یرمیاہؔ 49

49
عمُّون کے متعلّق نبُوّت
1بنی عمُّون کے متعلّق،
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”کیا بنی اِسرائیل کے بیٹے نہیں ہیں؟
کیا بنی اِسرائیل کا کویٔی وارِث نہیں ہے؟
پھر مولکؔ نے گادؔ پر کیوں قبضہ کر لیا؟
مولکؔ کے لوگ گادؔ کے شہروں میں کیوں رہتے ہیں؟
2لیکن وہ دِن آ رہے ہیں،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں،
”جَب مَیں عمُّونیوں کے ربّہؔ شہر کے خِلاف،
جنگ کی للکار سُناؤں گا؛
تَب وہ کھنڈروں کا ڈھیر بَن جائے گا
اَور اُس کے گِردونواح کے دیہات میں آگ لگا دی جائے گی۔
یَاہوِہ فرماتے ہیں،
تَب بنی اِسرائیل اُن لوگوں کو کھدیڑ دے گا،“
جنہوں نے اُسے کھدیڑ دیا تھا۔
3”اَے حِشبونؔ ماتم کر کہ عَیؔ تباہ کر دیا گیا!
اَے ربّہؔ کے باشِندوں، چِلّاؤ!
ٹاٹ پہن کر ماتم کرو؛
دیواروں کے اَندر اِدھر اُدھر دَوڑو،
کیونکہ مولکؔ اَپنے کاہِنوں اَور حاکموں کے ساتھ،
جَلاوطن کیا جائے گا۔
4تُم اَپنی وادیوں پر، خصوصاً اَپنی پھلدار وادیوں پر،
اِس قدر کیوں فخر کرتی ہو؟
اَے بےوفا عمُّون کی بیٹی،
تُم اَپنی دولت پر توکّل کرتی اَور کہتی ہو،
’مُجھ پر کون حملہ کر سکےگا؟‘
5مَیں تمہارے چاروں طرف کے سَب باشِندوں کی طرف سے،
تُم پر خوف طاری کروں گا،“
یہ خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”تُم سَب ہانکے جاؤگے،
اَور پناہ گیروں کو کویٔی جمع نہ کر پایٔےگا۔
6”مگر، اُس کے بعد مَیں عمُّونیوں کو پھر سے بحال کر دُوں گا۔“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
اِدُوم کے متعلّق پیغام
7اِدُوم کے متعلّق نبُوّت:
قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”کیا تیمانؔ میں دانشمندی نہ رہی؟
کیا عالِموں کی مصلحت جاتی رہی؟
کیا اُن کی حِکمت نابود ہو گئی ہے؟
8اَے دِدانؔ کے باشِندوں،
پلٹو اَور بھاگو اَور گہرے غاروں میں چھُپ جاؤ،
کیونکہ جَب مَیں عیسَوؔ کو سزا دینے لگوں گا،
تَب اُس پر بڑی آفت نازل کروں گا۔
9اگر انگور توڑنے والے تمہارے پاس آتے،
تو کیا وہ کچھ انگور چھوڑ نہ جاتے؟
اگر رات کو چور آ جایٔیں،
تو کیا وہ جِتنا چاہتے اُتنا مال لَوٹ کر نہ لے جائیں گے؟
10لیکن مَیں عیسَوؔ کو بالکُل ننگا کر دُوں گا؛
میں اُس کے چھُپنے کی جگہوں کو ظاہر کر دُوں گا،
تاکہ وہ اَپنے آپ کو چھُپا نہ سکے۔
اُس کے مُسلّح فَوجی، رشتہ دار اَور ہمسائے نِیست و نابود ہو جایٔیں گے،
تاکہ یہ کہنے کو کوئی زندہ نہ رہے گا،
11’اَپنے یتیموں کو یہیں چھوڑ جاؤ؛ مَیں اُنہیں زندہ رکھّوں گا۔
تمہاری بیوائیں بھی مُجھ پر اِعتماد کر سکتی ہیں۔‘ “
12یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”دیکھو، جو سزاوار نہ تھے کہ یہ پیالہ پیئیں لیکن اُنہیں پیالہ پینا پڑا، پھر کیا تُم بے سزا چھُوٹ جاؤگے؟ نہیں، تُم ہرگز بے عیب اَور بے سزا نہ چھوڑے جاؤگے بَلکہ تُمہیں وہ پیالہ ضروُر پینا ہوگا۔ 13کیونکہ مَیں نے اَپنی ذات کی قَسم کھائی ہے،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”بُضراؔہ اَیسا تباہ ہو جائے گا کہ لوگ اُس پر حیرت، ملامت اَور لعنت کریں گے اَور اُس کے تمام شہر ہمیشہ کے لیٔے ویران ہو جایٔیں گے۔“
14مُجھے یَاہوِہ کی جانِب سے ایک پیغام مِلا ہے؛
مُختلف قوموں کے پاس یہ اعلان کرنے کو ایک قاصِد بھیجا گیا ہے کہ،
”اُس پر حملہ کرنے کے لیٔے جمع ہو جاؤ!
