عزرا 1
1
خورشؔ بادشاہ کا فرمان
1اَور شاہِ فارسؔ خورشؔ کے دَورِ حُکومت کے پہلے سال میں یَاہوِہ کا وہ کلام جو یرمیاہؔ نبی کی زبانی فرمایا گیا تھا وہ پُورا ہُوا؛ یَاہوِہ نے شاہِ فارسؔ خورشؔ کے دِل کو اِس بات پر اُکسایا کہ وہ اَپنی ساری مملکت میں باضابطہ اعلان کرے اَور اِس مضمون کا فرمان جاری کروائے:
2”شاہِ فارسؔ خورشؔ یُوں کہتاہے:
” ’آسمان کے خُدا یَاہوِہ نے زمین کی تمام مملکتیں مُجھے عطا فرمائی ہیں اَور اُنہُوں نے مُجھے مُقرّر کیا ہے کہ میں یہُودیؔہ کے یروشلیمؔ میں خُدا یَاہوِہ کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کراؤں۔ 3لہٰذا اُس کی اُمّت میں سے جو کویٔی ہمارے درمیان مَوجُود ہے، خُدا اُس کے ساتھ ہو! وہ یہُودیؔہ کے شہر یروشلیمؔ چلا جائے اَور وہاں اِسرائیل کے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو تعمیر کریں۔ خُدا وُہی ہے جو یروشلیمؔ میں ہے۔ 4اَورجو لوگ یہاں یروشلیمؔ میں رہ جایٔیں وہ سَب کے سَب اُسے چاندی، سونا، سامان، مال مویشی اَور یَاہوِہ خُدا کے بیت المُقدّس کے لیٔے رضاکارانہ نذریں مُہیّا کریں۔‘ “
5تَب یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے آبائی خاندانوں کے سردار، کاہِنؔ اَور لیوی اَور ہر کویٔی جِس کے دِل میں یَاہوِہ نے تحریک پیدا کی یروشلیمؔ جانے اَور وہاں یَاہوِہ خُدا کا بیت المُقدّس تعمیر کرنے کے لیٔے تیّار ہو گئے۔ 6اُن کے تمام پڑوسیوں نے چاندی، سونا، سامان، مال مویشی، قیمتی تحائف اَور کیٔی اَور چیزیں خُوشی خُوشی مُہیّا کرکے اُن کی مدد کی۔
7شاہِ خورشؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی اُن اَشیا کی واپسی کا اعلان بھی کیا جنہیں نبوکدنضرؔ یروشلیمؔ سے لے گیا تھا اَور جنہیں اُس نے اَپنے معبُود کے ہیکل میں رکھا تھا۔ 8خورشؔ شاہِ فارسؔ نے اَپنے خزانچی مترداتؔ کے ذریعہ اُن چیزوں کو منگوایا جِس نے اُنہیں گِن کر یہُوداہؔ کے حُکمراں شیس بضرؔ کے حوالہ کیا۔
9اَور اُن اَشیا کی فہرست اِس طرح تھی:
سونے کی 30 تھالیاں
چاندی کی 1,000 تھالیاں،
چاندی کی 29 چھُریاں،
10سونے کے 30 پیالے،
چاندی کے ایک جَیسے 410 پیالے
دیگر 1,000 اَشیا۔
11سونے اَور چاندی کی یہ کل اَشیا 5,400 تھیں۔
اَور جَب جَلاوطن کئے ہُوئے لوگ بابیل سے واپس یروشلیمؔ آئے تو شیس بضرؔ یہ تمام اَشیا اَپنے ساتھ لایا۔
موجودہ انتخاب:
عزرا 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.