قُضاۃ 4
4
دبورہؔ
1اہُودؔ کی موت کے بعد بنی اِسرائیل پھر سے اَیسے کام کرنے لگے جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرے تھے۔ 2اِس لیٔے یَاہوِہ نے اُنہیں کنعانؔ کے ایک بادشاہ یابینؔ کے ہاتھ بیچ دیا جو حَصورؔ میں حُکمران تھا۔ اُس کے فَوج کا سپہ سالار سیسؔرا تھا جو حرُوشیت ہگّوئیمؔ میں رہتا تھا۔ 3چونکہ اُس کے پاس نَو سَو آہنی رتھ تھے اَور اُس نے بیس سال تک بنی اِسرائیل پر بڑا ظُلم و سِتم کیا تھا اِس لیٔے اُنہُوں نے یَاہوِہ سے اِمداد کے لیٔے فریاد کی۔
4اُس وقت لفیدوتؔ کی بیوی دبورہؔ جو نبیّہ تھی بنی اِسرائیل کی عدالت کیا کرتی تھی۔ 5وہ اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں رامہؔ اَور بیت ایل کے درمیان دبورہؔ کے کھجور کے درخت کے نیچے بیٹھ کر اِنصاف کیا کرتی تھی اَور بنی اِسرائیل اُس کے پاس اَپنے مُقدّموں کے فیصلوں کے لیٔے آتے تھے۔ 6اُس نے نفتالی کے قِدِشؔ سے اَبی نُوعمؔ کے بیٹے بَراقؔ کو بُلایا اَور اُس سے کہا، ”یَاہوِہ اِسرائیل کا خُدا تُجھے حُکم دیتاہے ’تُو جا کر نفتالی اَور زبُولُون کے دس ہزار افراد کو اَپنے ساتھ لے اَور کوہِ تبورؔ پر چڑھنے میں اُن کی رہنمائی کر۔ 7میں یابینؔ کے لشکر کے سردار سیسؔرا کو اُکسا کر اُس کے رتھوں اَور فَوج سمیت قیشونؔ ندی پر لے آؤں گا اَور اُسے تیرے ہاتھوں میں دے دُوں گا۔‘ “
8بَراقؔ نے اُس سے کہا، ”اگر تُم میرے ساتھ چلوگی تو میں جاؤں گا لیکن اگر تُم میرے ساتھ نہیں چلوگی تو میں نہیں جاؤں گا۔“
9دبورہؔ نے کہا، ”بہتر ہے، مَیں تیرے ساتھ چلُوں گی لیکن جِس طرح تُم اِس مُعاملہ کو نپٹا رہے ہو تُجھے کویٔی اِعزاز حاصل نہ ہوگا کیونکہ یَاہوِہ سیسؔرا کو ایک عورت کے حوالہ کرےگا۔“ پس دبورہؔ بَراقؔ کے ساتھ قِدِشؔ کو گئی 10جہاں بَراقؔ نے قِدِشؔ کے لئے زبُولُون اَور نفتالی کو بُلایا۔ دس ہزار آدمی اُس کے پیچھے پیچھے چلے اَور دبورہؔ بھی اُس کے ساتھ گئی۔
11اَور حِبرؔ قینیؔ نے دُوسرے قینیوں سے جو مَوشہ کے سالی ضعنِنّیمؔ حوبابؔ کی نَسل سے تھے الگ ہوکر قِدِشؔ کے قریب ضعنِنّیمؔ میں بلُوط کے درخت کے پاس اَپنا ڈیرا ڈال لیا تھا۔
12جَب سیسؔرا کو پتہ لگاکہ اَبی نُوعمؔ کا بیٹا بَراقؔ کوہِ تبورؔ پر چڑھ گیا ہے 13تو سیسؔرا نے اَپنے نَو سَو آہنی رتھوں اَور حرُوشیت ہگّوئیمؔ سے لے کر قیشونؔ ندی تک کے سبھی مَردوں کو ایک جگہ جمع کیا۔
