوبے بنائیں گے،
’آؤ اِس قوم کا خاتِمہ کر ڈالیں۔‘
تُو بھی مدمینؔ شہر کے باشِندے بالکُل چُپ کر دئیے جائیں گے؛
اَور تلوار تمہارا پیچھا کرےگی۔
3حُورونایمؔ سے چیخ و پُکار سُنایٔی دیتی ہے،
وہ نہایت شدید تباہی اَور بربادی کی چیخیں ہیں۔
4مُوآب ہلاک ہو جائے گا؛
اَور اُس کے چُھوٹے بچّوں کے نوحوں کی چیخیں سُنائی دیں گی۔
5وہ لُوحیتؔ کی چڑھائی پر،
زار زار روتے ہُوئے آگے بڑھیں گے؛
اَور نیچے کی طرف حُورونایمؔ کی ڈھال پر
ہلاکت کا ماتم سُنائی دے گا۔
6اَپنی جان بچا کر بھاگو؛
اَور بیابان کی جھاڑی کی مانند بَن جاؤ۔
7چونکہ تُم اَپنے اعمال اَور اَپنی دولت پر توکّل رکھتے ہو،
اِس لیٔے تُم بھی اسیر ہو جاؤگے۔
اَور کموشؔ معبُود بھی،
اَپنے کاہِنوں اَور حاکموں کے ساتھ جَلاوطن ہوگا۔
8یَاہوِہ کے فرمان کے مُطابق،
غارت گِر ہر شہر پر حملہ کرےگا،
اَور ایک بھی شہر نہیں بچے گا۔
وادی تباہ ہو جائے گی
اَور میدان برباد ہو جائے گا۔
9مُوآب کو پر لگا دو،
کیونکہ وہ اُڑ کر دُور چلا جائے؛
اُس کے شہر ویران کر دیئے جایٔیں گے،
اَور اُن میں کویٔی آباد نہ رہے گا۔
10”لعنت ہر اُس شخص پرجو یَاہوِہ کا کام کرنے میں سُستی برتے!
لعنت اُس پرجو اَپنی تلوار کو خُونریزی سے روکتا ہے!
11”مُوآب اَپنی جَوانی ہی سے سکون سے رہاہے،
گویا مَے اَپنی تلچھٹ پر ٹھہر گئی ہو،
جو ایک برتن سے دُوسرے برتن میں نہ اُنڈیلی گئی ہو۔
اَورجو کبھی جَلاوطن نہیں ہُوا۔
اِس لیٔے اُس کا ذائقہ اُسی میں قائِم ہے،
اَور اُس کی مہک نہیں بدلی۔
12اِس لئے وہ دِن آ رہے ہیں،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے،
”جَب مَیں اُن لوگوں کو بھیجوں گا جو صُراحیوں میں سے رس اُنڈیلتے ہیں،
اَور وہ مُوآب کو پُورا اُنڈیل دیں گے؛
اَور اُس کی صُراحیاں خالی کرکے،
اُسے چکنا چُور کر دیں گے۔
13اَور جِس طرح بنی اِسرائیل
بیت ایل پر اِعتماد کرکے شرمندہ ہُوئے تھے،
ٹھیک اُسی طرح مُوآب بھی کموشؔ سے شرمندہ ہوگا۔
14”تُم کیسے کہہ سکتے ہو، ’ہم سُورما ہیں،
جو میدانِ جنگ میں دِلیری دِکھانے ہیں‘؟
15مُوآب تباہ کیا جائے گا اَور اُس کے شہروں پر حملہ ہوگا؛
اَور اُس کے بہترین نوجوان قتل کے لیٔے جائے جائیں گے،“
یہ اُس بادشاہ کا فرمان ہے جِس کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے۔
16”مُوآب پر آنے والی آفت نزدیک ہے؛
مُصیبت اُس پر جلد آئے گی۔
17تُم سَب لوگ جو اُس کے اِردگرد رہتے ہو،
اَور اُس کی شہرت سے واقف ہو، اُس کے لیٔے ماتم کرو؛
کہو، ’یہ مضبُوط عصائے شاہی،
اَور عصائے جلالی کیسے ٹوٹ گیا!‘
18”اَے دیبونؔ کے باشِندوں،
اَپنی شان و شوکت سے نیچے اُتر آؤ،
اَور خشک زمین پر بیٹھ جاؤ؛
کیونکہ مُوآب کو تباہ کرنے والا
تُم پر بھی حملہ کرےگا
اَور تمہارے مُستحکم شہروں کو اُجاڑ دے گا۔
19اَے عروعؔر کے باشِندوں،
راستہ میں کھڑے ہوکر دیکھو۔
فرار ہونے والے مَرد اَور بچ کر نکلنے والی عورتوں سے پُوچھو،
’کیا ماجرا ہے؟‘
20مُوآب رُسوا ہُوا کیونکہ وہ چکنا چُور ہو گیا ہے۔
زار زار روؤ اَور ماتم کرو!