جنگ کے لیٔے تیّار ہو جاؤ!“
15”دیکھو، اَب مَیں نے تُمہیں مُختلف قوموں کے درمیان چھوٹا،
اَور لوگوں میں ذلیل کر دیا ہے۔
16اَے چٹّانوں کی دراڑوں میں،
اَور پہاڑوں کی چوٹیوں پر رہنے والی،
تمہاری ہیبت اَور تمہارے دِل کے غُرور نے،
تُمہیں فریب دیا ہے۔
اگرچہ تُم عُقاب کی مانند بُلندی پر اَپنا گھونسلہ کیوں نہ بنالو،
تو بھی مَیں تُمہیں وہاں سے بھی نیچے پٹک دُوں گا،“
یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
17”اِدُوم حیرت کا مقام بَن جائے گا؛
اَور اُس کے نزدیک سے گزرنے والے سَب لوگ حیران ہوں گے،
اَور اُس کے تمام زخموں کے باعث،
اُس کا مذاق اُڑائیں گے۔
18جِس طرح سدُومؔ اَور عمورہؔ،
اَپنے ہمسائے شہروں کے ساتھ غارت کئے گیٔے،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے،
”اُسی طرح مُلکِ اِدُوم میں کویٔی بشر نہ رہے گا،
اَور نہ ہی لوگ وہاں بسیں گے۔
19”دیکھو، وہ یردنؔ کے گھنے جنگلوں میں سے شیر کی مانند نکل کر
سرسبز چراگاہوں پر حملہ کرےگا،
اَور مَیں اِدُوم کو پل بھر میں اُس کے مُلک سے بے دخل کر دُوں گا،
وہ کون برگُزیدہ شخص ہے جسے مَیں اِدُوم پر سردار مُقرّر کروں گا؟
کیونکہ مُجھ سا کون ہے اَور کون مُجھ پر مُقدّمہ چلا سَکتا ہے؟
اَور کون سا چرواہا میرے مقابل کھڑا ہو سَکتا ہے؟“
20چنانچہ سُنو کہ یَاہوِہ نے اِدُوم کے خِلاف کیا منصُوبہ بنایا ہے،
اَور تیمانؔ کے باشِندوں کے خِلاف اُس کا اِرادہ کیا ہے؟
گلّے کے بچّے گھسیٹے جایٔیں گے؛
اَور وہ اُن کی چراگاہ کو خُود اُن کی اَپنی وجہ سے بالکُل تباہ کر دے گا۔
21اُن کے گرنے کی آواز سے زمین کانپ اُٹھے گی؛
اَور اُن کے چیخنے کی آواز بحرِقُلزمؔ تک گونجے گی۔
22دیکھو، وہ ایک عُقاب کی طرح پرواز کرےگا اَور نیچے تیزی سے جھپٹّا مارے گا،
اَور اَپنے پر بُضراؔہ کے خِلاف پھیلائے گا۔
اُس دِن اِدُوم کے جنگجو فَوجیوں کے دِل،
ایک زچّہ عورت کے دِل کی مانند ہوں گے۔
دَمشق کے متعلّق نبُوّت
23دَمشق کے متعلّق:
”حماتؔ اَور ارفادؔ دہشت زدہ ہیں،
کیونکہ اُنہُوں نے بُری خبر سُنی ہے۔
اُن کا دِل ٹوٹ گیا ہے،
اَور وہ ایک بےچین سمُندر کی مانند پریشان ہیں۔
24دَمشق کمزور ہو گیا ہے،
اَور بھاگنے کے لیٔے پلٹ گیا ہے
اَور گھبراہٹ نے اُسے اَپنی لپیٹ میں لے لیا ہے
تکلیف اَور خوف نے اُسے پکڑ لیا ہے،
گویا زچّہ کی مانند سخت درد۔
25وہ نامور شہر جِس سے مُجھے شادمانی ہوتی ہے،
اُسے ترک کیوں کر دیا گیا؟
26یقیناً اُس کے جواں مَرد گلیوں میں گِر جایٔیں گے؛
اَور اُس کے تمام جنگجو فَوجی اُس دِن قتل کر دئیے جایٔیں گے،“
یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
27”میں دَمشق کی دیواروں کو آگ لگا دُوں گا؛
جو بِن ہددؔ کے شاہی محلوں کو بھسم کر دے گی۔“
قیدارؔ اَور حَصورؔ کے متعلّق نبُوّت
