حزقی ایل 3
3
1اَور اُنہُوں نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدَمزاد، تیرے سامنے جو کچھ ہے اُسے کھالے۔ اُس طُومار کو کھالے؛ تَب جا کر بنی اِسرائیل کو بتا۔“ 2چنانچہ مَیں نے اَپنا مُنہ کھولا اَور اُنہُوں نے مُجھے وہ طُومار کھانے کے لیٔے دیا۔
3تَب اُنہُوں نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدَمزاد، یہ طُومار جو مَیں تُجھے دے رہا ہُوں اِسے کھالے اَور اُس سے اَپنا پیٹ بھر لے۔“ چنانچہ مَیں نے اُسے کھا لیا اَور وہ میرے مُنہ میں شہد کی مانند میٹھا لگا۔
4پھر اُنہُوں نے مُجھ سے کہا: ”اَے آدمؔ زاد، اَب بنی اِسرائیل کے پاس جا اَور اُنہیں میرا کلام سُنا۔ 5کیونکہ تُو کسی انوکھی بولی یا مُشکل زبان بولنے والی قوم کی طرف نہیں بھیجا جا رہا بَلکہ بنی اِسرائیل ہی کی طرف بھیجا جا رہاہے 6تُو مُختلف قوموں کی طرف نہیں بھیجا جا رہاہے جِن کی بولی انوکھی اَور زبان مُشکل ہے جسے تُو سمجھ نہیں سَکتا۔ اگر مَیں تُجھے اُن کے پاس بھیجتا تو یقیناً وہ تیری باتیں سُنتے۔ 7لیکن بنی اِسرائیل تیری نہ سُنیں گے کیونکہ وہ میری باتیں سُننا ہی نہیں چاہتے کیونکہ تمام بنی اِسرائیلی سخت دِل اَور ضِدّی ہو گئے ہیں۔ 8لیکن مَیں تُجھے اُن ہی کی طرح نہ جھُکنے والا اَور سخت مِزاج بنا دُوں گا۔ 9میں تیری پیشانی کو ہیرے سے بھی زِیادہ سخت کر دُوں گا جو چقماق سے بھی سخت تر ہوتاہے۔ لہٰذا تُو اُن سے ڈر مت اَور نہ گھبرا حالانکہ وہ ایک سرکش قوم ہے۔“
10اَور اُنہُوں نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدَمزاد، غور سے سُن اَورجو کچھ مَیں تُجھ سے کہُوں اُسے دِل میں رکھ لے۔ 11اَب اَپنی قوم کے جَلاوطن لوگوں کے پاس جا اَور اُنہیں بتا۔ اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں،‘ خواہ وہ سُنیں یا نہ سُنیں۔“
12تَب رُوح نے مُجھے اُٹھالیا اَور مَیں نے اَپنے پیچھے ایک نہایت گرج دار آواز سُنی کہ یَاہوِہ کے مَسکن میں اُن کے جلال کی تمجید ہو۔ 13یہ جانداروں کے پروں کے ایک دُوسرے سے ٹکرانے کی اَور اُن کے پاس کے پہیّوں کی آواز تھی جو نہایت زور کی گڑگڑاہٹ تھی۔ 14تَب رُوح مُجھے اُٹھاکر لے گئی اَور مَیں تلخ دِل اَور آگ بگُولہ ہوکر چلا گیا اَور یَاہوِہ کا مضبُوط ہاتھ مُجھ پر بھاری تھا۔ 15اَور مَیں اُن جَلاوطنوں کے پاس آیا جو کِبارؔ نہر کے کنارے تل ابیبؔ میں رہتے تھے اَور وہاں مَیں اُن کی رہائش گاہ میں سات دِن تک اُن کے درمیان پریشان بیٹھا رہا۔
پہرےدار کی شکل میں حزقی ایل
16سات دِن کے اِختتام پر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 17”اَے آدمؔ زاد، مَیں نے تُجھے بنی اِسرائیل کا نگہبان مُقرّر کیا ہے اِس لیٔے میرا کلام سُن اَور میری جانِب سے اُنہیں آگاہ کر۔ 18جَب مَیں کسی بدکار شخص سے کہُوں، ’تُو یقیناً مَر جائے گا،‘ اَور تُو اُسے آگاہ نہ کرے یا اُسے اَپنی بُری روِش سے باز آنے کو نہ کہے تاکہ وہ اَپنی جان بچا سکے تَب وہ بدکار تو اَپنے گُناہ کے باعث مَر جائے گا اَور مَیں تُجھے اُس کے خُون کا ذمّہ دار ٹھہراؤں گا۔ 19لیکن اگر تُو اُس بدکار کو مُتنبّہ کرے اَور وہ اَپنی شرارت یا بدکاری سے باز نہ آئے تو وہ اَپنے گُناہ میں مَرے گا لیکن تُو اَپنی جان بچالے گا۔
20”اَور اگر ایک راستباز اِنسان اَپنی راستبازی چھوڑکر بدکاری پر اُتر آئے اَور مَیں اُس کے راستے میں اُس کی ٹھوکر کا پتّھر رکھ دُوں تو وہ گِر کے مَر جائے گا۔ چونکہ تُونے اُسے آگاہ نہ کیا اِس لیٔے وہ اَپنے گُناہ میں مَر جائے گا اَور اُس کی راستبازی حِساب میں نہ لائی جائے گی اَور مَیں تُجھے اُس کے خُون کا ذمّہ دار ٹھہراؤں گا۔ 21لیکن اگر تُو اُس راستباز شخص کو گُناہ کرنے سے منع کرے اَور وہ گُناہ نہ کرے تَب وہ یقیناً جئے گا کیونکہ اُس نے نصیحت کو مان لیا اَور تُونے اَپنی جان بچا لی۔“
22یَاہوِہ کا ہاتھ وہاں مُجھ پر تھا اَور اُس نے مُجھ سے کہا، ”اُٹھ اَور میدان میں چلا جا جہاں مَیں تُجھ سے کلام کروں گا۔“ 23چنانچہ میں اُٹھا اَور میدان میں چلا گیا اَور وہاں مَیں نے یَاہوِہ کے جلال کا نظارہ کیا۔ ٹھیک اُسی طرح جَیسا مَیں نے کِبارؔ نہر کے کنارے دیکھا تھا اَور مَیں مُنہ کے بَل گِر پڑا۔
24تَب رُوح مُجھ میں سما گئی اَور مُجھے پاؤں کے بَل کھڑا کرکے مُجھ سے ہم کلام ہُوئی اَور کہا: ”جا اَور اَپنے گھر کے اَندر دروازہ بند کرکے بیٹھا رہ۔ 25اَور اَے آدَمزاد، وہ لوگ تُجھے رسّیوں سے جکڑ کر باندھ دیں گے اَور تُو نکل کر اُن کے درمیان جانے نہ پایٔےگا۔ 26اَور مَیں تیری زبان کو تیرے تالُو سے چپکا دُوں گا تاکہ تُو خاموش رہے اَور اُنہیں ڈانٹنے نہ پایٔے، حالانکہ وہ سرکش خاندان ہے۔ 27لیکن جَب مَیں تُجھ سے بات کروں گا تَب میں تیرا مُنہ کھول دُوں گا اَور تُو اُن سے کہے گا، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں۔‘ جو سُنتا ہے وہ سُن لے اَورجو نہیں سُنتا وہ نہ سُنے، کیونکہ وہ سرکش قوم ہے۔
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.