ارنُونؔ میں بھی مُنادی کرو
کہ مُوآب نِیست و نابود ہو گیا۔
21سزا کا فیصلہ آ چُکاہے
حولونؔ، یہصہؔ اَور مِفعتؔ،
22دیبونؔ، نبوؔ اَور بیت دِبلاتایمؔ،
23قِریتائم، بیت گمولؔ اَور بیت مِعُون،
24قِریوتؔ اَور بُضراؔہ۔
الغرض مُوآب کے میدانی علاقہ کے دُور اَور نزدیک کے تمام شہروں پر
عذاب نازل ہُواہے
25یَاہوِہ کا فرمان ہے،
مُوآب کا سینگ کاٹا جا چُکاہے؛
اَور اُس کا بازو توڑا گیا ہے،“
26اُسے مدہوش کر دو،
کیونکہ اُس نے یَاہوِہ کے خِلاف سَر اُٹھایا ہے۔
اِس لئے مُوآب اَپنی قَے میں لَوٹے گا؛
اَور اُسے ہنسی میں اُڑایا جائے گا۔
27کیا بنی اِسرائیل کا تُم نے مذاق نہیں اُڑایا؟
کیا وہ چوروں میں سے تھا،
کیونکہ جَب بھی تُم اُس کا ذِکر کرتے تھے
تو حقارت سے اَپنا سَر ہلاتے تھے۔
28اَے مُوآب کے باشِندوں،
اَپنے شہروں کو خیرباد کہو اَور چٹّانوں میں جا بسو۔
اَور کبُوتر کی مانند بنو،
جو غار کے مُنہ پر اَپنا گھونسلہ بناتا ہے۔
29”ہم نے مُوآب کے تکبُّر کے بارے میں سُنا ہے۔
اُس کا غُرور کتنا زِیادہ ہے،
اُس کا گستاخانہ، فخر اَور خُود فریبی،
اَور اُس کے دِل کی مغروُریت مشہُور ہے۔
30مَیں اُس کی گستاخی سے بھی واقف ہُوں جو فُضول ہے،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے،
اَور اُس کی شیخی سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
31اِس لیٔے میں مُوآب کے لیٔے ماتم کرتا ہُوں،
میں سارے مُوآب کے لیٔے زار زار روتا ہُوں،
اَور قیرؔ حارسیتھؔ کے باشِندوں کے لیٔے ماتم کرتا ہُوں۔
32اَے سِبماہؔ کی انگور کی بیل،
مَیں تمہارے لیٔے یعزیرؔ کی مانند روتا ہُوں۔
تمہاری شاخیں بحرمُردار تک پھیل گئی ہیں؛
وہ یعزیرؔ کے سمُندر تک پہُنچ گئی ہیں۔
غارت گر تمہارے پکے ہُوئے
پھلوں اَور انگوروں پر ٹوٹ پڑا ہے۔
33مُوآب کے باغات اَور کھیتوں سے
خُوشی اَور شادمانی غائب ہو چُکی ہے۔
حوض میں سے مَے کا بہاؤ بندہو گیا ہے؛
اَب کویٔی خُوشی سے للکارتے ہُوئے انگور نہیں روندتا۔
حالانکہ للکاریں سُنایٔی دیتی ہیں،
لیکن وہ خُوشی کی نہیں ہیں۔
34”حِشبونؔ کی چِلّاہٹ سُن کر لوگ الیعالہؔ اَور یاہضؔ تک،
اَور ضُعَرؔ سے حُورونایمؔ اَور عگلت شیلشیاہؔ تک بھی،
اُن کے روتے ہُوئے بھاگنے کی صدائیں سُنائی دے رہی ہیں
کیونکہ نِمریمؔ کے چشمے تک خشک ہو گئے ہیں۔
35مُوآب میں جو لوگ اُونچے مقامات پر نذرانے پیش کرتے ہیں
