YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 3

3
1یَاہوِہ نے اُن قوموں کو رہنے دیا تاکہ اُن سَب اِسرائیلیوں کو آزمائے جو کنعانؔ میں کسی لڑائی میں شریک نہ ہُوئے تھے۔ 2(اُس نے یہ محض اِس لیٔے کیا کہ بنی اِسرائیل کی جِن نَسلوں کو لڑنے کا تجربہ نہ تھا اُنہُوں نے جنگ و جدل کا طریقہ سِکھایا جائے): 3فلسطینیوں کے پانچوں سردار، سَب کنعانی، صیدونی اَور کوہِ بَعل حرمُونؔ سے لے کر لیبو حماتؔ کے مدخل تک لبانونؔ کی پہاڑیوں میں بسنے والے سبھی حِوّی وہیں رہے۔ 4اُنہیں اِس لیٔے رہنے دیا گیا تاکہ اُن کے ذریعہ اِسرائیلیوں کی آزمائش ہو کہ وہ یَاہوِہ کے اُن اَحکام کو مانیں گے یا نہیں جو اُس نے مَوشہ کی مَعرفت اُن کے آباؤاَجداد کو دئیے تھے۔
5سو بنی اِسرائیل کنعانیوں، حِتّیوں، امُوریوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کے درمیان بس گیٔے۔ 6وہ اُن کی بیٹیوں سے بیاہ کرتے اَور اَپنی بیٹیاں اُن کے بیٹوں کو دیتے تھے اَور اُن کے معبُودوں کی پرستش کرتے تھے۔
عتنی ایل
7بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی۔ وہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کو بھُول گیٔے اَور بَعل معبُودوں اَور اشیراہؔ کی پرستش کرنے لگے۔ 8یَاہوِہ کا غضب اِسرائیلیوں پر بھڑکا اَور اُس نے اُنہیں ارام نحرائیمؔ یعنی مسوپتامیہؔ کے بادشاہ کوشن رِسعتیمؔ کے ہاتھوں بیچ ڈالا۔ لہٰذا بنی اِسرائیل آٹھ بَرس تک اُس کے مطیع رہے۔ 9لیکن جَب بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ سے فریاد کی تو اُس نے اُن کے لیٔے ایک رِہائی دینے والا برپا کیا جو کالبؔ کے چُھوٹے بھایٔی قِنٰز کا بیٹا عتنی ایل تھا جِس نے اُنہیں رہا کیا۔ 10یَاہوِہ کا رُوح اُس پر نازل ہُوا جِس سے وہ اِسرائیل کا قاضی بَن گیا اَور لڑنے کے لیٔے نِکلا پڑا۔ یَاہوِہ نے ارام کے بادشاہ کوشن رِسعتیمؔ کو عتنی ایل کے حوالہ کر دیا اَور وہ اُس پر غالب آ گیا۔ 11اِس طرح سے مُلک میں قِنٰز کے بیٹے عتنی ایل کی وفات تک چالیس بَرس اَمن قائِم رہا۔
اہُودؔ
12ایک بار پھر بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی اَور اُن کی بدی کی وجہ سے یَاہوِہ نے مُوآب کے بادشاہ عِگلونؔ کو اِسرائیل پر حاوی کر دیا۔ 13عِگلونؔ بنی عمُّون اَور بنی عمالیق کو اَپنے ساتھ لے کر آیا اَور اِسرائیل پر حملہ کرکے کھجوروں کے شہر#3‏:13 کھجوروں کے شہر یعنی یریحوؔ پر قبضہ کر لیا۔ 14بنی اِسرائیل اٹھّارہ بَرس تک مُوآب کے بادشاہ عِگلونؔ کے مطیع رہے۔