28قیدارؔ اَور حَصورؔ کی سلطنتوں کے متعلّق نبُوّت جِن پر شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ نے شِکست دی تھی:
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”اُٹھو اَور قیدارؔ پر حملہ کرو
اَور اہلِ مشرق کے لوگوں کو تباہ کر دو۔
29اُن کے خیمے اَور گلّے لُوٹ لیٔے جایٔیں گے؛
اُن کے پناہ گاہ اَور تمام گھر کے اَسباب،
اَور اُونٹوں کو چھین لیا جائے گا۔
تَب وہ ایک دُوسرے سے چِلّا چِلّا‏‏‏‏کر کہیں گے،
’ہمارے چاروں طرف خوف ہی خوف ہے۔‘
30”اَے حَصورؔ کے باشِندوں،
جلدی سے بھاگ جاؤ اَور گہرے غاروں میں جا بسو،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”نبوکدنضرؔ، شاہِ بابیل نے تمہارے خِلاف منصُوبہ بنایا ہے؛
اُس نے تمہارے خِلاف مشورت کی ہے۔
31”اُٹھو اَور اُس قوم پر حملہ کرو،
جو بے خوف اَور مُکمّل طور پر بحِفاظت رہتے ہیں،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”اِس قوم کے نہ تو پھاٹک ہیں اَور نہ فصیلیں؛
یہ لوگ خطرے سے بے خوف اَور بالکُل محفوظ رہتے ہیں۔
32اُن کے اُونٹ مالِ غنیمت ہوں گے،
اَور اُن کے بے شُمار ریوڑ مالِ غنیمت ہوں گے۔
جو دُور دُور بسے ہُوئے ہیں اُنہیں مَیں ہَوا میں اُڑا کر پراگندہ کروں گا
اَور چاروں طرف سے اُن پر آفت لاؤں گا،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
33”حَصورؔ گیدڑوں کا مَسکن بَن جائے گا،
جو ہمیشہ کا ویرانہ ہوگا۔
وہاں نہ کویٔی اِنسان رہے گا؛
اَور نہ کویٔی قوم سکونت کرےگی۔“
عیلامؔ کے متعلّق نبُوّت
34شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع میں عیلامؔ کے متعلّق یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ نبی پر نازل ہُوا:
35قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”دیکھو، مَیں عیلامؔ کی کمان توڑ ڈالُوں گا،
جِس پر اُس کی قُوّت کا دارومدار ہے۔
36مَیں عیلامؔ کے خِلاف آسمان کے چاروں سمت سے
چاروں ہوایٔیں لے آؤں گا؛
اَور اُنہیں اُن چاروں ہواؤں کی سمت میں اِس قدر پراگندہ کروں گا کہ،
اَیسی کویٔی قوم نہ ہوگی،
جِس میں عیلامی لوگ جَلاوطن ہوکر نہ پہُنچیں گے۔
37مَیں عیلامؔ کو اُس کے جانی دُشمنوں،
اَور مُخالفوں کے سامنے پراگندہ کر دُوں گا؛
مَیں اُن پر بُلا نازل کروں گا،
اَور اَپنے قہر شدید میں عیلامؔ پر بڑی آفت نازل کروں گا،“
یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”مَیں اُن کا خاتِمہ ہونے تک
تلوار سے اُن کا تعاقب کروں گا۔
38مَیں عیلامؔ میں اَپنا تخت قائِم کروں گا،
اَور اُس کے بادشاہ اَور حاکموں کو ختم کر دُوں گا،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
39”پھر بھی آخِری دِنوں میں،
مَیں عیلامؔ کو جَلاوطنی سے واپس لاؤں گا،“
یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 49: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in