2 تواریخ 36
36
1اَور مُلک کے لوگوں نے یُوشیاہؔ کے بیٹے یہُوآحازؔ کو اُس کے باپ کی جگہ یروشلیمؔ میں بادشاہ بنایا۔
یہُوآحازؔ شاہِ یہُودیؔہ
2یہُوآحازؔ تئیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے تین مہینے یروشلیمؔ میں سلطنت کی۔ 3شاہِ مِصر نے اُسے یروشلیمؔ میں تخت سے اُتار دیا اَور یہُودیؔہ پر ایک سَو تالنت#36:3 ایک سَو تالنت تین ہزار چار سو کِلو کے مساوی چاندی اَور ایک تالنت#36:3 ایک تالنت چونتیس کِلو سونے کا محصُول لگا دیا۔ 4تَب شاہِ مِصر نے یہُوآحازؔ کے بھایٔی اِلیاقیؔم کو یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کا بادشاہ بنا دیا اَور اِلیاقیؔم کا نام بدل کر یہُویقیمؔ رکھا۔ مگر نِکوہؔ اِلیاقیؔم کے بھایٔی یہُوآحازؔ کو پکڑکر مِصر لے گیا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ
5یہُویقیمؔ پچّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے گیارہ سال تک یروشلیمؔ پر حُکمرانی کی۔ اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ اُس کے خُدا کی نظر میں بُرا تھا۔ 6تَب شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ نے اُس پر حملہ کیا اَور اُسے بابیل لے جانے کے لیٔے کانسے کی بیڑیاں پہنا دیں۔ 7اِس کے علاوہ نبوکدنضرؔ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے کچھ ظروف بھی بابیل لے گیا اَور وہاں اُنہیں اَپنے مَندِر میں رکھ دیا۔
8یہُویقیمؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اُس کے مکرُوہ کام اَور وہ جُرم جِن کا وہ مُرتکب ہُوا سَب کے سَب مُلکِ اِسرائیل اَور مُلکِ یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کی کِتاب میں درج ہیں۔ اَور اُس کا بیٹا یہُویاکینؔ اُس کی جگہ پر بادشاہ بنا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُویاکینؔ
9یہُویاکینؔ اٹھّارہ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں تین مہینے اَور دس دِن حُکمرانی کی۔ اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔ 10اَور موسمِ بہار میں اُسے نبوکدنضرؔ بادشاہ کے حُکم سے بابیل لایا گیا اَور اُس کے ساتھ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے قیمتی ظروف بھی بابیل لایٔے گیٔے۔ اَور اُس نے یہُویاکینؔ کے چچا صِدقیاہؔ کو مُلکِ یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ پر بطور بادشاہ مُقرّر کیا۔
شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ
11جَب صِدقیاہؔ بادشاہ بنا، تَب وہ اکّیس سال کا تھا اَور اُس نے گیارہ سال تک یروشلیمؔ پر حُکمرانی کی۔ 12اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ اُس کے خُدا کی نظر میں بُرا تھا اَور اُس نے یرمیاہؔ نبی کے سامنے جنہوں نے اُسے یَاہوِہ کا کلام سُنایا تھا خُود کو حلیم نہیں کیا۔ 13اُس نے نبوکدنضرؔ بادشاہ کے خِلاف بھی بغاوت کر دی جِس نے اُسے وفادار بنے رہنے کے لئے خُدا کی قَسم کھِلائی تھی۔ وہ مغروُر اَور اِس قدر پتّھر دِل ہو گیا کہ بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی طرف بھی رُجُوع نہ ہُوا۔ 14اِس کے علاوہ کاہِنوں کے تمام سرداروں اَور لوگوں نے دیگر اَقوام کے نفرتی دستوروں کی پیروی کرکے بڑی دغا کی اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو جسے اُس نے یروشلیمؔ میں مُقدّس ٹھہرایا تھا ناپاک کر ڈالا۔
یروشلیمؔ کی تباہی
15اَور یَاہوِہ اُن کے آباؤاَجداد کے خُدا نے بار بار اُن کے پاس اَپنے پیغمبروں کے ذریعہ اَپنا پیغام بھیجا کیونکہ اُسے اَپنے لوگوں اَور اَپنی قِیام گاہ پر ترس آتا تھا۔ 16لیکن اُنہُوں نے خُدا کے پیغمبروں کو ٹھٹھّوں میں اُڑایا، اُن کے کلام کی تحقیر کی اَور اُن کے پیغمبروں کی اَیسی ہنسی اُڑائی کہ یَاہوِہ کا قہر اَپنے لوگوں کے خِلاف اَیسا بھڑکا کہ حالات بے قابُو ہو گئے۔ 17چنانچہ یَاہوِہ اُن پر حملہ کرنے کو شاہِ بابیل#36:17 بابیل کچھ نُسخوں میں کَسدی بھی لِکھا ہے کو لے آئے، جِس نے اُن کے جَوانوں کو پاک مَقدِس ہی کے اَندر تلوار سے قتل کر دیا؛ اَور بادشاہ نے کسی نوجوان مَرد یا عورت، بُوڑھے اَور عمر رسیدہ کو نہ چھوڑا۔ خُدا نے اُن سَب کو نبوکدنضرؔ کے ہاتھ میں دے دیا۔ 18وہ خُدا کے بیت المُقدّس سے چُھوٹے بڑے سَب ظروف اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے خزانے اَور بادشاہ اَور اُس کے اُمرا کے خزانے بابیل لے گیا۔ 19تَب اُنہُوں نے خُدا کے بیت المُقدّس کو آگ لگا دی اَور یروشلیمؔ کی فصیلوں کو ڈھا دیا اَور اُنہُوں نے تمام شاہی محلوں اَور تمام مضبُوط عمارتوں کو جَلا دیا اَور وہاں کے تمام قیمتی چیزوں کو تلف کر دیا۔
20جو تلوار سے باقی بچ گیٔے تھے اُنہیں وہ بابیل لے گیا اَور وہ فارسؔ کی سلطنت کے عروج پانے تک شاہِ بابیل کی اَور اُس کے بیٹوں کی غُلامی میں رہے۔ 21یُوں یَاہوِہ کا کلام جو یرمیاہؔ نبی کی زبانی دیا گیا تھا وہ پُورا ہو گیا کہ زمین ستّر سال تک سَبت کا آرام پایٔے گی یعنی ویران رہے گی۔
22اَور شاہِ فارسؔ خورشؔ کے دَورِ حُکومت کے پہلے سال میں یَاہوِہ کا وہ کلام جو یرمیاہؔ نبی کی زبانی فرمایا گیا تھا وہ پُورا ہُوا؛ یَاہوِہ نے شاہِ فارسؔ خورشؔ کے دِل کو اِس بات پر اُکسایا کہ وہ اَپنی ساری مملکت میں باضابطہ اعلان کرے اَور اِس مضمون کا فرمان جاری کروائے،
23”شاہِ فارسؔ خورشؔ یُوں کہتاہے:
” ’آسمان کے خُدا یَاہوِہ نے زمین کی تمام مملکتیں مُجھے عطا فرمائی ہیں اَور اُس نے مُجھے مُقرّر کیا ہے کہ میں یہُودیؔہ کے یروشلیمؔ میں اُس کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کراؤں۔ لہٰذا تمہارے درمیان جو کویٔی بھی یَاہوِہ کے لوگوں میں سے ہے وہ وہاں جا سَکتا ہے۔ یَاہوِہ اُس کا خُدا اُس کے ساتھ ہو۔‘ “
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 36: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.