14تَب دبورہؔ نے بَراقؔ سے کہا، ”جا! یہی وہ دِن ہے جِس میں یَاہوِہ نے سیسؔرا کو تیرے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ کیا یَاہوِہ تیرے آگے نہیں گئے ہیں؟“ لہٰذا بَراقؔ کوہِ تبورؔ سے نیچے اُترا اَور وہ دس ہزار مَرد اُس کے پیچھے پیچھے گیٔے۔ 15جَیسے ہی بَراقؔ آگے بڑھا یَاہوِہ نے سیسؔرا اَور اُس کے رتھوں اَور لشکر کو تلوار سے پسپا کر دیا اَور سیسؔرا اَپنا رتھ چھوڑکر پیدل ہی بھاگ نِکلا۔
16لیکن بَراقؔ نے رتھوں اَور لشکر کا حرُوشیت ہگّوئیمؔ تک تعاقب کیا۔ سیسؔرا کا سارا لشکر تلوار سے مارا گیا اَور ایک آدمی بھی باقی نہ بچا۔ 17البتّہ سیسؔرا حِبرؔ قینیؔ کی بیوی یاعیلؔ کے خیمہ تک پیدل بھاگ گیا کیونکہ حَصورؔ کے بادشاہ یابینؔ اَور حِبرؔ قینیؔ کے گھرانے کے درمیان دوستانہ تعلّقات تھے۔
18یاعیلؔ سیسؔرا سے مِلنے باہر چلی گئی اَور اُس سے کہنے لگی، ”آ اَے میرے آقا، اَندر آ جا اَور مت ڈر۔“ چنانچہ وہ اُس کے خیمہ میں داخل ہو گیا اَور اُس نے اُسے کمبل اوڑھا دیا۔
19اُس نے کہا، ”میں پیاسا ہُوں۔ مُجھے تھوڑا سا پانی پلا دے۔“ اُس نے دُودھ کا مشکیزہ کھول کر اُسے پِلایا اَور اُسے پھر سے کمبل اوڑھا دیا۔
20اُس نے یاعیلؔ سے کہا، ”خیمہ کے دروازہ میں کھڑی ہو جا اَور اگر کویٔی شخص آکر تُجھ سے پُوچھے، ’یہاں کویٔی مَرد ہے؟‘ تو تُم کہنا، ’کویٔی بھی نہیں ہے۔‘ “
21لیکن حِبرؔ کی بیوی یاعیلؔ نے خیمہ کی ایک میخ اَور ہتھوڑا اُٹھایا اَور دبے پاؤں اُس کے پاس گئی جَب کہ وہ تھکاوٹ کے مارے گہری نیند سو رہاتھا۔ اُس نے پُوری طاقت سے وہ میخ اُس کی کنپٹی میں ٹھونک دی اَور وہ میخ اُس کی کنپٹی سے پار ہوکر زمین میں گھُس گئی اَور وہ مرگیا۔
22بَراقؔ سیسؔرا کا تعاقب کرتا ہُوا وہاں آیا اَور یاعیلؔ اُسے مِلنے کے لیٔے باہر گئی۔ اُس نے کہا، ”اِدھر آ، مَیں تُجھے وہ شخص دِکھاؤں گی جسے تُو ڈھونڈ رہاہے۔“ لہٰذا وہ اُس کے ساتھ اَندر گیا اَور دیکھا کہ سیسؔرا مَرا پڑا ہے اَور خیمہ کی میخ اُس کی کنپٹی میں گھُسی ہُوئی ہے۔
23اُس دِن یَاہوِہ نے کنعانی بادشاہ یابینؔ کو بنی اِسرائیل کے سامنے مغلُوب کیا۔ 24اَور بنی اِسرائیل کا ہاتھ کنعانی بادشاہ یابینؔ کے خِلاف روز بروز مضبُوط ہوتا گیا یہاں تک کہ اُنہُوں نے اُس کا نام و نِشان مٹا دیا۔
موجودہ انتخاب:
قُضاۃ 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.