YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 14

14
شِمشُونؔ کا بیاہ
1شِمشُونؔ تِمنؔہ کو گیا اَور وہاں اُس کی نظر ایک جَوان فلسطینی دوشیزہ پر پڑی۔ 2جَب وہ لَوٹا تو اَپنے والدین سے کہنے لگا، ”مَیں نے تِمنؔہ میں ایک فلسطینی عورت دیکھی ہے۔ تُم اُس سے میرا بیاہ کرا دو۔“
3اُس کے والدین نے کہا، ”کیا تیرے رشتہ داروں اَور ہماری ساری قوم میں کویٔی عورت نہیں جو تُجھے پسند ہو؟ کیا یہ ضروُری ہے کہ تُم نامختون فلسطینیوں میں سے اَپنے لیٔے بیوی لایٔے؟“
لیکن شِمشُونؔ نے اَپنے باپ سے کہا، ”میری نظروں میں وہ ہی صحیح ہے، اُسی سے میرا بیاہ کرا دے۔“ 4(اُس کے والدین کو مَعلُوم نہ تھا کہ یہ یَاہوِہ کی طرف سے ہے جو فلسطینیوں کے خِلاف بدلہ لینے کا بہانہ ڈھونڈ رہاتھا کیونکہ اُن دِنوں وہ اِسرائیلیوں پر حُکومت کرتے تھے۔)
5شِمشُونؔ اَپنے والدین کے ساتھ تِمنؔہ جا رہاتھا کہ تِمنؔہ کے تاکستانوں کے نزدیک پہُنچتے ہی ایک جَوان شیر گرجتا ہُوا اُس کی طرف آ لپکا۔ 6تَب یَاہوِہ کا رُوح اُس پر اِس قدر زور سے نازل ہُوا کہ اُس نے نہتّے ہی اُس شیر کو یُوں چیر ڈالا گویا کویٔی کسی بکری کے بچّہ کو چیر ڈالا ہو۔ لیکن اُس نے اَپنے ماں باپ سے اَپنی اِس حرکت کا ذِکر تک نہیں کیا۔ 7تَب شِمشُونؔ نے نیچے جا کر اُس عورت سے باتیں کیں اَور وہ اُسے پسند آئی۔
8کچھ دِنوں کے بعد جَب وہ اُس سے بیاہ کرنے گیا تو راہ سے ہٹ کر شیر کی لاش دیکھنے گیا اَور اُسے اُس کے لاش میں شہد کی مکھّیوں کا جھُنڈ اَور شہد کا چھتّا دِکھائی دیا 9جسے اُس نے اَپنے ہاتھوں سے نکال لیا اَور اُس کا شہد کھاتا ہُوا چل دیا۔ جَب وہ اَپنے ماں باپ سے مِلا تو اُنہیں بھی تھوڑا سا دیا اَور اُنہُوں نے بھی کھایا۔ لیکن اُس نے اُنہیں یہ نہ بتایا کہ وہ شہد اُس نے شیر کے لاش میں سے نکالا تھا۔
10تَب اُس کا باپ اُس عورت کو دیکھنے کے لیٔے گیا اَور شِمشُونؔ نے وہاں دُلہے کی طرف سے ضیافت کرنے کے رِواج کے مُطابق ضیافت کی۔ 11تِمنتھ کے لوگوں نے تیس افراد کو مُنتخب تاکہ وہ شِمشُونؔ کی رِفاقت میں رہیں۔
12شِمشُونؔ نے اُن سے کہا، ”مَیں تُمہیں ایک پہیلی سُناتا ہُوں۔ اگر تُم اِس ضیافت کے سات دِنوں میں اُسے بُوجھ کر مُجھے جَواب دوگے تو مَیں تُمہیں تیس کتانی کُرتے اَور تیس جوڑے کپڑے دُوں گا۔ 13اَور اگر تُم مُجھے جَواب نہ دے سکوگے تو تُمہیں مُجھے تیس کتانی کُرتے اَور تیس جوڑے کپڑے دینے ہوں گے۔“
اُنہُوں نے کہا، ”اَپنی پہیلی بَیان کر تاکہ ہم اُسے سُنیں!“
14اُس نے کہا،
کھانے والے میں سے کھانے کی چیز؛
اَور زبردست میں سے مٹھاس نکلی۔
تین دِن تک وہ اُس پہیلی کو ہل نہ کر سکے۔
15چوتھے دِن اُنہُوں نے شِمشُونؔ کی بیوی سے کہا، ”اَپنے خَاوند کو پھُسلا تاکہ وہ ہمیں اِس پہیلی کا مطلب سمجھائے ورنہ ہم تُجھے اَور تیرے باپ کے گھر کو آگ سے جَلا دیں گے۔ کیا تُم نے ہمیں یہاں لُوٹنے کے لیٔے مدعو کیا تھا؟“
16تَب شِمشُونؔ کی بیوی اُس کے پاس سسِکیاں بھرتی ہُوئی آئی اَور کہنے لگی، ”تُو مُجھ سے نفرت کرتا ہے! تُجھے مُجھ سے واقعی مَحَبّت نہیں ہے۔ تُونے میری قوم کے لوگوں سے پہیلی پُوچھی لیکن مُجھے اُس کا مطلب بھی نہیں بتایا۔“
اُس نے کہا، ”مَیں نے تو اَپنے ماں باپ کو بھی اِس کا مطلب نہیں بتایا تُجھے کیوں بتاؤں؟“ 17اَور ضیافت کے ساتویں دِن تک وہ اُس کے سامنے روتی رہی۔ چنانچہ ساتویں دِن آخِرکار تنگ آکر اُس نے اُسے بتا دیا اَور اُس نے اُس پہیلی کا مطلب اَپنی قوم کے لوگوں کو سمجھا دیا۔
18ساتویں دِن سُورج غروب ہونے سے قبل شہر کے لوگوں نے اُس سے کہا،
”شہد سے میٹھا اَور کیا ہوتاہے؟
اَور شیر سے زورآور اَور کون ہے؟“
شِمشُونؔ نے اُن سے کہا،
”اگر تُم میری بچھیا کو ہل میں نہ جوتتے،
تو میری پہیلی کو کبھی نہ بُوجھ پاتے۔“
19تَب یَاہوِہ کی رُوح اُس پر زور سے نازل ہُوئی اَور وہ اشقلونؔ کو گیا اَور اُن کے تیس آدمیوں کو مار ڈالا اَور اُن کا مال و اَسباب لُوٹ کر اُن کے کپڑے پہیلی پُوچھنے والوں کو دئیے۔ پھر وہ غُصّہ میں آگ بگُولہ ہوکر اَپنے باپ کے گھر چلا گیا۔ 20اَور شِمشُونؔ کی بیوی اُس کے ایک دوست کو جو اُس کی ضیافت میں شریک ہُوا تھا بیاہ دی گئی۔

موجودہ انتخاب:

قُضاۃ 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in