15پھر بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ سے فریاد کی اَور اُس نے بِنیامین کے گھرانے کے ایک فرد گیراؔ کے بیٹے اہُودؔ کو جو اَپنے بائیں ہاتھ سے کام لینے کا عادی تھا اُن کا رِہائی دینے والا مُقرّر کیا۔ بنی اِسرائیل نے اُسی کے ہاتھ مُوآب کے بادشاہ عِگلونؔ کو عطیات روانہ کئے۔ 16اہُودؔ نے تقریباً ڈیڑھ فُٹ لمبی دو دھاری تلوار بنائی جسے اُس نے اَپنے جامے کے نیچے داہنی ران پر باندھ لیا۔ 17اُس نے وہ خراج مُوآب کے بادشاہ عِگلونؔ کی خدمت میں پیش کئے جو نہایت ہی موٹا آدمی تھا۔ 18جَب اہُودؔ خراج پیش کر چُکا تو اُس نے عطیات اُٹھاکر لانے والے خادِموں کو رخصت کیا۔ 19اَور خُود پتّھر کی اُس کان سے جو گِلگالؔ کے نزدیک تھی مُڑ کر بادشاہ کے پاس عِگلونؔ لَوٹ آیا اَور کہنے لگا، ”اَے بادشاہ! میرے پاس تیرے لیٔے ایک خُفیہ پیغام ہے۔“
بادشاہ نے اَپنے خدمت گاروں سے کہا، ”ہمیں چھوڑ دو!“ اَور وہ سَب چلےگئے ابھی کچھ نہ کہہ۔
اِس پر بادشاہ کے سَب خدمت گزار جو اُس کے پاس تھے دُور چلے گیٔے۔
20بادشاہ اَپنے ہوادار محل کے بالاخانہ میں اکیلا بیٹھا ہُوا تھا۔ اہُودؔ نے اُس کے قریب جا کر کہا، ”میں خُدا کی طرف سے تیرے لیٔے پیغام لایا ہُوں۔“ جُوں ہی بادشاہ اَپنی نشست سے اُٹھا 21اہُودؔ نے اَپنا بایاں ہاتھ بڑھایا اَور اَپنی داہنی ران سے تلوار کھینچ کر اُسے بادشاہ کی توند میں گھونپ دیا یہاں تک کہ اُس کی نوک دُوسری طرف جا نکلی 22بَلکہ پھل کے پیچھے کا قبضہ بھی زخم میں دھنس گیا۔ اہُودؔ نے تلوار واپس نہ کھینچی اَور چربی اُس کے پھل کے اُوپر لپٹ گئی۔ 23تَب اہُودؔ برامدے میں نکل آیا اَور بالاخانہ کے دروازوں کو بند کرکے اُن میں قُفل لگا دیا۔
24جَب وہ چلا گیا تو خادِموں نے آکر دیکھا کہ بالاخانہ کے دروازے مُقفّل ہیں۔ وہ کہنے لگے، ”وہ ضروُر مکان کے اَندرونی کمرہ میں حاجت رفع کر رہا ہوگا۔“ 25وہ باہر ٹھہرے ٹھہرے گھبرا گیٔے اَور جَب اُس نے کمرے کے دروازے نہ کھولے تَب اُنہُوں نے کُنجی لی اَور اُنہیں کھولا اَور دیکھا کہ اُن کا آقا زمین پر مَرا پڑا ہے۔
26اَور ابھی وہ وہیں کھڑے تھے کہ اہُودؔ بھاگ نِکلا۔ وہ پتّھر کی کان کے پاس ہوتا ہُوا پناہ کے لیٔے سِعِیؔرہ میں جا پہُنچا۔ 27وہاں پہُنچ کر اُس نے اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں نرسنگا پھُونکا اَور بنی اِسرائیل اُس کے ہمراہ پہاڑیوں پر سے نیچے اُترے اَور وہ اُن کے آگے آگے چلنے لگا۔
28اُس نے اُن سے کہا، ”میرے پیچھے پیچھے چلے آؤ کیونکہ یَاہوِہ نے تمہارے دُشمنوں یعنی مُوآبیوں کو تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔“ اِس لئے وہ اُس کے پیچھے پیچھے نیچے اُترے اَور اُنہُوں نے یردنؔ کے اُن گھاٹوں پر قبضہ کر لیا جو مُوآب کی طرف تھے اَور کسی کو بھی پار اُترنے نہ دیا۔ 29اُس وقت اُنہُوں نے تقریباً دس ہزار مُوآبیوں کو جو سَب کے سَب نہایت قوی اَور بہادر تھے قتل کر ڈالا۔ اُن میں سے کویٔی بھی باقی نہ بچا۔ 30اُس دِن مُوآب بنی اِسرائیل کے مطیع اَور مُلک میں اسّی بَرس تک اَمن قائِم رہا۔
شمگرؔ
31اہُودؔ کے بعد عناتؔ کا بیٹا شمگرؔ اُٹھا جِس نے بَیل ہانکنے والی لاٹھی سے چھ سَو فلسطینی مار ڈالے۔ اُس نے بھی اِسرائیلیوں کو بچایا۔

موجودہ انتخاب:

قُضاۃ 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in