YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 2

2
بوکیمؔ میں یَاہوِہ کا فرشتہ
1یَاہوِہ کا فرشتہ گِلگالؔ سے بوکیمؔ کو گیا اَور کہنے لگا، ”میں تُمہیں مِصر سے نکال کر اُس مُلک میں لے آیا، جسے مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو دینے کی قَسم کھائی تھی۔ مَیں نے کہاتھا، ’وہ عہد جو مَیں نے تُم سے باندھا تھا میں اُسے ہرگز نہ توڑوں گا، 2اَور تُم اُس مُلک کے باشِندوں کے ساتھ کویٔی عہد نہ کروگے بَلکہ تُم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دوگے۔‘ پھر بھی تُم نے میری نافرمانی کی۔ تُم نے اَیسا کیوں کیا؟ 3اِس لیٔے اَب مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں، ’میں اُنہیں تمہارے سامنے سے نہیں ہٹاؤں گا بَلکہ وہ تمہارے پہلوؤں میں کانٹے اَور اُن کے معبُود تمہارے لیٔے پھندا ثابت ہوں گے۔‘ “
4جَب یَاہوِہ کا فرشتہ تمام بنی اِسرائیل سے یہ کہہ چُکا تو وہ لوگ چِلّا چِلّا‏‏‏‏کر رونے لگے 5اَور اُنہُوں نے اُس جگہ کا نام بوکیمؔ#2‏:5 بوکیمؔ مطلب رونے والے رکھا اَور وہاں اُنہُوں نے یَاہوِہ کے لیٔے قُربانیاں پیش کیں۔
نافرمانی اَور شِکست
6یہوشُعؔ کے بنی اِسرائیل کو رخصت کرنے کے بعد، وہ اَپنی اَپنی مِیراث میں مُلک کا قبضہ لینے کے لیٔے چلے گیٔے۔ 7یہوشُعؔ کی زندگی بھر اَور اُن بُزرگوں کی خدمت کی جو یہوشُعؔ کے بعد بھی زندہ رہے اَور اُن سَب بڑے بڑے کاموں سے واقف تھے جو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کئے تھے اِسرائیلی یَاہوِہ ہی کی عبادت کرتے رہے۔
8یَاہوِہ کا خادِم یہوشُعؔ بِن نُونؔ ایک سَو دس بَرس میں فوت ہو گئے۔ 9اَور اُنہُوں نے اُسے اُس کی مِیراث میں تِمنتھ حیریشؔ#2‏:9 تِمنتھ حیریشؔ یا تِمنت سیراؔہ میں دفن کیا جو اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں کوہِ گعشؔ کے شمال میں واقع ہے۔
10جَب وہ ساری پُشت اَپنے آباؤاَجداد سے جا مِلی تو ایک اَور پُشت پیدا ہُوئی جو نہ یَاہوِہ کو جانتی تھی اَور نہ اُس کام کو جو اُنہُوں نے اِسرائیل کے لیٔے کئے تھے۔ 11اَور بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی اَور وہ بَعل معبُودوں کی پرستش کرنے لگے۔ 12اُنہُوں نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کو ترک کر دیا جو اُنہیں مِصر سے نکال لائے تھے۔ وہ اَپنے آس پاس کے لوگوں کے مُختلف معبُودوں کی پیروی اَور پرستش کرنے لگے اَور اُنہُوں نے یَاہوِہ کے غُصّہ کو بھڑکایا۔ 13کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ کو ترک کیا اَور بَعل اَور عستوریتؔ کی خدمت کرنے لگے۔ 14یَاہوِہ کا قہر اِسرائیل پر بھڑک اُٹھا اَور اُنہُوں نے اُنہیں لُٹیروں کے حوالہ کر دیا جنہوں نے اُنہیں لُوٹنا شروع کیا اَور خُدا نے اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ بیچا جو اُن کے اِردگرد تھے اَور جِن کا وہ مُقابلہ تک نہیں کر سکتے تھے۔ 15جَب بھی اِسرائیلی لڑنے کے لیٔے جاتے تو یَاہوِہ کا ہاتھ اُنہیں شِکست دینے کے لیٔے اُن کے خِلاف اُٹھتا جَیسا کہ اُنہُوں نے اُن سے قَسم کھا کر کہاتھا۔ لہٰذا وہ بڑی مُصیبت میں گِرفتار ہو گئے۔
16پھر یَاہوِہ نے قاضی برپا کئے جنہوں نے اُنہیں غارت گروں کے ہاتھوں سے چھُڑایا۔ 17لیکن وہ اَپنے قاضیوں کی بھی نہ مانتے تھے بَلکہ اَور معبُودوں سے ناجائز تعلّقات بڑھا کر اُن کی عبادت کرتے رہے اَور بہت جلد یَاہوِہ کی فرمانبرداری کی اُس راہ سے پھر گیٔے جِس پر اُن کے آباؤاَجداد چلتے آئےتھے۔ 18جَب کبھی یَاہوِہ اُن کے لیٔے کویٔی قاضی برپا کرتے تھے تو وہ اُس قاضی کے ساتھ رہ کر اُس کے جیتے جی اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے ہاتھوں سے چھُڑاتے رہتے تھے کیونکہ جَب وہ ظالموں اَور اَذیّت پہُنچانے والوں کی سختیوں سے تنگ آکر کراہتے تو یَاہوِہ کو اُن پر ترس آتا تھا۔ 19لیکن جَب وہ قاضی مَرجاتا تو لوگ پھر سے غَیر معبُودوں کی پیروی کرکے اُن کی خدمت اَور عبادت میں مصروف ہوکر اَیسی راہوں پر لَوٹ جاتے جو اُن کے آباؤاَجداد کی راہوں سے بھی بدتر تھیں۔ وہ اَپنی بُری روِشوں اَور سرکش راہوں کو چھوڑنے پر آمادہ نہ ہُوئے۔
20اِس لیٔے یَاہوِہ بنی اِسرائیل سے بےحد خفا ہُوئے اَور کہا، ”چونکہ اِس قوم نے اُس عہد کو توڑا ہے جو مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد سے باندھا تھا اَور میری بات نہیں مانی، 21اِس لیٔے جِن قوموں کو یہوشُعؔ مَرتے وقت چھوڑ گیا اُن میں سے کسی بھی قوم کو مَیں بنی اِسرائیل کے سامنے سے دُور نہیں کروں گا۔ 22میں اُنہیں اِسرائیل کی آزمائش کے لیٔے اِستعمال کروں گا اَور یہ دیکھوں گا کہ آیا وہ یَاہوِہ کی راہ پر قائِم رہ کر اَپنے آباؤاَجداد کی طرح اُس پر چلتے بھی ہیں یا نہیں۔“ 23یَاہوِہ نے اُن قوموں کو وہیں رہنے دیا اَور اُنہیں نکالنے میں جلدی نہ کی اَور اُنہیں یہوشُعؔ کے ہاتھ میں بھی نہ جانے دیا تھا۔

موجودہ انتخاب:

قُضاۃ 2: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in