حزقی ایل 4
4
یروشلیمؔ کے محاصرہ کی علامت
1”اَب، اَے آدَمزاد، مٹّی کی ایک تختی لے اَور اُسے اَپنے اَپنے سامنے رکھ کر اُس پر یروشلیمؔ شہر کا نقشہ بنا۔ 2پھر اُس کا محاصرہ کر یعنی اُس کے مقابل بُرج بنا، وہاں تک دمدمہ باندھ، اُس کے گِرد خیمے کھڑے کرو اَور اُس کی چاروں طرف جنگی آلات نصب کر دو۔ 3تَب ایک لوہے کا توا لے اَور اُسے اَپنے اَور شہر کے درمیان شہرپناہ کے طور پر نصب کر لے اَور اَپنا مُنہ اُس کی طرف کر۔ اَب گویا وہ شہر زیرِ محاصرہ ہوگا اَور تُو محاصرہ کرنے والا ٹھہرے گا۔ یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے نِشان ٹھہرے گا۔
4”پھر تُو اَپنی بائیں کروٹ پر لیٹ جا اَور بنی اِسرائیل کا گُناہ اَپنے اُوپر رکھ لے اَور جتنے دِنوں تک تُو اَپنی کروٹ پر لیٹا رہے گا تَب تک تُو اُن کے گُناہوں کا بوجھ سہتا رہے گا۔ 5مَیں نے اُن کے گُناہوں کے سالوں کے مُطابق تیرے لیٔے دِن مُقرّر کئے ہیں اِس لیٔے تُو تین سَو نوّے دِنوں تک بنی اِسرائیل کے گُناہ کا بوجھ اُٹھائے گا۔
6”اَور جَب یہ دِن پُورے ہو جایٔیں تو دوبارہ لیٹ جا، لیکن اِس بار اَپنی داہنی کروٹ پر لیٹ اَور بنی یہُوداہؔ کے گُناہ کا بوجھ اُٹھا۔ مَیں نے ہر سال کے عوض ایک دِن کے حِساب سے چالیس دِن مُقرّر کئے ہیں۔ 7اَپنا مُنہ یروشلیمؔ کے محاصرہ کی طرف کر اَور اَپنا بازو کھول کر اُس کے خِلاف نبُوّت کر۔ 8مَیں تُجھے رسّیوں سے جکڑ دُوں گا تاکہ تُو محاصرہ کی مُدّت ختم ہونے تک کروٹ نہ بدل سکے۔
9”تُو گیہُوں اَور جَو، لوبیا اَور مسور، باجرہ اَور کٹھیا گیہُوں لے کر اُنہیں ایک بڑے مرتبان میں رکھ اَور اُن سے اَپنے لیٔے روٹیاں پکا اَور اُن تین سَو نوّے دِنوں تک جَب کہ تُو ایک کروٹ پر لیٹا رہے گا اُنہیں کھانا۔ 10تُو ہر روز کے لیٔے بیس ثاقل#4:10 بیس ثاقل تقریباً دو سَو تیس گرام غِذا تول کر رکھ اَور اُسے مُقرّرہ اوقات پر کھانا۔ 11اَور ایک ہین#4:11 ایک ہین تقریباً آدھا لیٹر کا چھٹا حِصّہ پانی بھی ناپ کر رکھنا جسے مُقرّرہ اوقات پر پینا۔ 12تُو اَپنی غِذا جَو کی روٹیوں کی مانند کھانا اَور اُسے لوگوں کی نگاہ کے سامنے اِنسان کے فُضلہ کی آگ پر پکانا۔“ 13یَاہوِہ نے فرمایا، ”اِسی طرح سے بنی اِسرائیل اِن قوموں کے درمیان جہاں میں اُنہیں ہانک دُوں گا، ناپاک غِذا کھایٔیں گے۔“
14تَب مَیں نے کہا: ”اَے یَاہوِہ قادر، اِس طرح نہیں! مَیں نے کبھی اَپنے آپ کو ناپاک نہیں کیا۔ اَپنی جَوانی سے آج تک مَیں نے کبھی اَیسی چیز نہیں دِکھائی جو مَری ہُوئی پائی گئی ہو یا جسے جنگلی جانوروں نے چیرا پھاڑا ہو۔ نہ ہی کبھی کویٔی ناپاک گوشت میرے مُنہ میں گیا ہے۔“
15تَب اُس نے فرمایا: ”بہت خُوب، مَیں تُجھے اِنسان کے فُضلہ کی بجائے، گائے کے گوبر پر اَپنی روٹی پکانے دُوں گا۔“
16اُس نے پھر مُجھ سے کہا، ”آدمؔ زاد، میں یروشلیمؔ کو اشیائے خوردنی کی رسد بند کر دُوں گا۔ تَب لوگ پریشان ہوکر غِذا بھی ناپ تول کر کھایٔیں گے اَور مایوس ہوکر پانی بھی ناپ ناپ کر پیئیں گے۔ 17کیونکہ وہاں اناج اَور پانی کی قِلّت ہوگی اَور لوگ ایک دُوسرے کو دیکھ کر گھبرا جایٔیں گے اَور اُن کے گُناہ کے باعث اُن کے جِسموں کا گوشت سُوکھ جائے گا۔
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.