اَور اَپنے معبُودوں کے سامنے بخُور جَلاتے ہیں اُن کا مَیں خاتِمہ کر دُوں گا،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
36”اِس لیٔے مُوآب کی خاطِر میرا دِل گویا بانسری کی مانند نوحہ کرتا ہے؛
وہ قیرؔ حارسیتھؔ کے لوگوں کے لیٔے شہنائی کی طرح ماتم کرتا ہے۔
کیونکہ اُن کا فراواں ذخیرہ تلف ہو گیا ہے۔
37ہر سَر مونڈا ہُواہے
اَور ہر داڑھی کاٹ ڈالی گئی ہے؛
ہر ہاتھ زخمی ہے
اَور ہر کمر پر ٹاٹ لپٹا ہُواہے۔
38مُوآب کے تمام گھروں کی چھتوں پر
اَور اُس کے تمام چوراہوں پر
ماتم کے سِوا کچھ نہیں ہے
کیونکہ مَیں نے مُوآب کو
ایک ناکارہ صُراحی کی مانند توڑ ڈالا ہے،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
39”وہ کس قدر خستہ حال ہے اَور ماتم کرتا ہے،
مُوآب کیسے شرم سے اَپنی پیٹھ پھیر لیتا ہے،
مُوآب اَپنے اِردگرد کے تمام لوگوں کے لیٔے،
مذاق اَور خوف کا باعث بَن گیا ہے۔“
40یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”دیکھ ایک عُقاب نیچے کی طرف جھپٹ رہاہے،
اَور مُوآب کے اُوپر اَپنے پر پھیلا رہاہے۔“
41قِریوتؔ شہر تسخیر کئے جایٔیں گے
اَور قلعوں پر دُشمن کا قابض ہو جائے گا۔
اُس دِن مُوآب کے جنگجو فَوجیوں کے دِل
زچّہ عورت کے دِل کی مانند ہوں گے۔
42مُوآب اَیسا نِیست و نابود ہوگا گویا اَب وہ کوئی قوم ہی نہیں،
کیونکہ اُس نے یَاہوِہ کے خِلاف سربُلند کیا۔
43اَے مُوآب کے لوگوں!
خوف اَور گڑھا اَور پھندے تمہارے منتظر ہیں،
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
44”جو خوف سے بچ کر بھاگے گا،
وہ گڑھے میں گِرے گا،
اَورجو گڑھے میں سے نکل پایٔےگا
وہ پھندے میں پھنس جائے گا؛
کیونکہ مَیں مُوآب پر
سزائے بَرس لاؤں گا،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
45حِشبونؔ کے سایہ میں،
پناہ گیر بے تاب کھڑے ہیں،
کیونکہ حِشبونؔ میں سے آگ،
اَور سیحونؔ کے درمیان سے ایک شُعلہ نِکلا ہے؛
جو مُوآبیوں کی پیشانیوں کو،
اَور فسادیوں کی کھوپڑیوں کو جَلا ڈالے گا۔
46اَے مُوآب، تُم پر ہائے!
کموشؔ کے لوگ نِیست و نابود ہو گئے؛
تمہارے فرزند جَلاوطن کر دئیے گیٔے
اَور تمہاری بیٹیاں اسیری میں چلی گئیں۔
47”باوُجُود اِس کے مَیں آنے والے دِنوں میں،
مُوآب کو بحال کروں گا،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
مُوآب کی سزا یہیں ختم ہوتی ہے۔
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 48: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.